اوپن اے آئی کی جانب سے ایک نیا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل مفت جاری کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس کی جانب سے پراڈکٹس لانچ کرنے کے عمل کی رفتار بڑھائی جا رہی ہے اور ایسا اس وقت کیا جا رہا ہے جب اوپن اے آئی کے مقابلے پر ایک چینی کمپنی ابھر کر سامنے آرہی ہے۔
چینی کمپنی ڈیپ سیک کے اے آئی ماڈل کی حیران کن کامیابی کے بعد اب اوپن اے آئی نے o3 منی نامی اے آئی ماڈل متعارف کرایا ہے۔
اوپن اے آئی کا یہ نیا اے آئی ماڈل مفت دستیاب ہوگا البتہ اس کا استعمال کسی حد تک محدود ہوگا۔
خیال رہے کہ ڈیپ سیک کی جانب سے آر 1 ماڈل کو جاری کیا گیا جس نے امریکی مارکیٹ کو ہلا کر رکھ دیا۔
آر 1 نے امریکا اور کچھ دیگر ممالک میں ایپل کے ایپ اسٹور میں مفت ایپس کی کیٹیگری میں نمبرون پوزیشن حاصل کی جبکہ امریکی اسٹاک مارکیٹ کو اس کے باعث ایک ہزار ارب ڈالرز کے نقصان کا سامنا ہوا۔
اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے ڈیپ سیک کے چیلنج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ ہم زیادہ بہتر ماڈل زیادہ تیزی سے پیش کریں گے۔
ڈیپ سیک کے آر 1 ماڈل کو متعارف کرائے جانے کے بعد 23 جنوری کو سام آلٹمین نے o3 منی کو متعارف کرانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا جو کمپنی کے طاقتور ترین o3 ماڈل کا کم طاقتور ورژن ہے۔
اب اوپن اے آئی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہم پہلی بار منظقی صلاحیتیں رکھنے والے ماڈل کو ہمارے مفت صارفین کے لیے متعارف کرا رہے ہیں۔
بیان کے مطابق یہ جدید ترین اے آئی ٹیکنالوجی تک رسائی کو توسیع دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ڈیپ سیک کے اے آئی چیٹ بوٹ آر 1 کو کارکردگی کے لحاظ سے نہ صرف اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی کے برابر قرار دیا جا رہا ہے بلکہ اس کی تیاری بہت کم وسائل سے ممکن بنائی گئی۔
اوپن اے آئی کے مطابق o3 منی ماڈل سابقہ 01 ماڈل جیسا ہی ہے جو ریاضی، کوڈنگ اور سائنس کے شعبوں میں صارفین کی مدد کرے گا مگر اس کی لاگت سابقہ ماڈل کے مقابلے میں نمایاں حد تک کم ہے جبکہ یہ زیادہ تیز ردعمل ظاہر کرتا ہے۔
200 ڈالرز ماہانہ ادا کرکے چیٹ جی پی ٹی پرو پیکج کو استعمال کرنے والے صارفین کو o3 تک لامحدود رسائی حاصل ہوگی جبکہ سستے پلس سبسکرائبرز کے لیے کچھ حدود طے کی گئی ہیں۔
مفت صارفین کو اس ماڈل کے استعمال کے دوران سب سے زیادہ پابندیوں کا سامنا ہوگا۔