فرانسیسی حکام نے کہا ہے کہ شمالی ملک کے ساحل سے دو مشتبہ افراد کی لاشیں ملی ہیں جبکہ سمندر میں 230 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شمالی فرانس کے ساحل پر ایسے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں، جو ممکنہ طور پر برطانیہ پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
تارکین کو پیش آنے والے حادثات اور اموات کے باوجود لوگ انتہائی سرد موسم کے دوران بھی سمندر پار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
فرانس کے بحری حکام کے مطابق ’اتوار کے روز سمندر میں مجموعی طور پر 230 افراد کو بچایا گیا۔‘بچائے جانے والوں میں ایک ایسا گروپ بھی شامل ہے جو صبح برطانیہ کے لیے روانہ ہوا تھا تاہم ان کی کشتی ناکارہ ہونے کی وجہ سے 57 افراد گریولینز کے قریب پانی میں چھوڑ دیے گئے۔ان میں سے ایک شخص بے ہوش تھا جبکہ شدید سردی کی وجہ سے دوسرے پر کپکپی طاری تھی۔
ایک اور کشتی کی جانب سے ہنگامی پیغام دیا گیا جس میں 38 افراد سوار تھے۔
اسی طرح ایک مقام سے ملنے والی کشتی سے بھی 19 افراد کو نکالا گیا۔
ڈنکرک کے قریب، 42 مسافروں کو بچایا گیا جن میں دو کو ایئر لفٹ کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔ شام کے وقت ایک پیٹرول بوٹ نے 33 افراد کو بچایا جو صبح سمندر عبور کرنے میں ناکام ہو گئے تھے۔ حالیہ مہینوں میں کیلی کے آس پاس کے ساحلوں پر تارکین وطن کی عارضی کشتیاں الٹنے کے بعد لاشیں ملی تھیں۔فرانسیسی حکام کے مطابق گزشتہ سال کم از کم 76 تارکین وطن برطانیہ پہنچنے کی کوشش میں جان سے گئے تھے۔