Getty Images
انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری دیوجیت سیکیا کی جانب سے حال ہی میں سامنے آنے والے ایک بیان نے اُن تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے جن میں یہ کہا جا رہا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے دوران انڈین کرکٹ ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا لوگو استعمال نہیں کیا جائے گا۔
انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری دیوجیت سیکیا کی جانب سے ایک حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے طے کردہ ڈریس کوڈ پر عمل کرے گی۔
بی سی سی آئی کے سیکرٹری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ 'بی سی سی آئی چیمپیئنز ٹرافی کے دوران یونیفارم سے متعلق آئی سی سی کے ہر اصول پر عمل کرے گا۔ لوگو اور ڈریس کوڈ کے حوالے سے دیگر ٹیمیں جو کچھ بھی کریں گی، ہم اس پر صحیح معنوں میں عمل کریں گے۔‘
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے وضح کردہ اصول و ضوابط کے مطابق آئی سی سی کے کسی بھی ایونٹ کے آفیشل لوگو پر میزبان ملک کا نام ہوتا ہے، جس کا اس ایونٹ میں شامل ہونے والی تمام ٹیمز کی جرسی پر ہونا لازمی ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی سمیت 2027 تک پاکستان انڈیا میچوں کے لیے ’ہائبرڈ ماڈل‘ کا اعلانانڈیا کا چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار، شیڈول کا اعلان موخرچیمپیئنز ٹرافی: ’انڈیا کو اگر کوئی خدشہ ہے تو ہم سے بات کرے، تحفظات دور کر دیں گے‘’ہائبرڈ ماڈل‘ کی قیاس آرائیوں پر شائقین نالاں: ’پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کرے‘
واضح رہے کہ جب سنہ 2023 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کرکٹ ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے انڈیا گئی تھی تو بابر اعظم اور ان کی ٹیم نے ٹورنامنٹ پروٹوکول پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنی جرسیوں پر میزبان ملک کا نام لکھا تھا۔
چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی اس مرتبہ پاکستان کر رہا ہے اور اس کے میچز کا آغاز 19 فروری سے ہو گا اور انڈیا اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف دبئی میں کھیلے گا۔
Getty Images
یاد رہے کہ پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس کے تحت پاکستان اور انڈیا کے درمیان 2028 تک تمام انٹرنیشنل ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، لہذا چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے انڈیا کے تمام میچز پاکستان کی بجائے متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔
تاہم اس سب کے بیچ اب تک جو ایک معاملہ تاحال وضاحت طلب ہے وہ یہ کہ انڈیا اپنی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کو چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان بھیجے گا یا نہیں مگر بی سی سی آئی نے اب تک نہ تو روہت شرما کو پاکستان بھیجنے سے انکار کیا اور نہ ہی ان کے پاکستان آنے کی تصدیق کی۔
چیمپیئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد سے متعلق اُس وقت سے ہی مختلف قسم کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جب سے اس کی میزبانی پاکستان کو سونپی گئی۔
کبھی یہ بات سوشل میڈیا پر آئی کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پاکستان سے چمپیئنز ٹرافی کی میزبانی واپس لی جا رہی ہے تو کبھی کُچھ اور۔
Getty Images
جب یہ طے ہو گیا کہ چمپیئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی اور انڈیا اپنے تمام میچز پاکستان سے باہر نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا، تو اب یہ بات ہونے لگی کہ جرسی پر ایونٹ کے دوران انڈیا پاکستان کا لوگو استعمال کرے گا کہ نہیں؟ اس پر اب بی سی سی آئی کی جانب سے بیان آیا کہ وہ آئی سی سی کے ایونٹ سے متعلق قوانین پر عمل کرے گا۔
اب بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوجیت سیکیا کی جانب سے لوگو سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پرصارفین کا ردِعمل سامنے آرہا ہے۔
معیز نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’اس کا مطلب ہے کہ پاکستان کا نام انڈین کرکٹ ٹیم کی جرسی پر نظر آئے گا۔ مقام کا مسئلہ ایک سنجیدہ معاملہ تھا اور بی سی سی آئی نے اس معاملے کو مضبوطی سے پیش کیا اور اسے جیت لیا لیکن جرسی کا مسئلہ اب متنازعہ نہیں ہونا چاہیے۔‘
ابھینیش سنھا نے ایکس پر لکھا کہ ’توقع ہے کہ افتتاحی تقریب کراچی میں ہوگی۔ جس کے بعد بی سی سی آئی نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ آیا انڈین کپتان روہت شرما یا ٹیم کا کوئی نمائندہ پاکستان میں ایونٹ میں شرکت کرے گا یا نہیں۔‘
انھوں نے مزید یہ بھی لکھا کہ ’دوسری جانب بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر اب یہ تصدیق کی ہے کہ انڈین کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ہدایات پر عمل کرے گی جس میں ٹورنامنٹ کے آفیشل لوگو کا استعمال بھی شامل ہے۔‘
تاہم الیاس نجیب نامی صارف نے بی سی سی آئی کے بیان سے متعلق لکھا کہ ’مجھے یہ پسند ہے، یہ ضروری ہے کہ کچھ روایات کو برقرار رکھا جائے اور اب ہم سب کچھ پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک عظیم ٹورنامنٹ کے منتظر ہیں۔‘
سیف انیس نے بھی اپنی رائے دی اور لکھا کہ ’آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے دوران انڈین کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آئی سی سی کے تمام پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے اپنی جرسیز پر ’پاکستان‘ کا لوگو لگائیں گے۔ یہ اقدام کرکٹ کے جذبے اور بین الاقوامی سپورٹس مین شپ سے وابستگی کی عکاسی کرتا ہے جو کھیل کے لیے مثبت قدم ہے۔‘
’ہائبرڈ ماڈل‘ کی قیاس آرائیوں پر شائقین نالاں: ’پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کا بائیکاٹ کرے‘انڈیا کا چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار، شیڈول کا اعلان موخرچیمپیئنز ٹرافی: ’انڈیا کو اگر کوئی خدشہ ہے تو ہم سے بات کرے، تحفظات دور کر دیں گے‘چیمپیئنز ٹرافی سمیت 2027 تک پاکستان انڈیا میچوں کے لیے ’ہائبرڈ ماڈل‘ کا اعلانساجد خان: فوجی کا بیٹا جو ’ہر بار پرفارم کرنے پر ٹیم سے باہر ہو جاتا ہے‘ملتان کی ’روڈ‘ پر 556 رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز تیسری اننگز میں کیوں لڑکھڑا گئے؟