عورتوں کے لباس سے متعلق سلمان خان کا بیان، سوشل میڈیا پر نئی بحث

سچ ٹی وی  |  Feb 07, 2025

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کا ایک انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں انھوں نے خواتین کے لباس سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ سلمان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

سلمان خان نے انٹرویو میں خواتین کے لباس کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عورت کا جسم جتنا ڈھکا رہے اتنا اچھا ہے۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔

سلمان خان ’’آپ کی عدالت‘‘ پروگرام میں شریک تھے، جب میزبان نے ان سے یہ سوال کیا کہ انہوں نے اپنی فلم ’’کسی کا بھائی کسی کی جان‘‘ کے سیٹ پر خواتین کو ڈیسنٹ لباس پہننے کی تلقین کیوں کی، جبکہ وہ خود شرٹ اتارنے میں ایک منٹ بھی نہیں لگاتے۔

سلمان خان کا کہنا تھا کہ آج کل کا ماحول تھوڑا عجیب سا ہے۔ یہ لڑکیوں کا چکر نہیں بلکہ لڑکوں کا چکر ہے۔ جس حساب سے لڑکے لڑکیوں کو دیکھتے ہیں وہ مجھے اچھا نہیں لگتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب آپ ایک ڈیسنٹ فلم بناتے ہو تو سب فیملی کے ساتھ جاکر دیکھتے ہیں۔ کوشش ہے کہ جب ہم فلم بنائیں تو لڑکوں کو یہ موقع نہ دیں کہ وہ ہماری ہیروئنز اور عورتوں کو غلط نظر سے نہ دیکھ سکیں۔

سلمان خان نے خواتین کےلیے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ خواتین کو عزت اور وقار کے ساتھ پیش کیا جائے۔

سلمان خان کے اس بیان پر مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں۔ کچھ لوگوں نے ان کی اس بات کی حمایت کی ہے کہ عورت کو عزت اور وقار کے ساتھ پیش کیا جانا چاہیے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ سلمان خان نے ایک اچھا پیغام دیا ہے۔

جبکہ دوسری جانب کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ سلمان خان کو خواتین کے لباس کے بارے میں تبصرہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین کو خود فیصلہ کرنے کا حق ہے کہ وہ کیا پہنتی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More