آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب لاہور کے تاریخی قلعے میں اس وقت جاری ہے۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی تقریب میں شریک ہیں۔
چیمپیئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی اہم شخصیات، غیرملکی مندوبین، سابق کرکٹرز اور پاکستانی سیاسی رہنما بھی شریک ہیں۔
شائقین کرکٹ شدت سے چیمپیئنز ٹرافی کے منتظر ہیں جس میں آٹھ ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
انڈیا کے علاوہ دیگر ٹیمیں پاکستان میں میچز کھیلیں گی۔دفاعی چیمپیئن پاکستان اس چیمپینئز ٹرافی کے 2025 ایڈیشن کی میزبانی کر رہا ہے۔میگا ایونٹ کا پہلا میچ 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہو گا۔
گو کہ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے لیکن چار میچز اور پہلے سیمی فائنل کے لیے پاکستان اور متحدہ عرب امارات شریک میزبان ہوں گے۔انڈیا کی جانب سے سیاست اور سکیورٹی سے جڑے تحفظات کی وجہ سے پاکستان نہ آنے کے فیصلے کے بعد ٹورنامنٹ کے چند میچز کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات کو شریک کیا گیا۔انڈین ٹیم اپنے گروپ میچز پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گی جبکہ پہلا سیمی فائنل بھی اسی گراؤنڈ میں ہو گا۔انڈیا کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ایونٹ کا فیصلہ کن میچ بھی دبئی ہی میں کھیلا جائے گا۔انڈین کپتان روہت شرما کی عدم موجودگی کے باعث چیمپینئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں ٹیم کپتانوں کی اکٹھے روایتی تصویر نہیں کھینچی جا سکے گی۔نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، افغانستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہلے ہی پاکستان پہنچ چکی ہیں۔پاکستان میں صرف دو وارم اپ میچز شیڈول ہیں جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرا اور آخری وارم اپ میچ یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ سنہ 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں انڈیا کو 180 رنز سے شکست دے کر پاکستان نے چیمپینئنز ٹرافی اپنے نام کی تھی۔