اگر آپ ایپل کے آئی فونز کو استعمال کرتے ہیں تو اس کے آپریٹنگ سسٹم کو فوری اپ ڈیٹ کرلیں۔
ایپل کی جانب سے آئی او ایس 18.3.1 اپ ڈیٹ کو جاری کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آئی او ایس 18 یا اس کے بعد کے اپ ڈیٹ ورژن صرف آئی فون ایکس ایس یا اس کے بعد ماڈلز کے لیے دستیاب ہیں، 2017 یا اس سے پہلے کے فونز میں اسے اپ ڈیٹ نہیں کیا جاسکتا۔
آئی او ایس 18.3.1 کو فوری اپ ڈیٹ کرنا اس لیے ضروری ہے کیونکہ اس کے ذریعے آئی فونز میں موجود ایک انتہائی سنگین سکیورٹی کمزوری کو فکس کیا گیا ہے۔
ایپل کے سپورٹ پیج کے مطابق اس سکیورٹی کمزوری سے حملہ آوروں کو یو ایس بی ریسٹرکٹڈ موڈ ڈس ایبل کرکے لاک آئی فون تک رسائی مل سکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس سکیورٹی کمزوری کو مخصوص افراد کو ہدف بنانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے اور اسی لیے اپ ڈیٹ جاری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یو ایس بی ریسٹرکٹڈ موڈ آئی فونز کا ایک سکیورٹی فیچر ہے جو یو ایس بی accessories کو کسی ڈیوائس سے اس وقت کنکٹ کرنے روکتا ہے جب فون کو لاک ہوئے ایک گھنٹے سے زائد وقت ہوچکا ہو۔
اس طرح صارفین کے ڈیٹا کو تحفظ ملتا ہے اور دیگر افراد کنکٹ ڈیوائسز کے ذریعے ان کے ڈیٹا تک رسائی حاصل نہیں کرپاتے۔
مگر جو سکیورٹی کمزوری سامنے آئی ہے اس سے حملہ آوروں کو ڈیٹا تک پہنچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے صارفین کو آئی فونز کو جلد از جلد اپ ڈیٹ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