کراچی کی سڑکوں پر بڑھتی ٹریفک اور بے ہنگم رکشوں کی بھرمار کے خلاف بڑا فیصلہ آ گیا۔ ٹریفک پولیس کی سفارش پر شہر کی 11 اہم سڑکوں پر ون پلس ٹو اور ون پلس فور موٹرکیب رکشوں کی آمدورفت پر دو ماہ کی پابندی عائد کر دی گئی، جس کا آغاز 15 اپریل سے ہوچکا ہے اور یہ 14 جون تک جاری رہے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک کی درخواست پر 144 سی آر پی سی کے تحت جاری کیے گئے احکامات کے تحت شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، شہید ملت روڈ، اسٹيڈیم روڈ، اور عبداللہ شاہ غازی کے مزار سمیت کئی مرکزی راستے اب رکشوں کے لیے نو گو ایریا بن چکے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بغیر اجازت، خود ساختہ روٹس پر دوڑتے یہ رکشے نہ صرف ٹریفک جام کا باعث تھے بلکہ سڑکوں پر حادثات کے خدشے کو بھی بڑھا رہے تھے۔
کمشنر کراچی نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک پولیس اور تھانوں کو کارروائی کا مکمل اختیار دے دیا گیا ہے، خلاف ورزی کرنے والوں پر 188 پی پی سی کے تحت قانونی شکنجہ کسا جائے گا۔