بھائیوں کے درمیان جائیداد کا تنازع، کینیڈین ڈاکٹر بہن کا قتل اور انصاف کا 21 سالہ انتظار

بی بی سی اردو  |  Mar 21, 2025

63 سالہ کینیڈین شہری اور معروف گائناکالوجسٹ ڈاکٹر آشا گوئل کو 22 اگست 2003 کو ممبئی کے علاقے مالابار ہل میں قتل کر دیا گیا تھا۔

اس واقعے کو دو دہائیاں گزرنے کے باوجود ڈاکٹر آشا گوئل کو انصاف نہیں مل سکا۔ قتل کا یہ مقدمہ اب بھی زیرِ سماعت ہے اور ڈاکٹر گوئل کی بیٹی رشمی گوئل نے ایک پریس کانفرنس میں یہ امید ظاہر کی ہے کہ انھیں 21 سال بعد بالآخر انصاف ملے گا۔

انھوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’کیا میری ماں کو انصاف ملے گا؟‘ وہ پریس کانفرنس کے دوران اس وقت رو پڑیں جب انھوں نے کہا کہ ان کی والدہ کو ’بے دردی سے قتل کیا گیا اور ہمیں انصاف کے لیے اتنے سال انتظار کرنا پڑا۔‘

اس کیس میں مزید کارروائی اور والدہ کے لیے انصاف کو یقینی بنانے کے لیے ڈاکٹر آشا گوئل کی بیٹی پروفیسر رشمی گوئل حال ہی میں کینیڈا سے ممبئی پہنچی ہیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ ملزم کے وکلا کی جانب سے عدالت میں سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے بعد لیا جس میں کہا گیا تھا کہ ملزم بیمار ہے۔

معاملہ کیا ہے؟

یہ واقعہ 2003 میں ممبئی میں پیش آیا تھا۔

مالابار ہل اور ممبئی کے دیگر علاقوں میں ڈاکٹر آشا گوئل (پہلا نام اگروال) اور خاندان کو وراثت میں دولت مل چکی تھی۔

اس جائیداد کو لے کر آشا گوئل اور ان کے تین بھائیوں اور چار بہنوں کے درمیان جھگڑا تھا۔ گوئل کا اصرار تھا کہ اگروال خاندان کے اثاثوں کو تینوں بھائیوں میں برابر تقسیم کیا جائے۔

تاہم اس دولت کی مساوی تقسیم پر تینوں بھائیوں میں جھگڑا ہوا کیونکہ دونوں بڑے بھائی کسی وجہ سے مال میں سے اپنا حصہ چھوٹے بھائی کو دینے کو تیار نہیں تھے۔ لہذا، ڈاکٹر. آشا گوئل کا مطالبہ تھا کہ ان کے دو بڑے بھائیوں اور چھوٹے بھائی شیکھر اگروال کو بھی جائیداد میں حصہ دیا جائے۔

اس لیے دونوں بڑے بھائی سبھاش اگروال اور سریش چندر اگروال اس کے مخالف تھے۔ اس لیے آشا گوئل اگست 2003 میں ممبئی آئیں۔ اسی دوران آشا گوئل کا قتل ہوا تھا۔

واقعہ کیسے ہوا؟

13 اگست 2003 کو آشا گوئل کینیڈا سے ممبئی کے سانتا کروز علاقے میں اپنی بہن کے گھر آئی تھیں۔

وہ اپنے بھائی اور بھابھی کو ملابار ہل میں ان کے گھر ملنے آئی تھیں کیونکہ وہ بیمار تھے۔

آشا مالابار ہل علاقے میں اپنے بھائی سریش چندر اگروال کی سدھاکر بلڈنگ کی 14ویں منزل پر تھیں۔

انھیں 23 اگست 2003 کو کینیڈا واپس جانا تھا۔ لیکن جب 23 اگست کی صبح طلوع ہوئی تو وہ کینیڈا کے لیے روانہ نہیں ہوئیں۔ ان کا قتل ہو چکا تھا۔

آشا گوئل کو بے دردی سے چاقو مار کر قتل کر دیا گیا۔ ملزم وہیں نہیں رکا بلکہ اس نے ان کا سر پتھر سے کچل دیا۔

ایک 63 سالہ خاتون کے اس کے گھر میں قتل نے ممبئی میں ہلچل مچا دی تھی۔

آشا گوئل کون تھیں؟

آشا گوئل ایک مشہور ماہر امراض چشم اور کینیڈین شہری تھیں۔ آشا گوئل 1940 میں متھرا میں پیدا ہوئیں۔ جب وہ 12سال کی تھیں تو وہ ممبئی چلی گئیں۔

انھوں نے اپنی پوسٹ گریجویٹ تعلیم ٹوپی والا میڈیکل کالج سے مکمل کی تھی اور پھر اپنی زندگی زچگی اور امراض نسواں کے لیے وقف کر دی۔

