پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حالیہ ناکامیوں کے بعد شائقین نے کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے سوشل میڈیا پر بھی کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔
پاکستان سپر لیگ کا دسواں ایڈیشن آج سے راولپنڈی میں شروع ہو رہا ہے جس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ تاہم بعض لوگوں کی توجہ پشاور زلمی کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو پر مرکوز ہے جس کا کرکٹ سے براہ راست تعلق نہیں۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں بشمول کپتان بابر اعظم کو رات کے کھانے پر مدعو کر رکھا ہے لیکن بعض شائقین کی توجہ کھلاڑیوں کی پلیٹوں پر جمی ہے جن کی رائے ہے کہ فٹنس کے معیار اس کی اجازت نہیں دیتے۔
پشاور زلمی کے کوچ محمد اکرم نے اس تنقید پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے یہ پوچھا کہ ’کیا اب لڑکے کھانا بھی نہ کھائیں؟‘
ویڈیو میں کیا ہے اور اس پر اعتراض کیوں؟
پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کی اس خصوصی دعوت کی ویڈیو گذشتہ روز پشاور زلمی کے ایکس اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پر جاری کی گئی تھی۔
اس میں دیکھا جا سکتا ہے ٹیم کے مالک جاوید آفریدی پہلے بابر اعظم کو پلیٹ میں کھانا ڈال کر دیتے ہیں اور پھر باقیوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانے میں شریک ہو جاتے ہیں۔
شائقین کی توجہ میز پر اس بڑے مندی کے تھال کی طرف بھی گئی جس کے گرد ملکی و غیر ملکی کھلاڑی بیٹھے تھے۔ بابر اعظم کے علاوہ ویڈیو میں محمد حارث، لوک ووڈ اور سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑی نظر آ رہے ہیں جنھوں نے روایتی شلواز قمیض اور ویسٹ کوٹ زیب تن کر رکھے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بعض لوگوں نے اس ویڈیو کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ جیسے ایک صارف نے لکھا کہ ’حیرانی کی بات نہیں کہ وہ اتنے ان فٹ کیوں ہیں۔‘
اگرچہ یہ کسی عام دعوت جیسا منظر تھا مگر انھوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ ’پاکستان کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ شروع ہو رہا ہے اور کھلاڑیوں کی پلیٹیں کاربو ہائیڈریٹس سے بھری ہوئی ہیں۔‘
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’یہ کھا کر کیا ہی فٹنس ہوگی اور کیا ہی پرفارمنس۔‘
ایک اور صارف نے اس ویڈیو کا موازنہ وراٹ کوہلی کے ڈائٹ پلان سے کیا اور کہا کہ انھوں نے ’10 سال سے تیل والا کھانا نہیں کھایا۔ اسی لیے 36 سال کی عمر میں بھی وہ دنیا کے سب سے فٹ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔‘
’کوہلی جیسا سٹائل، روہت شرما جیسی شاٹ‘: صادق آباد کی ننّھی کرکٹر سونیا خان جن کی وائرل ویڈیو کی تعریف آسٹریلیا میں بھی ہوئی’الٹی پھینک کھڑی ہو جائے گی‘: سچن سمیت بہترین بلے بازوں کو چکرانے والی گیند کے موجد کی کہانیدنیا کا ’تیز ترین‘ پاکستانی بولر جو صرف پانچ ٹیسٹ میچ ہی کھیل پایا’یہ میری زندگی کا سب سے بڑا معجزہ تھا‘: افغانستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کا ملک سے ’فلمی فرار‘
تاہم جب ہم نے اس ویڈیو پر آئے ردعمل کے حوالے سے پشاور زلمی کے کوچ محمد اکرم سے رابطہ کیا تو انھوں نے مختصراً صرف اتنا کہا کہ ’کیا لڑکے کھانا بھی نہ کھائیں؟‘
انھوں نے کہا کہ بطور کوچ ابھی وہ ان چیزوں پر دھیان نہیں دے سکتے کیونکہ ان کی توجہ پی ایس ایل کے لیے تیاریوں پر مرکوز ہے۔
اسی طرح ایک صارف شفقت ذوالفقار نے کہا کہ ’میز پر غیر ملکی کھلاڑی بھی موجود ہیں۔ کبھی کبھار کاربو ہائیڈریٹس کھانے میں کوئی ہرج نہیں۔ بس کیڑے نکالا کرو ہر بات میں۔‘
’ڈائٹ پلان سے ہٹنے سے کھلاڑیوں کی پرفارمنس متاثر ہو سکتی ہے‘
سٹیٹ بینک کے ہیڈ کوچ اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں راولپنڈی کے فیلڈنگ کوچ کی خدمات دینے والے سابق کرکٹر محمد نوید کا کہنا ہے کہ ہر ٹیم کے ساتھ فزیو اور ٹرینرز ہوتے ہیں جو کھلاڑیوں کو ڈائٹ پلان دیتے ہیں۔
بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ یہ ماہرین کھلاڑیوں کو اس حوالے سے بھی آگاہ کرتے رہتے ہیں کہ وہ کسی ڈنر یا دعوت پر کیا کھا سکتے ہیں اور چیٹ میل کے لیے بھی اپنے پلان سے کس حد تک ہٹ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’ماضی کے مقابلے یہ مختلف ہے جب صرف ایک کوچ اور مینیجر ہوا کرتا تھا اور کھلاڑیوں کو خود اپنی ڈائٹ کا خیال رکھنا پڑتا تھا۔‘
کھلاڑیوں پر تنقید کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ آج سے پی ایس ایل کے میچز شروع ہو رہے ہیں اور 12 اپریل کو پشاور زلمی اپنا پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کھیلے گی۔
انھوں نے بتایا کہ ’ویڈیو سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ٹیم کے مالک نے ڈنر پر بُلایا اب کھلاڑیوں کو پلیٹ بھر کر کھانا پڑے گا‘ مگر ان کے مطابق کھلاڑیوں کو ’یہ معلوم ہوتا ہے کہ اگر وہ اپنی ریگولر ڈائٹ سے ہٹیں گے تو ان کی پرفارمنس متاثر ہو سکتی ہے۔‘
وہ مثال دیتے ہیں کہ ’اگر میچ سے کچھ دن قبل بدقسمتی سے کسی کھلاڑی کا پیٹ خراب ہوجائے تو اس کے لیے ٹیم میں جگہ بنانا بھی مشکل ہوجاتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’چربی سے بھرپور چیزیں کھانا کھلاڑیوں کے لیے بالکل ٹھیک نہیں ہے۔‘
محمد نوین نے رمضان میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹس کی مثال دے کر بتایا کہ ’کھلاڑیوں کو سموسے پکوڑے کھانے سے سختی سے منع کیا جاتا تھا۔‘
’الٹی پھینک کھڑی ہو جائے گی‘: سچن سمیت بہترین بلے بازوں کو چکرانے والی گیند کے موجد کی کہانی’کوہلی جیسا سٹائل، روہت شرما جیسی شاٹ‘: صادق آباد کی ننّھی کرکٹر سونیا خان جن کی وائرل ویڈیو کی تعریف آسٹریلیا میں بھی ہوئیسعید انور: بولرز کے لیے ’ڈراؤنا خواب‘ بننے والے اوپنر جو عمران خان کی طرح کرکٹ کی دنیا چھوڑنا چاہتے تھے’یہ میری زندگی کا سب سے بڑا معجزہ تھا‘: افغانستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کا ملک سے ’فلمی فرار‘دنیا کا ’تیز ترین‘ پاکستانی بولر جو صرف پانچ ٹیسٹ میچ ہی کھیل پایا