ہالی وڈ کے سپرسٹار جوڑے انجیلینا جولی اور بریڈ پٹ کے درمیان آٹھ سال بعد طلاق کے معاملات طے پا گئے ہیں۔
ویب سائٹ ڈیڈلائن ڈاٹ کام کے مطابق پیپل میگزین کو اپنے بیان میں انجیلینا جولی کے وکیل جیمز سائمن نے کہا ہے کہ جوڑے کے درمیان طلاق کا تصفیہ آٹھ سال بعد طے پا گیا ہے۔
جیمز سائمن کا کہنا ہے کہ ’آٹھ برس قبل انجیلینا جولی نے بریڈ پٹ سے طلاق لینے کی درخواست دائر کی تھی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’انجیلینا اور اُن کے بچوں نے بریڈ پٹ کے ساتھ مشترکہ پراپرٹی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی اور اس کے بعد اداکارہ نے اپنی فیملی (بچوں) پر توجہ دینا شروع کر دی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سچ بتاؤں تو انجیلینا جولی بہت تھک چکی ہیں لیکن وہ اُس بات پر خوش ہیں کہ معاملات طے پا گئے ہیں۔‘
دوسری جانب بریڈ پٹ کے وکیل کو بھیجی گئی ای میل کا ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
بریڈ پٹ اور انجیلینا جولی کی شادی 2014 میں ہوئی تھی۔ اُن کے چھ بچے ہیں۔
شادی کے دو سال بعد یعنی 2016 میں انجیلینا نے بریڈ پٹ پر دوران پرواز اپنے اور بچوں کے ساتھ بدسلوکی کا الزام لگایا تھا اور پھر طلاق کے لیے درخواست دائر کی تھی۔
اس کے بعد 2019 میں عدالت نے انجیلینا جولی کو طلاق یافتہ قرار دیا تھا لیکن مشترکہ اثاثے اور بچوں کی تحویل کے معاملے کو الگ سے طے کرنے کا حکم دیا تھا۔