کیا ٹرمپ کی نئی ٹیم کی ترجیحات میں پاکستان اور انڈیا بھی شامل ہوں گے؟

بی بی سی اردو  |  Nov 15, 2024

Getty Images

امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دوسرے دورِ صدارت کے لیے اہم عہدوں پر تعیناتیاں کرنا شروع کر دی ہیں۔ مبصرین ان فیصلوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس بات کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ رپبلکن صدر کی جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور خصوصاً پاکستان کے لیے کیا پالیسی ہوگی۔

نومنتخب امریکی صدر نے اپنی کابینہ میں ایکس کے مالک ایلون مسک اور فاکس نیوز کے سابق میزبان پیٹ ہگستھ جیسی شخصیات کو بھی شامل کیا ہے۔

مگر ٹرمپ کی ٹیم میں ایسی کئی شخصیات شامل ہیں جو ماضی میں جنوبی ایشیا -- خصوصاً پاکستان اور انڈیا -- اور مشرقِ وسطیٰ کے حوالے سے اپنے نقطہ نظر کے باعث خبروں میں رہے ہیں۔

اس کے باوجود مبصرین کا خیال ہے کہ ٹرمپ کی حلف برداری سے قبل واضح طور پر یہ کہنا مشکل ہوگا کہ وہ کس معاملے پر کیا پالیسی اختیار کرتے ہیں۔

مارکو روبیو: سیکریٹری خارجہ

امریکہ کے نومنتخب صدر نے باقاعدہ اعلان کردیا ہے کہ وہ سیکریٹری خارجہ کے اہم عہدے کے لیے سینیٹر مارکو روبیو کو نامزد کیا ہے جو کہ ماضی میں ٹرمپ کے مخالف رہے ہیں لیکن انھیں خارجہ پالیسی امور کا ایک ماہر سمجھا جاتا ہے۔

رواں برس جولائی میں سینیٹر مارکو روبیو اس وقت بھی خبروں میں آئے تھے جب انھوں نے امریکی سینیٹ میں انڈیا کی حمایت اور پاکستان کی مخالفت میں ایک بِل متعارف کروایا تھا۔

اس بِل کا نام امریکہ، انڈیا دفاعی تعاون ایکٹ تھا جس کا مقصد دونوں ممالک میں دفاعی شراکت داری کو بڑھانا تھا تاکہ انڈو پیسیفک خطے میں ’چین میں بڑھتی ہوئی جارحیت‘ کو روکا جا سکے۔

اس بِل میں کہا گیا تھا کہ انڈیا کو درپیش خطرات کے پیش نظر اسے سکیورٹی تعاون مہیا کی جائے اور اس کے ساتھ دفاعی، سِول سپیس، ٹیکنالوجی اور معاشی سرمایہ کاری کے شعبے میں بھی تعاون کیا جائے۔

Getty Images

مارکو روبیو کے بِل میں تجویز پیش کی گئی تھی کہ ’ٹیکنالوجی کی منتقلی‘ کے حوالے سے انڈیا کے ساتھ وہی رویہ اختیار کیا جائے جو کہ امریکہ جاپان، اسرائیلم کوریا اور نیٹو اتحادیوں کے ساتھ رواں رکھتا ہے۔

اس بِل میں پاکستان کا ذکر بھی تھا اور کہا گیا تھا کہ کانگریس کو پاکستان کے ’دہشتگردی اور پروکسی گروپس کے ذریعے انڈیا کے خلاف طاقت کے استعمال‘ پر کانگریس میں رپورٹ جمع کروائی جائے۔

سینیٹ کی ویب سائٹ پر موجود بِل میں کہا گیا ہے کہ ’اگر پاکستان انڈیا کے خلاف دہشتگردی سپانسر کرنے میں ملوث پایا جاتا ہے تو اسے سکیورٹی کے اعتبار سے مدد نہ فراہم کی جائے۔‘

پاکستانی حکام ماضی میں بارہا دہشتگردی کی مالی معاونت جیسے الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔

مارکو روبیو ایران کے حوالے سے بھی سخت موقف رکھتے ہیں اور وہ پاکستان کے پڑوسی کو ’دہشتگرد‘ ملک بھی قرار دے چکے ہیں۔

رواں برس اسرائیل پر ایرانی حملوں کے بعد مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ: ’اسرائیل کو ایران کو ویسا ہی ردِعمل دینا چاہیے جیسا امریکہ دیتا اگر کسی ملک نے ہم پر 180 میزائل داغے ہوتے۔‘

قاتلانہ حملے، مقدمات اور ’سیاسی انتقام‘: ڈونلڈ ٹرمپ کی حیران کن سیاسی واپسی کیسے ممکن ہوئی؟’گھنٹوں میں جنگ کا خاتمہ‘ اور اقتصادی محاذ آرائی کا خدشہ: ٹرمپ کا دوسرا صدارتی دور کیسا ہو گا؟کیا مسلمان اور مسلم ممالک واقعی ڈونلڈ ٹرمپ کو پسند کرتے ہیں؟جیک سمتھ کون ہیں جنھیں ٹرمپ ’دو سیکنڈ میں برطرف کر دیں گے‘

