قذافی سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب کل، پبلک کے لیے انٹری فری

اردو نیوز  |  Feb 06, 2025

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لیے لاہور کا قذافی سٹیڈیم پوری طرح تیار ہوگیا ہے۔

شائقین کرکٹ کی طویل انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے والی ہیں اور نئے نویلے قذافی سٹیڈیم کا افتتاح کل جمعرات کو کیا جائے گا۔

اس سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا میچ 8 فروری کو کھیلا جائے گا۔

جمعے کو نئے قذافی سٹیڈیم کے افتتاح کے موقعے پر تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں علی ظفر، عارف لوہار اور آئمہ بیگ پرفارم کریں گے۔

اس تقریب میں ڈھول، آتش بازی اور لائٹ شو کا بھی مظاہرہ کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب کے لیے قذافی سٹیڈیم میں عوام کا داخلہ مفت ہوگا۔

یہ سٹیڈیم صرف 117 دنوں کی ریکارڈ مدت میں اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

اس سٹیڈیم میں زیادہ روشن ایل ای ڈی لائٹس اور دو نئی بڑی سکور سکرینیں لگائی کی گئی ہیں۔

شائقین کرکٹ اب انکلوژرز میں جنگلے کے بغیر آرام دہ امپورٹڈ کرسیوں پر بیٹھ کا میچ دیکھیں گے۔

اس سٹیڈیم میں نئے ہاسپیٹیلٹی باکس بنائے گئے ہیں جبکہ شائقین کرکٹ اور کھلاڑیوں کے لیے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

قذافی سٹیڈیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ ’سب سے پہلے ورکرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ناممکن ٹاسک کو ممکن بنایا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ایف ڈبلیو او، نیسپاک، کنٹریکٹر اور پی سی بی کی ٹیم نے سٹیڈٰیم کی تعمیر نو کا خواب حقیقت میں بدلا۔ تنقید کے باوجود پوری ٹیم نے انتھک محنت کی اور اللہ تعالی نے ہمارا راستہ آسان کیا۔‘

خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں میزبان پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ کے ساتھ کراچی میں ہوگا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More