کراچی کی سڑکوں کو بین الاقومی طرز پر بنانے کا فیصلہ۔۔ پہلے کون سی سڑک بنائی جائے گی؟

ہماری ویب  |  Apr 30, 2025

"زینب مارکیٹ سے دو تلوار تک پوری سڑک ایک ماڈل بنے گی، سیوریج سے لے کر فٹ پاتھ تک ہر چیز بہتر کی جائے گی"، یہ کہنا تھا اسسٹنٹ کمشنر جنرل ہاظم بنگوار کا، جو شہر کی سڑکوں کو نئے انداز میں ڈھالنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اُتر چکے ہیں۔

کراچی کے کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں شہر کی نمایاں سڑکوں کو عالمی معیار کے مطابق ماڈل روڈز میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت سب سے پہلے عبداللہ ہارون روڈ کو ماڈل سڑک میں بدلا جائے گا، اور اس کے بعد مرحلہ وار دیگر اہم راستے اس فہرست میں شامل کیے جائیں گے۔

اس منصوبے کی نگرانی کی ذمہ داری ہاظم بنگوار کو سونپی گئی ہے، جو اپنی تخلیقی سوچ اور منظم انداز کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق صدر، زینب مارکیٹ، کلفٹن اور دو تلوار کے درمیان سڑک مکمل طور پر نئے انداز میں ڈیزائن کی جائے گی، جہاں نہ صرف سڑک بلکہ سیوریج سسٹم، فٹ پاتھ، سٹریٹ لائٹس، سائن بورڈز اور دیگر شہری سہولتوں کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

یہ منصوبہ صرف خوبصورتی تک محدود نہیں، بلکہ شہری سہولتوں کی مکمل بہتری اس کا مرکزی ہدف ہے۔ عوامی آمد و رفت کو آسان، محفوظ اور خوشگوار بنانے کے لیے ہر پہلو پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ کراچی کی شناخت اب بے ہنگم ٹریفک اور خستہ حال سڑکوں کی بجائے ایک ترقی یافتہ شہر کے طور پر ہو۔

رواں ماہ ہی شہر کی گیارہ اہم شاہراہوں پر رکشوں کی آمدورفت پر پابندی کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہو۔ اب ماڈل روڈز کا منصوبہ اسی سلسلے کی ایک اور مثبت کڑی ہے، جس سے امید کی جا رہی ہے کہ کراچی کی گلیاں اور سڑکیں ایک نئے، منظم اور خوبصورت دور میں داخل ہوں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More