باکسنگ لیجنڈ مائیک ٹائسن 78 مُکے پڑنے پر نوجوان یوٹیوبر جیک پال سے باآسانی ہار گئے

بی بی سی اردو  |  Nov 16, 2024

Getty Images

ٹیکساس کے سٹیڈیم میں ہزاروں مایوس شائقین اور نیٹ فلکس پر لاکھوں لوگوں نے یہ منظر لائیو دیکھا کہ کیسے ایک یوٹیوبر جیک پال دو بار ہیوی ویٹ چیمپیئن رہنے والے باکسنگ لیجنڈ مائیک ٹائسن کے کیریئر پر ایک مستقل داغ بن گئے۔

اس پروفیشنل ہیوی ویٹ باکسنگ مقابلے کے دوران جیک پال نے 58 سالہ مائیک ٹائسن کو باآسانی شکست دی اور یوں بعض اندازے غلط ثابت ہوئے۔

اگرچہ گذشتہ جمعے کو ایک پروگرام کے دوران ٹائسن نے جیک کو تھپڑ مارا تھا جس کے بعد یہ سمجھا جا رہا تھا کہ اس لڑائی میں جیک کی خوب پٹائی ہو سکتی ہے تاہم اس پورے باسکنگ میچ میں جیک کو واضح برتری رہی اور انھوں نے آسانی سے اپنے سے 31 سال بڑے لیجنڈ کو ہرا دیا۔

27 سالہ پال نے دو منٹ کے آٹھ راؤنڈز کے دوران ٹائسن کو کئی مُکے مارے جبکہ ٹائسن اپنی عمر کے اس حصے میں سست نظر آئے۔ جب وہ لڑنے کے لیے رِنگ میں داخل ہوئے تو سب نے خوب سراہا لیکن میچ میں انھیں بے بس دیکھ کر شائقین مایوسی میں نعرے بازی کرنے لگے۔ جبکہ بعض نتائج دیکھنے سے پہلے ہی جانا شروع ہو چکے تھے۔

سابق باکسر اندرے وارڈ نے اس پر تبصرہ کیا کہ ’امید ہے لوگ زیادہ مایوس نہیں ہوئے ہوں گے۔ ان کی عمر 58 برس ہے، آپ کو اور کیا توقع تھی؟‘

فاتح جیک پال نے 11-1 کے ساتھ اپنا پروفیشنل باکسنگ ریکارڈ بہتر کیا ہے جبکہ ٹائسن کو 19 سال بعد پہلی پرو فائٹ کا حصہ بننے پر اپنے کیریئر کی ساتویں شکست ہوئی ہے۔

ٹائسن: ’کچھ بھی ثابت کرنے نہیں آیا تھا‘

اس شکست کے بعد مائیک ٹائسن نے کہا کہ ’میں خوش ہوں۔ مجھے معلوم تھا کہ وہ اچھے فائٹر ہیں اور زیادہ تیاری کے ساتھ آئیں گے۔‘

’میں کسی کو کچھ بھی ثابت کرنے نہیں آیا تھا، صرف خود کے لیے اس میں شریک ہوا۔ میں جو کر سکتا اس پر مطمئن ہوں۔‘

اس سوال پر کہ کیا وہ دوبارہ کسی مقابلے میں حصہ لیں گے، انھوں نے کہا کہ ’معلوم نہیں، یہ حالات پر منحصر ہے۔ میرا نہیں خیال، شاید ان کے بھائی (لوگن) کے خلاف۔‘

انھوں نے اس لڑائی کے دوران گھٹنے پر حفاظتی بریس پہن رکھا تھا، جس پر انھوں نے کہا کہ ماضی میں انھیں انجری ہوئی تھی۔ ’لیکن میرے لیے یہ کوئی جواز نہیں۔‘

اس مقابلے کے دوران مائیک ٹائسن بار بار اپنے گلووز چبا رہے تھے۔ اس پر وہ کہتے ہیں کہ ’یہ (باکسنگ میں) میری عادت ہے۔‘ بعض مبصرین کی رائے تھی کہ وہ درد کے باعث ایسا کر رہے تھے۔

دوسری طرف فاتح جیک پال کا کہنا ہے کہ انھیں ٹائسن سے لڑنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور یہ مقابلہ ان کے لیے خاصا ’مشکل‘ تھا۔

وہ کہتے ہیں کہ ’میں انھیں ذرا سا درد پہنچانا چاہتا تھا۔ مجھے ڈر تھا کہ وہ مجھے بہت پیٹیں گے۔ میں نے اپنی طرف سے بہترین کھیل پیش کیا۔‘

کیا ایک یوٹیوبر کا اپنے سے 31 برس بڑے باکسنگ لیجینڈ سے مقابلہ حقیقی تھا؟

ٹیکساس کمیشن کی شرائط کے مطابق دونوں باکسرز کے بھاری بھرکم گلووز میں اضافی پیڈنگ تھی۔ دونوں باکسرز نے کوئی بھی ایسا مُکا نہیں مارا جو حریف کو ناک آؤٹ کر پاتا۔

پوری فائٹ کے دوران ٹائسن نے صرف 18 جبکہ پال نے 78 مُکے مارے۔

اگر ہم مائیک ٹائسن اور جیک پال کے درمیان باکسنگ میچ کے مضحکہ خیز ہونے کو کسی مثال سے ثابت کرنا چاہیں تو وہ یہ ہو سکتی ہے: 17 جنوری 1997 میں امریکی ریاست اوہائیو میں پال خاندان اپنے بیٹے جیک کی ولادت کا جشن منا رہا تھا۔ دوسری طرف انٹرنیشنل باکسنگ ڈائجسٹ کے اس مہینے کے شمارے میں یہ سوال کیا جا رہا تھا کہ: ’کیا ٹائسن (کا کریئر) ختم ہو چکا ہے؟‘

