آسٹن سے لاس اینجلس جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی ایک پرواز میں پیش آنے والا واقعہ سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا رہا ہے، جس میں ایک مسافر کی ناقابلِ یقین اور عجیب حرکات نے سب کو حیران کر دیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافر نے جہاز کی سیٹ کو بار بار لاتیں ماریں، قطار میں موجود کرسیوں کو زور سے دھکیلتے ہوئے ان کے پیچھے خالی نشستوں کی جانب پھینکنے کی کوشش کی۔
یہیں پر بات ختم نہیں ہوتی، چند لمحوں بعد اس مسافر نے سیٹ پر چھلانگ لگا کر اسے توڑنے کی کوشش کی، جس سے جہاز کا عملہ اور دیگر مسافر پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔ کیلیفورنیا میں رہنے والے گینو گالوفرو، جو اسی پرواز پر موجود تھے، نے اس غیرمعمولی منظر کا سامنا کرتے ہوئے فوری ایکشن لیا۔ گالوفرو کے مطابق، انہوں نے اس مسافر کو پرسکون کرنے کی کوشش کی، لیکن جب وہ باز نہ آیا تو دیگر مسافروں کے ساتھ مل کر اس کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے اور اسے سیٹ بیلٹ کے ذریعے سیٹ سے باندھ دیا۔
یہ ڈرامائی صورتحال پرواز کے زمین پر اترنے سے 40 منٹ قبل پیش آئی۔ جیسے ہی جہاز لاس اینجلس پہنچا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر مذکورہ مسافر کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ یونائیٹڈ ایئرلائنز نے اس واقعے کے بعد بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ مذکورہ مسافر پر ہمیشہ کے لیے ان کی پروازوں میں سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یہ حیرت انگیز واقعہ انٹرنیٹ صارفین کے لیے موضوعِ بحث بن چکا ہے، جہاں کچھ لوگ مسافروں کی فوری کارروائی کی تعریف کر رہے ہیں تو کچھ ایئرلائنز میں سخت حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس ویڈیو نے نہ صرف سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی بلکہ ایوی ایشن کی دنیا میں مسافروں کے رویے پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