افغانستان میں بینک کے باہر خود کش حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

اردو نیوز  |  Feb 12, 2025

افغانستان کے شمالی علاقے میں بینک کے باہر ہونے والے خود کش حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق داعش نے کہا ہے کہ حملے میں طالبان حکومت کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو اپنی تنخواہ لینے بینک آئے تھے۔

 منگل کو شمالی صوبہ قندوز میں ہونے والے حملے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ سات زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک حکومتی اہلکار بھی شامل ہے۔

سال 2021 میں طالبان کی جانب سے ملک کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے پرتشدد واقعات میں اگرچہ کمی آئی ہے لیکن داعش کے حملے حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں۔

بدھ کو داعش کے پروپیگنڈا ونگ نے کہا کہ خود کش حملہ آور نے اس وقت دھماکہ خیز مواد سے بھری جیکٹ کو اڑایا جب ’طالبان ملیشیا کے ارکان اپنی تنخواہ لینے کی غرض سے ایک بینک کے باہر اکھٹے تھے۔‘

داعش نے اس سے پہلے بھی مارچ 2024 میں جنوبی صوبہ قندھار میں ایک بینک کے باہر دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

طالبان نے ملک کا اقتدار سنبھالنے کے بعد سے سکیورٹی کو اولین ترجیح دی ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ داعش کو شکست دینے میں طالبان کو کچھ حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

افغانستان میں داعش طالبان عہدیداروں، غیر ملکیوں اور سفارتکاروں کو نشانہ بناتے آئے ہیں۔

دسمبر میں داعش نے دارالحکومت کابل میں خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں طالبان کے وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی ہلاک ہوئے تھے۔ 

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More