بھارت کی حکومت نے پاکستانی محبت پر مبنی گانے ’’اسیں مُردہ باد نئیں کہہ سکدے، بھُل کے وی پاکستان نوں‘‘ پر پابندی عائد کر دی ہے۔
پاکستان سے محبت بھرا یہ گیت بھارتی پنجاب کی سکھ گلوکارہ زارا گل نے گایا ہے۔ پابندی کے باوجود یہ پنجابی گیت بھارت بھر میں مقبول ہو رہا ہے۔
گانے میں سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک اور پاکستان کی سرزمین کے درمیان ایک روحانی تعلق کو پیش کیا گیا ہے۔ گانے کے بول میں کہا گیا ہے کہ ’’جس دھرتی پر بابا نانک نے اپنی زندگی گزاری، اسے مردہ باد نہیں کہا جا سکتا‘‘۔
مودی حکومت نے اس گانے کو مشرقی پنجاب میں پابندی کی زد میں لایا ہے، تاہم یہ گانا یوٹیوب سمیت مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، جسے لاکھوں افراد سن اور شیئر کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھارتی اسٹیبلشمنٹ اس گانے کو ’’فالس فلیگ‘‘ کے طور پر دیکھ رہی ہے، مگر عوامی سطح پر اس گانے کو پذیرائی مل رہی ہے۔