صائم ایوب 10 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر، پی سی بی کی اپڈیٹ

اردو نیوز  |  Feb 07, 2025

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اوپننگ بیٹر صائم ایوب کی انجری کے بارے میں اپڈیٹ جاری کر دی ہے۔

پی سی بی نے اپنی پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ صائم ایوب ٹخنے کی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور اُن کا علاج انگلینڈ میں جاری رہے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ’دائیں ٹخنے میں فریکچر کی انجری سے اوپنر صائم ایوب اچھی طرح سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور اُن کی ریہیبلیٹیشن انگلینڈ میں جاری رہے گی۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ ’ایم آر آئی سکین، ایکسرے اور طبی جائزے لینے کے بعد صائم ایوب کو 10 ہفتوں کے لیے آرام کا وقت دیا گیا ہے۔‘

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ ’دورہ نیوزی لینڈ کے لیے صائم ایوب کی دستیابی کا فیصلہ تمام فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنے کے بعد کیا جائے گا۔‘

خیال رہے کہ صائم ایوب جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔

دوران فیلڈنگ اُن کے ٹخنے میں فریکچر آگیا تھا جس کے بعد وہ اُس ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے۔

صرف یہ ہی نہیں، انجری کے باعث صائم ایوب ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز، سہ فریقی سیریز اور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے بھی باہر ہوئے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد پاکستانی ٹیم تین ون ڈے اور پانچ ٹی20 میچ کھیلنے کے لیے نیوزی لینڈ جائے گی۔

یہ دورہ 16 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہے گا جس کے بعد 8 اپریل سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آغاز ہوگا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More