’آئرن مائیک‘ یعنی ٹائسن اس وقت اپنے عروج پر نہیں تھے اور دو مہینے پہلے ہی ایونڈر ہولیفیلڈ کے خلاف اپنا باکسنگ میچ 11ویں راؤنڈ میں ہار گئے تھے۔

لیکن باکسنگ ڈائجسٹ میں پوچھے گئے سوال کا جواب یہی تھا: ٹائسن کا دور ختم نہیں ہوا۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ اس فائٹ کو ایک پروفیشنل باکسنگ میچ قرار دیا گیا تھا۔ منتظمین کے بقول یہ میچ کوئی شعبدہ بازی نہیں۔ نیٹ فلکس نے یہ میچ اپنے 28 کروڑ سبسکرائبرز کو براہ راست دکھایا جبکہ اے ٹی اینڈ ٹی سٹیڈیم میں 70 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہ تھی۔

Getty Images

جیک پال ایک یوٹیوبر ہیں اور ان کی کھیلوں کی دنیا میں آمد کو لوگوں نے اچھی نگاہ سے نہیں دیکھا۔ کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ ایک یوٹیوبر کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ ٹائسن کے باکسنگ کیریئر پر کیچڑ اچھالے۔

تاہم جیک کہتے ہیں کہ ’اگر ناقدین کو غصے کا اظہار کرنا ہی ہے تو وہ مائیک ٹائسن پر کریں کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ اس میچ کو ایک پروفیشنل فائٹ کا درجہ حاصل ہو۔‘

باکسنگ کی تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ اکثر ایسے مقابلوں میں ایک مکّا بھی جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ مقابلہ موسمِ گرما میں بھی ایک مرتبہ مؤخر ہوا تھا کیونکہ اس وقت ٹائسن کو پیٹ میں السر کی بیماری کا سامنا تھا اور انھیں خوف تھا کہ وہ موت کے منھ میں بھی جا سکتے ہیں۔

اب ٹائسن کا اصرار ہے کہ ان کی صحت ’ٹھیک‘ ہے۔

’اگر آج میں پاکستان میں ہوتا تو گدھا گاڑی چلا رہا ہوتا‘اولمپک تاریخ میں تمغہ جیتنے والے واحد پاکستانی باکسر ملک چھوڑنے پر مجبور کیوں ہوئے؟سابق باکسنگ چیمپیئن: ’علاج نہ ہوا تو تمغے جلا دوں گا‘چک ویپنر: محمد علی کو گھٹنوں پر لانے والے غیر معروف باکسر جن پر بننے والی فلم کو تین آسکرز ملے

ماضی میں دو مرتبہ ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن رہنے والے ٹائسن نے 2020 میں ایک نمائشی میچ میں روئے جونز جونیئر کا مقابلہ کیا تھا اور اب بھی ان کا جسم ایک متاثر کُن حالت میں ہے۔

لیکن یہ حقیقت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ وہ تقریباً 19 برسوں سے پروفشنل باکسنگ سے دور ہیں۔

جب سنہ 2005 میں وہ کیون مکبرائڈ سے ہارے تھے تو انھوں نے کہا تھا کہ ان کا دِل ٹوٹ چکا ہے اور اب وہ باکسنگ صرف اپنے اخراجات اُٹھانے کے لیے کر رہے ہیں۔

اس میچ کے بعد انھوں نے کہا تھا کہ ’میں اس معیار کے باکسر سے ہار کر اس کھیل کو مزید رسوا نہیں کرنا چاہتا۔‘

اطلاعات کے مطابق جیک اس فائٹ سے 31 ملین پاؤنڈز کما رہے ہیں جبکہ ٹائسن اس رقم کا تقریباً آدھا حصہ، ایسے میں سوالات تو اُٹھیں گے ہی کہ آخر اس میچ کے پیچھے مقصد کیا چھپا ہے۔

Getty Images

حال ہی میں ٹائسن نے انسٹاگرام پر ایک فوٹو پوسٹ کی تھی اور ایک صارف نے اس پر تبصرہ کیا: ’مائیک، کسی سکرپٹ کو فالو مت کرنا۔‘

جیک پر بھی ایسے الزامات ماضی میں لگتے رہے ہیں کہ ان کے میچز کے نتیجے پہلے سے طے ہوتے ہیں۔ لیکن اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ وہ 2020 میں برطانوی باکسر ٹومی فیوری سے ہارے تھے۔

ان کے دیگر مخالف باکسرز میں یو ایف سی کے سابق کھلاڑی شامل تھے اور انھیں انتہائی عقلمندی سے چُنا گیا تھا۔

ڈامینیک بریزیل: 'پھر کبھی باکسنگ گلوز نہیں پہنے گا'عامر خان اکیڈمی ’واگزار‘ کروانے پر پاکستانی فوج اور حکومت کے شکرگزار: ایک باکسنگ اکیڈمی ایف سی اہلکاروں کی قیام گاہ کیسے بنی؟’اللہ میرا حتمی جج ہے۔۔۔‘ جب باکسر محمد علی نے امریکی فوج میں بھرتی ہونے سے انکار کیاایمان خلیف: روٹی اور کچرا بیچنے والی باکسر جن کا اولمپکس میں متنازع سفر طلائی تمغے پر ختم ہوامائیک ٹائسن: پرس چھیننے سے حریف باکسر کا کان چبانے تکمشتبہ گینگسٹر جس کا اب بھی باکسنگ کی دنیا پر اثر و رسوخ ہے
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More