’عظیم بخشش‘: ’آٹھ مقدس دروازے جن سے گزرنے والوں کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں‘

بی بی سی اردو  |  Dec 25, 2024

Getty Images

کیتھولک مسیحیوں کے پیشوا پوپ فرانسس نے منگل کے روز مقدس دروازہ کُھول کر سنہ 2025 کے مقدس سال یعنی جوبلی ائیر کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔

کرسمس سے ایک روز قبل ہونے والے اس اجتماع کے آغاز پر پوپ فرانسس نے ’سینٹ پیٹرز‘ گرجا گھر کا مقدس دروازہ کھولا۔ یہ دروازہ آئندہ پورے سال کھلا رہے گا تاکہ زیارت کی غرض سے روم جانے والے زائرین اس سے گزر سکیں۔ یاد رہے کہ آئندہ برس سیاحت کی غرض سے روم میں تین کروڑ 20 لاکھ افراد کی آمد متوقع ہے۔

کرسمس سے ایک روز قبل شام کو شروع ہونے والا یہ جشن 6 جنوری 2026 تک جاری رہے گا۔ یہ ایک ایسی رسم ہے جو چھ صدیوں سے منائی جا رہی ہے۔

Getty Imagesپوپ فرانسس نے منگل کے روز مقدس دروازہ کھول کر 2025 کے مقدس سال یا جوبلی ایئر کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔

مقدس سال پہلی مرتبہ 14ویں صدی میں منایا گیا تھا۔ آخری مرتبہ یہ سنہ 2000 میں منایا گیا تھا۔

روم کی زیارت کے ساتھ ساتھ اس مقدس دروازے سے گزرنا کیتھولک مسیحیوں کی سب سے مشہور رسومات میں سے ایک ہے۔ یہ ایک ایسی رسم ہے جسے ادا کر کے زائرین ’اپنے گناہوں کی معافی‘ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

Getty Imagesمقدس دروازہ کیا ہے؟

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے فادر فرمین لابارگا نے بتایا کہ چرچ کا یہ دروازہ صرف مقدس سال کے دوران کھولا جاتا ہے۔

فادر لابارگا یونیورسٹی آف ناوارا (سپین) میں چرچ کی تاریخ کے پروفیسر ہیں۔ اُن کے مطابق ’دروازہ کسی بھی عمارت کا ایک ایسا عنصر ہوتا ہے جو ہمیں کسی مرکزی مقام تک رسائی کی اجازت دیتا ہے۔‘

ویٹیکن میں واقع سینٹ پیٹرز چرچ کو کیتھولک مذہب میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ تاہم مقدس دروازہ صرف یہییں موجود نہیں ہے۔

لابرگا بتاتے ہیں کہ ’سب سے پہلا اور قدیم ترین مقدس دروازہ سینٹ جان لیٹران چرچ کا ہے، جسے پوپ مارٹن پنجم نے سنہ 1423 میں کھولا تھا۔‘

چوتھی صدی عیسوی میں تعمیر کیا جانے والا سینٹ جان لیٹرن چرچ مغرب میں سب سے قدیم چرچ ہے اور روم کا کیتھیڈرل بھی ہے۔

پوپ مارٹن پنجم کی جانب سے پہلا مقدس دروازہ کھولے جانے کے چند دہائیوں کے بعد 1499 میں الیگزینڈر ششم کے حکم پر سینٹ پیٹرز چرچ میں ایک خصوصی داخلی دروازہ نصب کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی مقدس دروازے کی رسم کو ہر 25 سال بعد منانے کی رسم کو مسیحی رواج کا حصہ بنا لیا گیا۔

اس کے بعد ’سانتا ماریا میگیور‘ اور ’سینٹ پال آؤٹ سائڈ دی وال‘ میں دو مزید مقدس دروازے کھولنے کا حکم دیا گیا۔ یہ دونوں دروازے سنہ 1500 میں منائے جانے والے جوبلی سال کے جشن کے لیے آنے والے زائرین کے لیے تیار کیے گئے تھے۔

پرتگال کے ’مزارِ فاطمہ‘ کی کہانی جہاں ہر سال لاکھوں مسیحی زائرین آتے ہیںکیا حضرت عیسیٰ کا تاریخ میں ذکر ہے؟حضرت عیسیٰ کا کفن کہلایا جانے والا ’ٹیورن شراؤڈ‘ کیا ہے اور وہ ایک بار پھر خبروں میں کیوں ہے؟فلسطین کا وہ گرجا گھر جہاں بے اولاد افراد کی ’مرادیں پوری ہوتی ہیں‘

رواں سال پوپ فرانسس چار چرچوں میں نصب مقدس دروازے مندرجہ ذیل ترتیب میں کھولیں گے:

24 دسمبر کو سینٹ پیٹرز چرچ میں پہلا مقدس دروازہ کھول دیا گیا ہے۔ اس دورازے کو ’عظیم بخشش کا دروازہ‘ بھی کہا جاتا ہے۔

29 دسمبر کو سینٹ جان لیٹرن چرچ میں واقع دروازہ زائرین کے لیے کھولا جائے گا۔

اس کے بعد یکم جنوری 2025 کو سانتا ماریا میگیور کا مقدس دروازہ کھلے گا۔

سب سے آخر میں پانچ جنوری 2025 کو سان پابلو ایکسٹرامیوروس کا مقدس دروازہ کھولا جائے گا۔

روم سے باہر موجود مقدس دروازے

اس جوبلی کے دوران صرف رومن پوپل چرچز کے مقدس دروازے کھولے جائیں گے جبکہ اس کے علاوہ ایک جیل میں قیدیوں کی سہولت (بخشش) کے لیے بنایا گیا عارضی دروازہ کھولا جائے گا۔

تاہم دنیا میں ان کے علاوہ چار دیگر گرجا گھروں میں مقدس دروازے بھی موجود ہیں۔ ان میں سے دو دروازے اٹلی میں پائے جاتے ہیں: ایک لاکیولا شہر میں سانتا ماریا دی کولیماگیو کے چرچ میں اور دوسرا ایٹری کے ’کیتھیڈرل آف دی اسمپشن آف میری‘ میں۔

یہ دونوں مقدس دروازے ایک دوسرے سے 85 کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر واقع ہیں۔

Getty Images

ان دونوں مقدس دروازوں کی بنیاد 1294 میں اُس وقت رکھی گئی جب پوپ سیلسٹین پنجم نے فرمان جاری کیا کہ ہر وہ شخص جو دونوں مقدس مقامات پر عبادت کے لیے آئے اور ان دروازوں سے گزرے، اس کے گناہ معاف ہو جائیں گے۔ ان دونوں مذہبی مقامات کی ویب سائٹس کے مطابق اس رسم کو سیلسٹین پارڈن (معافی) کے نام سے جانا جاتا ہے۔

روم کے مقدس دروازوں کے برعکس ان دونوں اطالوی قصبوں کے دروازے صرف مقدس سالوں کی دوران نہیں بلکہ ہر سال چند دنوں کے لیے کھولے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ اِن کا افتتاح پوپ یا چرچ کا کوئی بھی شخص جسے پوپ کی جانب سے اس مقصد کے لیے نامزد کیا گیا ہو، کر سکتا ہے۔

لاکیولا کا دروازہ 28 اور 29 اگست کے درمیان کھولا جاتا ہے جبکہ ایٹری میں واقع دروازہ اگست کی 14 تاریخ کو کھلتا ہے۔

اگرچہ یہ دروازے سینٹ جان لیٹرن کے دروازے سے پرانے لگتے ہیں لیکن لابارگا کو اس بات پر یقین نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پوپ سیلسٹائن پنجم کی جانب سے معافی کا فرمان (فتویٰ) تو یقیناً 29 ستمبر 1294 کو جاری ہوا تھا لیکن دروازے شاید 15ویں صدی کے آخر میں روم کی تقلید میں قائم کیے گئے تھے۔

Getty Imagesکیتھیڈرل آف سینٹیاگو ڈی کمپوسٹیلا

سپین کے شمالی علاقے گیلیشیا میں ایک اور مقدس دروازہ بھی ہے: کیتھیڈرل آف سینٹیاگو ڈی کمپوسٹیلا کا عقبی دروازہ۔

ہسپانوی کیتھیڈرل کے مطابق رومن بیسلیکاز کی طرح سینٹیاگو کے کیتھیڈرل کا مقدس دروازہ بھی صرف مقدس سالوں کے دوران کھولا جاتا ہے۔ سینٹیاگو میں ہر وہ سال مقدس مانا جاتا ہے جب سینٹیاگو میں ہونے والے جشن کا دن (جولائی 25) اتوار کے روز پڑتا ہے۔

تاہم اس دروازے کے ابتدا کے بارے میں بھی شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔

کیتھیڈرل کے پریس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بی بی سی کو ارسال کیے گئے اخباری مواد کے مطابق ’کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ رومی مقدس سالوں سے قبل قرون وسطیٰ میں بھی شاید اس طرز کی روایات رہی ہوں لیکن قوی امکان اس بات کا ہے کہ سینٹیاگو نے عیسائیت سے اس رسم کو اپنایا ہو۔‘

دستاویزات کے مطابق یہ مقدس دروازہ 16 ویں صدی کے ابتدائی سالوں میں آرچ بشپ الونسو III ڈی فونسیکا نے بنوایا تھا جو پوپ الیگزینڈر ششم کی طرف سے قائم کی گئی رومن رسم سے واقف تھے۔