1963 میں شادی کے بعد وہ کینیڈا چلی گئیں۔ وہاں انھوں نے کامیابی کے ساتھ ہزاروں بچوں اور خواتین کی دیکھ بھال کی۔

آشا گوئل کے پسماندگان میں ان کے شوہر اور بیٹا سنجے گوئل (وینکوور میں ایک تاجر)، بیٹی رشمی (ڈینور یونیورسٹی میں فوجداری قانون کی پروفیسر) اور ایک اور بیٹی سیما (ونی پیگ میں آرٹسٹ اور ٹیچر) ہیں۔

اس معاملے میں کیا ہوا؟

اگست 2003 میں یہ واقعہ پیش آنے کے بعد مالابار ہل پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 302، 442 اور 387 کے تحت ایک نامعلوم شخص کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔

یہ مقدمہ آشا گوئل کے بھائی سریش چندر اگروال کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔

سریش اگروال نے پولیس کو بتایا تھا کہ کسی نے چوری کی نیت سے ان کے گھر میں گھس کر ان کی بہن کا قتل کر دیا۔

پولیس نے فوری طور پر معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک ملزم کو گرفتار کیا تاہم بعد میں، جب کیس کی تحقیقات جاری تھی، تو آشا گوئل کے دونوں بھائیوں، اگروال برادران سے بھی تفتیش کی گئی۔

تاہم اس معاملے میں تین ماہ کے اندر عدالت میں چارج شیٹ داخل ہونے کی امید تھی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

اس معاملے میں بالآخر 2005 میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔ حکام نے اس معاملے میں عدالت میں مضبوط ثبوت پیش کئے۔ اس میں خون آلود کپڑے، ڈی این اے اور ایک ملزم کا قتل کا اعتراف شامل تھا۔

اس معاملے میں 2006 میں کل چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس میں پردیپ پرب، منوہر شندے، پی۔ کے گوئنکا اور نریندر گوئل۔ پی کے گوئنکا آشا کے بھائی سبھاش کے منیجر تھے۔ نریندر گوئل آشا کے دوسرے بھائی سریش کے داماد تھے۔

چارج شیٹ میں انکشاف کیا گیا کہ یہ قتل ایک گواہ کی جانب سے دونوں بھائیوں کی ہدایت پر کیا گیا تھا۔ تاہم عدالت میں مقدمہ چلتا رہا۔ ان چاروں ملزمان کو بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

آشا گوئل کے قتل کے تین ماہ بعد ان کے بھائی سریش کی بھی موت ہو گئی۔ اس معاملے میں ایک ملزم منوہر شندے کی بھی وفات ہو گئی۔

راجہ ٹھاکرے شروع میں ان مقدمات میں سرکاری وکیل کے طور پر کام کر رہے تھے۔ اس کے بعد اب یہ معاملہ اجول نکم کے پاس ہے۔

آشا گوئل کی بیٹی رشمی گوئل کا کہنا ہے کہ گذشتہ 21 سالوں میں ان مقدمات میں قانونی کارروائی کی سست رفتاری کی وجہ سے ان مقدمات میں کوئی ٹھوس نتیجہ نہیں نکل سکا ہے۔ اب 21 سال بعد ممبئی کی سیشن کورٹ میں اس ہفتے اس کیس کی سماعت ہو گی۔

خاتون کے قتل اور ’لاش کو کُکر میں پکانے‘ کا الزام: انڈیا میں ایک پُراسرار گمشدگی پر اٹھنے والے سوالاتہردیپ سنگھ نجر کا قتل: ’انڈیا کینیڈا پر وہ الزمات لگا رہا ہے جو وہ پاکستان پر عائد کرتا ہے‘’ارینج میرج‘ کے لیے بوائے فرینڈ کو قتل کرنے والی خاتون کو سزائے موت: ’لڑکے نے بسترِ مرگ پر کہا کہ لڑکی سے کوئی شکایت نہیں‘قتل، خود کشی یا طبعی موت۔۔۔ انڈیا میں ایک ہی گھر سے ملنے والے پانچ ڈھانچوں کا معمہ کیا ہے؟’اتنے ثبوتوں کے باوجود اتنی تاخیر کیوں؟‘

ڈاکٹر آشا گوئل کی بیٹی پروفیسر رشمی گوئل نے کہ کہ ’اتنی طویل تاخیر، جب ملزمان کے اعترافی بیانات اور ٹھوس شواہد دستیاب ہیں، عدلیہ کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔‘

اس کارروائی میں ایک اہم گواہ اور ایک ملزم بھی مارا گیا ہے۔

گوئل نے مزید کہا کہ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اجول نکم اب اس کیس کی نمائندگی کررہے ہیں۔ ڈاکٹر چونکہ گوئل کا پورا خاندان کینیڈا میں رہتا ہے اور ابھی تک انصاف کا انتظار کر رہا ہے، اس لیے اس کیس کے نتائج کو بین الاقوامی سطح پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

