رضوان اور سلمان کی سینچریوں کی بدولت پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی فتح

اردو نیوز  |  Feb 12, 2025

سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان فائنل 14 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

بدھ کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا 353 رنز کا ہدف 49 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینچریاں سکور کیں اور پاکستان کو فتح دلائی۔

سلمان علی آغا نے پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

اس میچ میں پاکستان نے اپنی ون ڈے تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ بھی قائم کی، محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے چوتھی وکٹ کے لیے 260 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

اس سے پہلے یہ ریکارڈ شعیب ملک اور محمد یوسف کے پاس تھا، انہوں 206 رنز کی شراکت داری قائم کی تھی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے تھے۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان نے 353 رنز کے تعاقب کا آغاز کیا تو فخر زمان اور بابر اعظم کریز پر اترے۔

پاکستان نے پہلے سات اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 57 رنز بنائے۔ پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب بابر اعظم چار چوکوں کی مدد سے صرف 23 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد ون ڈاؤن کریز پر اترنے والے سعود شکیل 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اوپنر بیٹر فخر زمان نے بھی جلد ہی پویلین کی راہ لی، وہ چھ چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ بنائی (فوٹو: پی سی بی)

یوں 353 رنز کے تعاقب میں پہلے 10 اوورز میں پاکستان کے ٹاپ آرڈر کے تین کھلاڑی 91 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس کے بعد محمد رضوان اور سلمان علی آغا کی 260 رنز کی تاریخ ساز پارٹنرشپ نے میچ کا پلڑا پاکستان کے حق میں پلٹ دیا۔

سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے پر اعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا سکور آگے بڑھایا۔

سلمان علی آغا دو چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان تین چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے 122 رنز ساتھ ناقابل شکست رہے۔

وننگ شاٹ کھیلنے والے طیب طاہر نے چار رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ویان مولڈر نے دو جبکہ لنگی نگیڈی اور تبریز شمسی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کی اننگز

جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کپتان ٹیمبا بووما اور ٹونی ڈی زورزی کریز پر اترے۔

جنوبی افریقہ نے پہلے آٹھ اوورز تک بغیر کسی نقصان کے 51 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب ٹونی ڈی زورزی 22 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سلمان علی آغا کو کیچ تھما دی۔

کپتان ٹیمبا بووما نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی، وہ سعود شکیل کے ہاتھوں اس وقت رن آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا مجموعی سکور 170 تھا۔

اس کے بعد میتھیو بریٹزکی اور ہینرک کلاسن نے پاکستانی بولرز کی خوب کلاس لی۔

جنوبی افریقی بلے بازوں کی وکٹ پاکستانی بولرز کا خواب بنا رہا، اس دوران کچھ ایسے مناظر بھی دیکھنے کو ملے جن سے لگا کہ پاکستانی کھلاڑی انڈر پریشر ہیں۔

میتھیو بریٹزکی ایک چھکے اور 10چوکوں کی مدد سے 83 رنز بنائے (فوتو: پی سی بی)

میتھیو بریٹزکی ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 83 بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تین چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے ہینرک کلاسن 87 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ان کے علاوہ ویان مولڈر دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کائل ویریئن 44 اور کاربن بوش 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

محمد رضوان (کپتان)، فخر زمان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، سعود شکیل، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد حسنین اور ابرار احمد پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔ 

جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون

ٹیمبا بووما (کپتان)، ٹونی دی زورزی، میتھیو بریٹزکی، کائل ویریئن، ہینرک کلاسن، ویان مولڈر، سینوران متھوسامی، کاربن بوش، کیشیو مہاراج، لنگی نگیڈی اور تبریز شمسی جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More