نارتھ کراچی میں پیش آنے والے خوفناک ڈمپر حادثے کی سنسنی خیز فوٹیج نجی چینلز کو موصول ہوگئی، جس میں لرزہ خیز مناظر قید ہو چکے ہیں۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز رفتار ڈمپر بےرحمی سے ایک موٹر سائیکل سوار کو کچلتا ہوا آگے بڑھ رہا ہے۔ دل دہلا دینے والے لمحات میں موٹر سائیکل ڈمپر کے نیچے پھنسی نظر آتی ہے جبکہ آس پاس کے لوگ بے بسی سے یہ منظر دیکھ رہے ہیں۔
حادثے کے فوراً بعد عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، شہریوں نے ڈمپر کا تعاقب شروع کر دیا۔ کچھ افراد موٹر سائیکلوں پر جبکہ دیگر پیدل دوڑتے ہوئے نوجوان کو بچانے کی کوشش کرتے رہے۔
خوف اور غصے کی لہر، 10 گاڑیاں جلا دی گئیں
اس اندوہناک واقعے نے پورے علاقے میں اشتعال کی آگ بھڑکا دی۔ مشتعل عوام نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو نارتھ کراچی کے مختلف مقامات پر ٹرک اور ڈمپرز کو نذر آتش کر دیا۔ پاور ہاؤس کے قریب پانچ ڈمپروں کو جلا دیا گیا، جبکہ مدیحہ اسٹاپ پر تین واٹر ٹینکرز اور ایک برف کا ٹرک بھی خاکستر کر دیا گیا۔