ایف آئی اے کے مبینہ افسر کی کال لیک کرنے کا معاملہ: نادیہ حسین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت تحقیقات شروع

بی بی سی اردو  |  Mar 15, 2025

پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کے خلاف سوشل میڈیا پر ایف آئی اے پر الزامات عائد کرنے پر دی پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ نادیہ حسین نے سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جبکہ سوشل میڈیا پر بے بنیاد الزامات لگانا قانوناً جرم ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اداکارہ نادیہ حسین کو ایک جعلساز نے 11 مارچ کو ان کے شوہر کی فراڈ کے معاملے میں گرفتاری پر ایف آئی اے کے سینئر افسر بن کر کال کی اور ان سے رشوت کا مطالبہ کیا گیا۔ اس جعلساز نے اپنے واٹس ایپ پر ایف آئی اے کے ایک سینیئر افسر کی تصویر بطور ڈی پی استعمال کی تھی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق نادیہ حسین نے ایف آئی اے کراچی سے اس بارے میں جب رابطہ کیا تو بتایا گیا تھا کہ یہ ایک جعلی کال ہے اور اس بارے میں انھیں شکایت درج کروانے کا کہا گیا تھا تاہم انھوں نے ایف آئی اے میں شکایت درج نہیں کرائی۔ بلکہ سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جو کہ قانوناً جرم ہے۔

بی بی سی نے اس ضمن میں اداکارہ نادیہ حسین سے ان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم متعدد بار رابطے کی کوشش کے باوجود ان سے رابطہ نہیں ہوا۔

تاہم پاکستان کے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے اس بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی ٹیم آج صبح آئی تھی جس نے انھیں موصول ہونے والی فون کال اور ان کے بیان سے متعلق معلومات لیں۔

نادیہ حسین نے جیو نیوز کو بتایا کہ انھوں نے ایف آئی اے حکام کو ساری معلومات فراہم کیں۔ انھوں نہ کہا کہ میں نے سوشل میڈیا پوسٹ کی ڈسکرپشن پر واضح کیا تھا کہ یہ فراڈ کال ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ پوسٹ کرنے سے قبل فراڈ کال سے متعلق ایف آئی اے کو آگاہ بھی کیا تھا۔ نادیہ حسین نے کہا کہ انھیں گرفتار نہیں کیا گیا اور اگلے ہفتے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے بلایا گیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں نادیہ حسین نے کہا کہ کسی شخص نے ڈائریکٹر ایف آئی اے بن کر انھيں فون کیا اور ان سے رقم کا مطالبہ کیا، ان کے انکار پر انھیں دھمکیاں دیں گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فون کال کی ایف آئی آر درج نہيں کرائی لیکن ایف آئی اے سائبر کرائم میں شکایت ضرور درج کرائی تھی۔

یاد رہے کہ 12 مارچ کو اداکارہ نادیہ حسین نے فراڈ کیس میں گرفتار اپنے شوہر عاطف محمد خان کی گرفتاری کے معاملے میں ایف آئی اے کا افسر بن کر فون کرنے والے شخص کی چیٹس اور آڈیو کال اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لیک کر دی تھی۔ ان کا دعویٰ ہے کہ فراڈ کرنے والے مذکورہ شخص نے ان سے تین کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان نجی بینک میں 54کروڑ روپے کی خورد برد کے الزام میں ایف آئی اے کی حراست میں ہیں۔

یہ معاملہ ہے کیا؟

اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان نجی بینک کے ذیلی ادارے میں مالی بے ضابطگی کرنے کے الزام میں ایف آئی اے کی حراست میں ہیں اور ان سے اس سلسلے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔

جبکہ نادیہ خان نے دو روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے یہ الزام لگایا تھا کہ ان سے کوئی نعمان نامی شخص ایف آئی اے کا سینیئر افسر بن کر شوہر کی ضمانت کروانے کے بدلے تین کروڑ روپے رشوت طلب کر رہا ہے۔

انھوں نے 12 مارچ کو فراڈ کیس میں گرفتار اپنے شوہر عاطف محمد خان کی گرفتاری کے معاملے میں ایف آئی اے کا افسر بن کر فون کرنے والے شخص کی چیٹس اور آڈیو کال اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لیک کر دی تھی۔

اس بارے میں ایف آئی اے کے ترجمان کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف محمد خان کے خلاف نجی بینک میں خورد برد کے الزام کی درخواست نجی بینک کے گروپ ہیڈ کی جانب سے ایف آئی اے میں دائر کی گئی تھی۔

