بین الاقوامی ایجنسی ’فچ‘ نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کر دی

اردو نیوز  |  Apr 15, 2025

بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ’فچ‘ نے پاکستان کے معاشی آؤٹ لُک کو مستحکم قرار دیتے ہوئے اس کی کریڈٹ ریٹنگ ’ٹرپل سی پلس‘ سے بڑھا کر ’بی مائنس‘ کردی ہے جبکہ پاکستان کی مقامی کرنسی کی ریٹنگ بھی بی مائنس کر دی گئی ہے۔فچ کی جانب سے منگل کو جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ’یہ اپ گریڈنگ پاکستان کی جانب سے بجٹ کے خسارے کو کم کرنے اور معاشی اصلاحات کے تسلسل پر اعتماد کا اظہار ہے۔‘

’یہ اپ گریڈنگ اس اعتماد کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ ملک سٹرکچرل اصلاحات پر عمل درآمد کرے گا، پاکستان کی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کی کارکردگی بہتر اور فنڈنگ کی دستیابی بہتر ہوئی ہے۔‘بین الاقوامی کریڈٹ ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’اگرچہ جاری بین الاقوامی تجارتی تناؤ سے پاکستان پر بیرونی دباؤ پیدا ہو سکتا ہے، تاہم برآمدات اور مارکیٹ فنانسنگ پر کم انحصار کی وجہ سے ان خدشات کے کم ہونے کی توقع ہے۔‘وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ’بین الاقوامی کریڈٹ ایجنسی ’فچ‘ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ ’ٹرپل سی پلس‘ سے بڑھا کر ’بی مائنس‘ کرنے کیے جانے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔منگل کو ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ’فچ کی یہ ریٹنگ حکومت پاکستان کی معاشی اصلاحات پر اعتماد کا ثبوت ہے۔‘محمد اورنگزیب نے کہا کہ ’یہ اعتماد کی بحالی اور بہت خوش آئند ہے اور ہم یہ سفر جاری رکھیں گے۔‘وفاقی وزیر خزانہ کے مطابق ’یہ پاکستان کے لیے بہت اچھی خبر ہے اور میں تمام سٹیک ہولڈرز کو مبارک باد دیتا ہوں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More