انگلیںڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر اگلے ماہ لاہور میں افغانستان کی ٹیم کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کے حق میں نہیں ہیں۔خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق انگلش کپتان میچ کے بائیکاٹ کے مطالبے کے باوجود افغانستان کے خلاف کھیلنے کے حق میں ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان اگلے ماہ فروری کی 26 تاریخ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کا میچ شیڈول ہے۔رواں ماہ برطانیہ کے 160 سے زائد سیاست دانوں نے ایک خط پر دستخط کر کے مطالبہ کیا کہ انگلش ٹیم افغانستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کرتے تاکہ طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی پر مؤقف سامنے آئے۔انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ ’اس طرح کی سیاسی صورتحال سے بطور کھلاڑی آپ آگاہ رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ماہرین اس پر زیادہ جانتے ہیں۔ میری کوشش ہے کہ اس حوالے سے کرکٹ بورڈ کے حکام سے بات کروں۔ میں نہیں سمجھتا کہ بائیکاٹ کی طرف جانا چاہیے۔‘برطانوی میڈیا کے مطابق جوز بٹلر نے یہ گفتگو انڈیا کے خلاف پہلے ٹی20 میچ سے قبل کی۔کابل میں اگست 2021 میں طالبان کی اقتدار میں واپسی کے بعد سے کھیلوں میں افغان خواتین کی شرکت کو غیرقانونی قرار دے دیا گیا ہے۔یہ ایک ایسا اقدام ہے جس سے افغانستان کرکٹ بورڈ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا جاتا ہے۔جوز بٹلر نے مزید کہا کہ ’بطور کھلاڑی آپ نہیں چاہتے کہ سیاسی حالات کھیل کو متاثر کریں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی میں اپنا کھیل پیش کریں گے اور یہ واقعی ایک اچھا ٹورنامنٹ ہوگا۔‘2003 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے رابرٹ موگابے کی حکومت کے خلاف احتجاج کے طور پر زمبابوے کے خلاف میچ نہیں کھیلا تھا اور مخالف ٹیم کو دو پوائنٹس مل گئے تھے۔