رمضان کے چاند کا اعلان نہ کرنے پر علما پر تنقید، بنوں میں پیکا قانون کے تحت مقدمہ درجصحافیوں کے احتجاج کے باوجود صدر مملکت نے متنازع پیکا ترمیمی بِل پر دستخط کر دیے، بل فوری نافذ العمل ہو گیاآن لائن فراڈ: ایمازون کا گفٹ واؤچر جو انڈین خاتون کو 51 لاکھ روپے سے محروم کر گیاآن لائن فراڈ میں ڈیڑھ کروڑ روپے گنوانے والی خاتون: ’میں ہر وقت خوف میں رہتی ہوں، ان کے پاس میری تمام تفصیلات ہیں‘

ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر کے خلاف تحقیقات کی گئیں اور انکوائری میں یہ بات ثابت ہوئی کہ ملزم عاطف محمد خان نے نجی بینک کے ذیلی ادارے میں بطور سی ای او اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے تقریباً54 کروڑ روپے کی خرد برد کی۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم عاطف مالی بے ضابطگی کے دوران نجی کمپنی کے کھاتوں اور بکس میں جعل سازی، فراڈ اور ہیرا پھیری کے مرتکب ہوئے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ آٹھ مارچ کو ایف آئی اے کراچی زون کے کارپوریٹ کرائم سرکل میں ملزم عاطف خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ضابطہ فوجداری کے تحت گرفتار کیا گیا اور ان سے اس معاملے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔

نادیہ حسین نے سوشل میڈیا پر کیا کہا تھا؟

اداکارہ نادیہ حسین نے انسٹاگرام پر متعدد ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں معلوم ہے کہ سب لوگ ان کے شوہر کی گرفتاری پر ان کے بیان کا انتظار کر رہے تھے۔

انھوں نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ 'یہ سچ ہے کہ فی الحال میرے شوہر ایف آئی اے کی حراست میں ہیں لیکن صرف تفتیش کے لیے، اگر کیس کی بات کروں تو کیا سکیورٹی والے سو رہے تھے کہ ان کی ناک کے نیچے اتنا بڑا فراڈ ہو گیا؟'

ان کا کہنا تھا کہ 'اب اس میں میرے شوہر کا کتنا ہاتھ ہے، ہے بھی یا نہیں، اس کا فیصلہ یقیناً وقت اور عدالت کرے گی۔ میرے شوہر ایف آئی کی حراست میں ٹھیک ہیں اور میں ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم ونگ کے حکام کی شکرگزار ہوں کہ وہ میرے شوہر کا اچھے سے خیال رکھ رہے ہیں۔'

تاہم اس کے بعد اداکارہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ مالی فراڈ کے الزام میں گرفتار ان کے شوہر کی ضمانت کے لیے مبینہ طور پر ایف آئی اے کے افسر نے ان سے بھاری رشوت طلب کی ہے۔

انھوں نے ایف آئی اے کے مبینہ افسر کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص کی آڈیو کالز کی ویڈیوز بھی شیئر کیں، جن میں خود کو ڈائریکٹر ایف آئی اے بتانے والے نعمان نامی شخص نے ان سے شوہر کی رہائی کے بدلے رقم کا مطالبہ کیا۔

نادیہ حسین کی جانب سے شیئر کردہ آڈیو کالز کی ویڈیوز میں نعمان نامی شخص کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ان کی اور نادیہ حسین کے شوہر عاطف محمد خان کی آپس میں ڈیل ہو چکی ہے، اب اداکارہ انھیں پیسے فراہم کریں تو ان کے شوہر کو چھڑوانے کے انتظامات کیے جائیں۔

ان ویڈیوز میں نادیہ حسین مطالبہ کرتی ہیں کہ ان کی ملاقات شوہر سے کروائی جائے تاکہ وہ اپنے شوہر سے معلوم کر سکیں کہ اتنی بڑی رقم کہاں سے اور کس سے لینی ہے، کیوں کہ ان کے پاس اتنے پیسے موجود نہیں ہیں۔

نادیہ حسین نے ایف آئی اے کے مبینہ افسر کا دعویٰ کرنے والے شخص کے موبائل فون نمبر کے سکرین شاٹس بھی شیئر کیے، جب کہ انھوں نے ان کی واٹس ایپ پروفائل کی تصاویر بھی شیئر کیں تھی۔

آن لائن فراڈ میں ڈیڑھ کروڑ روپے گنوانے والی خاتون: ’میں ہر وقت خوف میں رہتی ہوں، ان کے پاس میری تمام تفصیلات ہیں‘آن لائن فراڈ: ایمازون کا گفٹ واؤچر جو انڈین خاتون کو 51 لاکھ روپے سے محروم کر گیارمضان کے چاند کا اعلان نہ کرنے پر علما پر تنقید، بنوں میں پیکا قانون کے تحت مقدمہ درج
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More