آسٹریلیا کو بڑا دھچکا، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وُڈ چیمپئنز ٹرافی سے باہر

اردو نیوز  |  Feb 07, 2025

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل آسٹریلوی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ بولر جوش ہیزل وُڈ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وُڈ باضابطہ طور پر چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جارج بیلی نے بتایا ہے کہ دونوں کرکٹرز انجری کا شکار ہیں اور چیمپئنز ٹرافی کے لیے فٹ نہیں  ہوئے۔

آسٹریلیا کے پاس چیمپئنز ٹرافی کے سکواڈ میں تبدیلی کے لیے 12 فروری تک کا وقت ہے۔

آسٹریلیا کو چیمپئنز ٹرافی کے سکواڈ میں چار تبدیلیاں کرنا ہوں گی۔

پیٹ کمنز اور جوش ہیزل وُڈ کے علاؤہ آل راؤنڈر مچل مارش بھی کمر کی تکلیف کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں جبکہ آل راؤںڈر مارکس سٹوئنس نے بھی جمعرات کو ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد وہ بھی سکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں۔

12 فروری کو آسٹریلیا چیمپئنز ٹرافی سے قبل سری لنکا کے خلاف کولمبو میں دو ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کھیلے گی۔

اِن دو ون ڈے میچوں کے لیے آسٹریلیا نے اپنے سکواڈ میں تین فاسٹ بولرز شان ایبٹ، سپینسر جانسن اور بین ڈیوارشیوس کو شامل کیا ہے۔

اسی طرح لیگ سپنر تنویر سَنگھا، سپن بولنگ آل راؤںڈر کُوپر کونولی اور بیٹر جیک فریزر مکگرک بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

اس سے قبل جارج بیلی نے میڈیا کو بتایا تھا کہ پیٹ کمنز کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت غیر یقینی ہے اور اُن کی جگہ ٹورنامنٹ میں ٹیم کی کپتانی سٹیو سمتھ یا ٹریوس ہیڈ کریں گے۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا اپنا پہلا میچ 22 فروری کو روایتی حریف انگلینڈ کے خلاف لاہور میں کھیلے گی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More