وراٹ کوہلی کو آسٹریلوی کھلاڑی کو ٹکر مارنے کی کیا سزا ملی؟

اردو نیوز  |  Dec 27, 2024

انڈین کرکٹر وراٹ کوہلی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز ابتدائی سیشن کے دوران اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے آسٹریلیا کے اوپنر سیم کونسٹاس کو کندھا مارنے پر پابندی لگنے سے تو بچ نکلے ہیں البتہ ان پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے.

انڈیا ٹوڈے کے مطابق میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں آسٹریلیا کے خلاف انڈیا کے چوتھے ٹیسٹ میں سام کونسٹاس کے ساتھ جھگڑا کرنے پر وراٹ کوہلی کو ان کی میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

26 دسمبر کو وراٹ کوہلی نے میچ کے پہلے سیشن میں آسٹریلیوی ٹیسٹ ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی کو کندھا مارا تھا۔

بعد ازاں وراٹ کوہلی اور میچ ریفری اینڈی پائکرافٹ کے درمیان تقریناً 10 منٹ تک ملاقات جاری رہی جس میں انڈیا کے سابق کپتان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا۔

اس کے بعد وراٹ کوہلی پر لیول ون کے جرم کا الزام عائد کیا گیا جو کہ میدان میں جسمانی طور پر ٹکرانے کی سب سے ہلکی دفعہ ہے.

وراٹ کوہلی کے متعلق جب یہ ظاہر ہوا کہ وہ آسٹریلیا کے بیٹر کے ساتھ جان بوجھ کر ٹکرائے ہیں تو توقع یہ کی جا رہی تھی کے انہیں سزا کے طور پر ایک میچ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

آئی سی سی کے قوانین کے مطابق کسی کھلاڑی کے ساتھ جان بوجھ کر ٹکرانے کو اکثر لیول ٹو کا جرم تصور کیا جاتا ہے جس پر کھلاڑی کو تین یا چار ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جا سکتے ہیں۔

اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ کے دوران چار ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کرتا ہے تو اس پر ایک ٹیسٹ میچ یا پھر ٹی20 اور ون ڈے کے دو میچوں کی پابندی لگائی جا سکتی ہے۔

وراٹ کوہلی کو مخالف ٹیم کے کھلاڑی کے ساتھ برتے جانے والے رویے پر صرف ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔

اصل واقعہ کیا تھا؟میچ کے 10ویں اوور کے اختتام پر وراٹ کوہلی نے سیم کونسٹاس سے کندھا ٹکرایا تھا جس پر دونوں کے درمیان تکرار ہوئی تاہم عثمان خواجہ اور امپائرز نے بیچ بچاؤ کروا دیا۔

بعدازاں ری پلے ویڈیو میں دیکھا گیا کہ 10ویں اوور کی آخری گیند کے بعد سیم کونسٹاس واپس اپنی کریز پر آئے اور پھر دوسری طرف سیدھا چل پڑے جبکہ اسی دوران وراٹ کوہلی پچ کی دوسری طرف سے آتے ہوئے کونسٹاس سے ٹکرا گئے۔

سیم کونسٹاس نے کا یہ ڈیبیو میچ تھا۔ انہوں نے اپنے ڈیبیو میچ میں 65 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔

انہوں نے جسپریت بمراہ کی 33 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 34 رنز جبکہ محمد سراج کی 19 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 20 رنز بنائے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More