روپیہ کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی

سچ ٹی وی  |  Apr 15, 2025

عالمی ادارے فچ کی جانب سے پاکستانی کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں محدود اضافہ ہوا۔

سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مارچ میں 4ارب 10کروڑ ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات موصول ہونے کے بعد آنے والے مہینوں میں ترسیلات مزید بڑھنے کی امیدوں، پاکستان کا آئی ایم ایف پروگرام پر موثر عمل درآمد، موثر پالیسیوں کی بدولت زرمبادلہ ذخائر میں بہتری کی توقعات اور نادہندگی کے خطرات ٹلنے کی پیشگوئیوں سے انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو ایک بار پھر ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں محدود اضافہ رہا۔ اس طرح سے انٹربینک اور اوپن مارکیٹ ایک دوسرے کی مخالف سمت پر گامزن رہی۔ انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ہی عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی اطلاعات زیرگردش رہیں جس سے ایک موقع پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 25پیسے کی کمی سے 280روپے 35پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔

لیکن اس دوران وقفے وقفے سے درآمدی نوعیت کی طلب آنے سے ڈالر میں بڑی نوعیت کی کمی نہ ہوسکی جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 04پیسے کی کمی سے 280روپے 56 پیسے کی سطح پر بند ہوئی ۔

اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں حج زائرین، بیرونی جامعات میں زیرتعلیم طلباء کی ڈیمانڈ کے باعث ڈالر کی قدر 03پیسے کے اضافے سے 282روپے 09 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More