میلنڈا کو طلاق دینا زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی، بل گیٹس کا اعتراف

سچ ٹی وی  |  Jan 27, 2025

معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے طلاق کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دے دیا۔

’ٹائمز آف لندن’ کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی کا زندگی کے مقاصد اور اہداف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میری زندگی کا سب سے بڑا مقصد اپنے والدین کی 45 سالہ کامیاب شادی کی طرح اپنی شادی کامیاب بنانا تھا، جس میں ناکام رہا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے تحمل مزاجی پر ہمیشہ میلنڈا کی حوصلہ افزائی کی، وہ میری والدہ کے مقابلے میں قدرے پرسکون رہیں۔‘

انہوں نے شادی شدہ دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ میرا اور میلنڈا کا ایک ساتھ بہت اچھا وقت گزرا، میں نے اپنے والد کے مقابلے میں بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارا، تاہم بطور ماں بچوں کے زیادہ تر کام میلنڈا کرتی تھیں۔’

69 سالہ گیٹس نے زندگی کے اہم فیصلوں کا خلاصہ کرتے ہوئے اظہار کیا کہ’سابقہ اہلیہ میلنڈا سے طلاق کا فیصلہ زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی، جس کا پچھتاوا تاحیات رہے گا۔’

اپنی 27 سالہ شادی،جس کا اختتام 2021 میں طلاق پر ہوا تھا، بات کرتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ’میرے خیال میں اپنی پوری جوانی کسی ایک شخص کے ساتھ گزارنا پُرمسرت احساس ہے۔’

انہوں نے سابقہ اہلیہ سے اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ’جب میلنڈا اور میری ملاقات ہوئی تھی،اس وقت میں کامیاب تو تھا لیکن انتہائی کامیاب نہیں تھا، اس لیے اس نے مجھے ایک طویل سفر طے کرتے ہوئے دیکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ جب ہماری طلاق ہوئی تو مجھے بہت افسوس ہوا کہ اس نے جانے کا فیصلہ کرلیا۔‘

طلاق پرمزید بات کرتے ہوئے گیٹس کا کہنا تھا کہ وہ ان کی زندگی کا بےحد مشکل اور تکلیف دہ دور تھا۔

سابق جوڑے کی پہلی ملاقات 1987 میں اس وقت ہوئی تھی، جب میلنڈا نے مائیکرو سافٹ کمپنی میں بطور پروڈکٹ مینیجر ملازمت اختیار کی تھی، بعد ازاں 1994 میں دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے، جب کہ سال 2000 میں دونوں نے عالمی سطح پر غربت اور امراض پر قابو پانے کے لیے ’بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن‘ نامی فلاحی ادارے کی بنیاد رکھی۔ تاہم، طلاق کے بعد مئی 2024 میں میلنڈا نے اس ادارے سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔

یاد رہے کہ بل اور ان کی سابق اہلیہ میلنڈا گیٹس کی طلاق کے کچھ روز بعد بل گیٹس کے حوالے سے حیران کن خبریں بھی سامنے آنی شروع ہوگئی تھیں۔

11مئی 2021 کو امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ماضی میں بل گیٹس امریکی کاروباری شخص جیفری اپسٹن سے ملتے رہے، جن پر امیر ترین افراد کو جسم فروشی کے لیے کم عمر لڑکیاں فراہم کرنے جیسے الزامات تھے اور انہوں نے 2019 میں امریکی جیل میں خودکشی کرلی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جیفری اپسٹن سے ملاقاتوں کی خبر سننے کے بعد ہی میلنڈا گیٹس نے شوہر سے 2019 میں ہی طلاق لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

’وال اسٹریٹ جرنل‘ نے اپنی ایک اور رپورٹ میں حیران کن انکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بل گیٹس مارچ 2020 میں اپنی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے اس لیے الگ ہوگئے تھے کہ کمپنی میں ان کے خلاف جاری تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوگئی تھی کہ 19 سال قبل ان کے ایک خاتون ملازم کے ساتھ جنسی تعلقات تھے۔

دوسری جانب بل گیٹس سے طلاق کے اسباب پر بات کرتے ہوئے میلنڈا گیٹس کا بھی کہنا تھا کہ ’یقیناً میں معاف کرنے پر یقین رکھتی ہوں مگر علیحدگی کی وجہ صرف یہی ایک لمحہ یا چیز نہیں تھی، درحقیقت ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب مجھے احساس ہوا کہ اب ہمارا رشتہ اچھا نہیں رہا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ویسے تو حالیہ عرصے میں انہوں نے بہت زیادہ آنسو بہائے اور غصہ کیا، مگر اب وہ اپنے مستقبل کے لیے بہت زیادہ پرجوش ہیں۔’

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More