آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی: جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107 رنز سے ہرا دیا

اردو نیوز  |  Feb 22, 2025

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے گروپ بی کے پہلے اور ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے افغانستان کو 107 رنز سے شکست دے دی ہے۔

جمعے کو کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں افغانستان کی پوری ٹیم 316 رنز کے تعاقب میں 44 ویں اوور میں 208 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ 90 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ باقی بیٹرز کچھ نہ کر سکے۔ پروٹیز کی جانب سے کگیسو رباڈا نے تین اور لنگی نگیڈی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو بالکل درست ثابت ہوا اور ریان ریکلٹن کے شاندار 103 رنز اور ٹیمبا باوومہ، رسی وین ڈر دوسن اور ایڈن مارکرم کی نصف سینچریوں کی بدولت 50 اوورز میں 315 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سٹار آل راؤنڈر راشد خان سمیت دوسرے بولرز ناکام ہی رہے۔

ریان ریکلٹن کو ان کی عمدہ سینچری کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔

گروپ بی کے دوسرے میچ میں کل انگلینڈ اور آسٹریلیا برسرپیکار ہوں گے۔

افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ 90 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)گروپ اے میں پاکستان، انڈیا، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، انگلینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔

گروپ اے میں نیوزی لینڈ اپنا پہلا میچ جیت کر دو پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ انڈیا بھی بنگلہ دیش سے جیت کر دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More