ہالی وڈ میں کام کرنا اعزاز ہے، 2025 میں بالی وڈ میں واپسی کا ارادہ ہے: پرینکا چوپڑا

اردو نیوز  |  Dec 13, 2024

عالمی شہرت یافتہ انڈین اداکارہ اور پروڈیوسر پرینکا چوپڑا نے بالی وڈ کے مداحوں کو خوش خبری دی ہے کہ وہ بولی وڈ کی فلم میں کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد پرینکا چوپڑا نے بالی وڈ سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ 2025 میں انڈین فلموں میں واپس آئیں گی۔‘

سابق مس ورلڈ نے جدہ میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران بتایا کہ ’مجھے انڈیا میں فلم کیے ہوئے چھ، سات سال ہو چکے ہیں، میں انڈین رقص، زبان اور ثقافت کو بہت یاد کرتی ہوں۔‘

امریکی فلم انڈسٹری ہالی وڈ میں اپنی کامیابی کے باوجود انہوں نے واضح کیا کہ ’وہ ہالی وڈ اور بالی وڈ دونوں فلم انڈسٹریز میں ہمیشہ سے کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔‘

سٹار اداکارہ نے کہا کہ ’دنیا کی دو سب سے بڑی فلم انڈسٹریز میں کام کرنے کا موقع ایک اعزاز ہے اور میں اس پر فخر محسوس کرتی ہوں۔‘

پرینکا چوپڑا نے 2024 میں ہالی وڈ میں اپنی مصروفیات اور آنے والے پروجیکٹس کے بارے میں بتایا کہ ’میں نے ایمیزون پرائم ویڈیو کی سیریز ’سیٹڈل‘ کے دوسرے سیزن اور ایکشن فلم ’دی بلف‘ کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے۔‘

اداکارہ کا کہنا ہے کہ ’دنیا کی دو سب سے بڑی انڈسٹریز میں کام کرنا ایک اعزاز ہے‘ (فائل فوٹو: پرینکا چوپڑا انسٹاگرام)ہالی وڈ فلم ’دی بلف‘ میں پرینکا چوپڑا ایک خاتون قزاق کا کردار نبھا رہی ہیں جو تاریخی خواتین بحری قزاقوں کی حقیقی کہانیوں سے مبنی ہے۔ یہ فلم ایک عورت کی اپنے خاندان کو بچانے کی جدوجہد پر بنائی گئی ہے۔

پرینکا چوپڑا جوناس نے بالی وڈ میں ’ ڈان 2 ‘ اور ’کرش‘ جیسی ہٹ فلموں سے شہرت حاصل کرنے کے بعد  ’بے واچ‘ اور ’دی میٹرکس ریزریکشنز‘ جیسی فلموں کے ذریعے ہالی وڈ میں اپنی جگہ بنائی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More