آٹھواں اور آخری مقدس دروازہ کینیڈا کے کیتھیڈرل آف نوٹری ڈیم آف کیوبیک میں ہے جسے 2014 میں پوپ بینیڈکٹ XVI کی اجازت کے ساتھ کھولا گیا تھا۔ یہ یورپ سے باہر موجود واحد مقدس دروازہ ہے۔

کیوبیک کے آرچ ڈائیسیس کے پریس ڈیپارٹمنٹ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ مقدس دروازہ 2024 کے دوران ڈائیسیز کے قیام کی 350 ویں سالگرہ کی خوشی میں پورا سال کھلا رہا ہے۔ کیوبیک کا آرچ ڈائیسیس ملک کا پہلا کیتھولک ڈائیسیس تھا۔

صرف ان ہی گرجا گھروں میں یہ خاص دروازے کیوں ہیں؟

لابارگا کے مطابق یہ پوپ کے فیصلہ ہیں۔ وہ اس جانب اشارہ کرتے ہیں کہ یہ پوپ کی صوابدید پر مبنی ہے کہ اس نوعیت کا دروازہ کہاں واقع ہو گا۔

لابارگا کا کہنا ہے کہ گذشتہ جوبلی کے تہواروں کے دوران سابقہ پوپ حضرات نے فیصلہ کیا کہ ہر ڈائیسیز کے سب سے اہم گرجا گھر میں ایک جوبلی دروازہ ہونا چاہیے۔

ان کے مطابق اس ہی صوابدید کا استعمال کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے اس بار فیصلہ کیا کہ روم کی جیل ریبیبیا میں ایک مقدس دروازہ ہونا چاہیے تاکہ قیدی بھی نجات حاصل کر سکیں۔

Getty Imagesپوپ پال ششم کا خوف اور پتھر کی دیوار کی روایت کا خاتمہ

جب مقدس سال نہیں منایا جا رہا ہوتا تو ان دروازوں کو بند رکھا جاتا ہے۔

تاہم صدیوں پرانا رواج اس وقت ختم ہوا جب 1975 میں پیش آنے والے ایک واقعے نے اُس وقت کے پوپ کو خوفزدہ کر دیا۔

یہ سب 50 سال قبل سنہ 1974 میں کرسمس کے موقع پر ہوا تھا جب اس وقت کے پوپ پال ششم سینٹ پیٹرز چرچ کے داخلی دروازے کو کھولنے اور سنہ 1975 کے جوبلی ایئر کو شروع کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔

جب انھوں نے رسم کے مطابق دعائیں پڑھتے ہوئے چاندی کے ہتھوڑے سے دروازے کے سامنے کھڑی کی گئی پتھر کی دیوار کو تین بار مارا تو اچانک کچھ ملبہ ان سے صرف چند سینٹی میٹرز کے فاصلے پر گر پڑا۔

ویٹیکن کے اپنے خبر رساں ادارے کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو کے مطابق اس واقعے کے دوران پوپ بمشکل جھک پائے تھے۔

اس وقت کی کچھ خبروں میں دعویٰ کیا گیا پوپ کو کچھ پتھر لگے جن کی وجہ سے وہ معمولی زخمی ہوئے۔

لابارگا اس واقعے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ اس لیے پیش آیا کیونکہ جس وقت پوپ رسم ادا کر رہے تھے اس ہی وقت مزدور دیوار کو گرا رہے تھے۔ بعد ازاں اس کام کو کم خطرناک بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اب سینٹ پیٹرز میں مقدس دروازہ کھولے جانے سے چند دن پہلے پتھر کی دیوار کو ہٹا دیا جاتا ہے۔

سینٹیاگو میں پتھر کی دیوار بنانے کی روایت کو ختم کر دیا گیا تاکہ اس کے ملبے سے کیتھیڈرل کا اندرونی حصے کو گندا یا خراب نہ ہو۔

ختنے کی رسم یہودیوں میں کیوں باقی رہی اور مسیحیوں نے اسے کیوں چھوڑ دیا؟ایک ارب روپے سے زیادہ میں نیلام ہونے والی 1600 سال پرانی مذہبی کتاب میں ایسی کیا خاص بات ہےاسرائیلی ساحل کے قریب ‘حضرت عیسیٰ کے علامتی عکس‘ والی انگوٹھی دریافتعید الاضحیٰ اور قربانی: یہودیت، عیسائیت اور ہندومت جیسے مذاہب میں قربانی کا تصوروہ مسیحی فرقہ جس میں ایک سے زیادہ شادیوں کی اجازت تو ہے لیکن کافی اور شراب ممنوع ہیںاٹلی کا نوجوان جو 21ویں صدی کا پہلا مسیحی ’سینٹ‘ بننے کے قریب
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More