انڈیا کی ریاست کرناٹک کے کنڑ ٹی وی اداکار چاریتھ بالاپا کو ساتھی اداکارہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق راجراجیشوری نگر پولیس نے اداکار کو ایک 29 سالہ اداکارہ کی شکایت درج کرانے کے بعد حراست میں لیا ہے۔
پولیس نے ان کے خلاف جان بوجھ کر کسی دوسرے شخص کو تکلیف پہنچانے، بھتہ خوری، کسی کو جائیداد، رقم دینے پر مجبور کرنے کے لیے ڈرانے دھمکانے، مجرمانہ دھمکی اور جنسی طور پر ہراساں کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ یہ جرم سال 2023 اور 2024 کے درمیان ہوا اور متاثرہ خاتون نے 13 دسمبر کو شکایت درج کرائی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون جو 2017 سے کنڑ اور تیلگو سیریل میں کام کر رہی ہیں، کی 2023 میں ملزم سے واقفیت ہوئی۔ ملزم نے اداکارہ کے ساتھ رومانوی تعلقات قائم کرنے پر اصرار کیا، ذہنی طور پر ہراساں کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔‘پولیس کے مطابق خاتون چونکہ اکیلی رہتی ہیں لہذا اس بات کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے ملزم نے خاتون سے جسمانی تعلقات قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ’ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ان کی رہائش گاہ کے قریب اکثر ہنگامہ آرائی کرتا تھا اور جسمانی تعلق قائم کرنے کے لیے دباؤ ڈالتا تھا۔‘پولیس نے مزید بتایا کہ ’ملزم نے دھمکی دی کہ اگر اداکارہ نے اس کے مالی مطالبات پورے نہ کیے تو وہ ان کی ویڈیوز اور تصاویر اُن تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور واٹس ایپ گروپس میں شیئر کر دیں گے جن میں اداکار اور اداکارائیں شامل ہیں۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ملزم اسے بلیک میل کرتا تھا کہ اگر وہ اس کے مطالبات پورے کرنے میں ناکام رہی تو اسے بدنام کر دے گا۔ملزم نے سیاستدانوں سمیت بااثر افراد کے ساتھ اپنے تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے انہیں دھمکی دی کہ وہ جب چاہے انہیں سلاخوں کے پیچھے پہنچا سکتا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اداکارہ نے الزام عائد کیا ہے کہ طلاق یافتہ ملزم نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں اور کہا کہ وہ انہیں ختم کر سکتا ہے۔