کیس کی سماعت رواں ہفتے سیشن کورٹ میں ہوگی۔ مقدمے میں اہم موڑ متوقع ہے جب کلیدی گواہ پردیپ پراب، جو اب حکومتی گواہ بن چکے ہیں، گواہی دیں گے۔

بہن کے قتل کے بعد بھائی نے شکایت درج کرائی تھی۔

آشا گوئل کے قتل کے بعد ان کے بھائی سریش چندر اگروال جن کے گھر آشا گوئل ٹھہری تھیں، نے اس سلسلے میں شکایت درج کرائی تھی۔

سریش اگروال کے 23 اگست 2003 کو دیئے گئے بیان کے بارے میں انھوں نے کہا کہ چور چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے تھے اور اسی وقت ان کی بہن کا قتل کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے اپنے بیان میں اس بارے میں تفصیلی معلومات دی ہیں کہ کیا ہوا تھا۔

ڈاکٹر گوئل اپنے چھوٹے بھائی شیکھر کے حقوق کے لیے لڑ رہی تھی اور چاہتی تھیں کہ اسے ان کے والد کی جائیداد کا مناسب حصہ ملے۔ گوئل خاندان کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر ان کا سریش اور سبھاش سے جھگڑا ہوا تھا۔ ان کی بیٹی کا کہنا ہے کہ اسی لیے ان کو مارا گیا۔

تاہم، 2003 میں جب سریش چندر اگروال نے اپنی بہن آشا گوئل کے خلاف قتل کی شکایت درج کروائی تو اس نے پولیس کو بتایا کہ جائیداد پر کوئی تنازعہ نہیں ہے۔

تاہم، پچھلے کچھ سالوں میں اس کیس کی تحقیقات کے بعد، ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ قتل سریش چندر اگروال اور سبھاش اگروال کے کہنے پر کیا گیا تھا۔ اس لیے گوئل خاندان نے بعد میں بتایا کہ پولیس نے سریش چندر اگروال کو بھی ملزم بنایا ہے۔ تاہم اس معاملے کی سماعت ابھی جاری ہے۔

مضبوط شواہد کے باوجود عدالتی عمل کی وجہ سے کیس برسوں تک الجھتا رہا۔

کیس کے حوالے سے بی بی سی مراٹھی سے بات کرتے ہوئے رشمی گوئل نے کہا کہ ’مضبوط شواہد بشمول ایک ملزم کے اعترافی بیان، ڈی این اے کے تجزیے اور خون آلود کپڑوں کی ضبطی کے باوجود، عدالتی عمل کی وجہ سے یہ کیس برسوں سے پھنسا ہوا ہے۔ اس کیس کے کچھ ملزمان مر چکے ہیں جبکہ دیگر ضمانت پر آزاد گھوم رہے ہیں۔‘

رشمی گوئل نے مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کو خط لکھ کر اس معاملے میں طویل تاخیر پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا اور ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’ہم نے اتنا انتظار کیا، اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔ میری والدہ نے اپنی پوری زندگی دوسروں کے لیے وقف کر دی، لیکن ان کے بہیمانہ قتل کیس میں ابھی تک انصاف نہیں ملا۔ ہم وزیر اعلیٰ سے مداخلت کرتے ہوئے اس کیس میں انصاف دلانے کی درخواست کرتے ہیں۔‘

اس معاملے میں ثبوت اور گواہوں کی گواہی پیش کرنے کے لیے ممبئی کی سیشن عدالت میں سماعت ہوگی۔ اس لیے یہ دیکھنا اہم ہو گا کہ اس سماعت کے دوران اصل میں کیا ہوتا ہے۔

بی بی سی مراٹھی کی ٹیم ملزم کے وکلاء سے رابطے کی کوشش کر رہی ہے۔ رابطہ کرنے پر ان کا جواب بھی اپ ڈیٹ کر دیا جائے گا۔

انڈیا میں 11 افراد کے قتل کا ملزم ’جو مارنے کے بعد لاشوں سے معافی مانگتا تھا‘قتل، خود کشی یا طبعی موت۔۔۔ انڈیا میں ایک ہی گھر سے ملنے والے پانچ ڈھانچوں کا معمہ کیا ہے؟ہردیپ سنگھ نجر کا قتل: ’انڈیا کینیڈا پر وہ الزمات لگا رہا ہے جو وہ پاکستان پر عائد کرتا ہے‘’ارینج میرج‘ کے لیے بوائے فرینڈ کو قتل کرنے والی خاتون کو سزائے موت: ’لڑکے نے بسترِ مرگ پر کہا کہ لڑکی سے کوئی شکایت نہیں‘انڈیا میں دس برس پرانے مقدمے میں 98 افراد کو عمر قید کی سزا: ’اس کیس میں رحمدلی کرنا انصاف کا قتل ہو گا‘خاتون کے قتل اور ’لاش کو کُکر میں پکانے‘ کا الزام: انڈیا میں ایک پُراسرار گمشدگی پر اٹھنے والے سوالات
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More