ٹرمپ کے نامزد کردہ سیکریٹری خارجہ حماس کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کی بھی حمایت کرتے آئے ہیں۔

کیپیٹل ہِل پر سیاسی و سماجی کارکنان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انھوں نے حال ہی میں کہا تھا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ وہ (اسرائیل) حماس کے ہر عناصر کو تباہ کرے۔ یہ (حماس) جانور ہیں جنھوں نے خوفناک جرائم کیے ہیں۔‘

مارکو روبیو پاکستان کے قریب ترین اتحادی چین کے حوالے سے بھی انتہائی سخت موقف رکھتے ہیں۔ رواں برس ستمبر میں انھوں نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں چھپنے والے اپنے ایک مضمون میں لکھا تھا کہ چین ’امریکہ کا سب سے بڑا اور ترقی یافتہ مخالف ہے۔‘

اسی برس وہ ایکس پر بھی لکھ چکے ہیں کہ: ’کمیونسٹ چین جمہوری ممالک کا نہ ابھی دوست ہے اور نہ کبھی ہو سکتا ہے۔‘

مائیک والٹز: قومی سلامتی کے مشیر

فلوریڈا کے رُکنِ کانگریس مائیک والٹز کو نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی کے مشیر کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔

50 برس کے مائیک والٹز امریکی فوج کا حصہ رہے ہیں اور کئی بار افغانستان، مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ میں بھی خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں۔

گذشتہ برس انڈین چینل ویون کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے پاکستان کے حوالے بات کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ: ’دہشتگردی خارجہ پالیسی کا حصہ نہیں ہو سکتی۔ چاہے وہ لشکرِ طیبہ ہو یا دیگر دہشتگرد گروہ، یہ ناقابلِ قبول ہے۔‘

’پاکستانی حکومت، پاکستانی فوج اور پاکستانی انٹیلیجنس کو اس سے آگے بڑھنا ہوگا اور ہم ان پر صحیح سمت اختیار کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے رہیں گے۔‘

خیال رہے کہ پاکستانی حکام ماضی میں بارہا ان الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔

Getty Images

صدارتی انتخاب سے قبل رواں برس جولائی میں فلوریڈا پولیٹکس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے ٹرمپ کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ: ’ہمارے ایک صدر تھے جنھوں نے نام نہاد دولت اسلامیہ کو شکست دی تھی، ایران کو توڑ دیا تھا، ہمیشہ اسرائیل اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ کھڑے رہے اور چین کو اس کے کیے پر بھرپائی کرنے پر مجبور کیا۔

’آپ نے صدر ٹرمپ کی موجودگی میں کبھی امریکہ میں جاسوس غبارے نہیں دیکھیں ہوں گے۔‘

تُلسی گبارڈ: ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس

نومنتخب امریکی صدر نے سابق رُکن کانگریس تِلسی گبارڈ کو نیشنل انٹیلیجنس کا ڈائریکٹر نامزد کیا ہے۔

تُلسی گبارڈ امریکی فوج میں بطور لیفٹینٹ کرنل بھی خدمات سرانجام دے چکی ہیں اور ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق وہ اس دوران مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ میں بھی تعینات رہی ہیں۔

ماضی میں تُلسی گبارڈ بھی پاکستان پر تنقید کرتی ہوئی نظر آئی ہیں۔ سنہ 2017 میں انھوں نے پاکستان پر اُسامہ بن لادن کو پناہ دینے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

اس وقت کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی ایک مقدمے پر رہائی پر بھی تُلسی نے پاکستان پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ حافظ سعید ممبئی حملوں کے ’ماسٹر مائنڈ‘ تھے جن میں چھ امریکیوں سمیت سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Getty Images

مارچ 2019میں انھوں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’جب تک پاکستان دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتا رہے گا دونوں ممالک کے درمیان تناؤ رہے گا۔‘

’وقت آ گیا ہے کہ پاکستانی رہنما انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں۔‘

جون ریٹکلف: ڈائریکٹر سی آئی اے

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جون ریٹکلف کو بطور سینٹرل انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی اے) کا سربراہ نامزد کیا ہے۔

ریٹکلف ٹرمپ کے پہلے دورِ صدرات میں نیشنل انٹیلیجنس کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

ان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ چین اور ایران کے حوالے سے سخت مؤقف رکھتے ہیں۔ دسمبر 2020 میں دا وال سٹریٹ جرنل میں ایک مضمون میں انھوں نے لکھا تھا کہ ’انٹیلیجنس بہت واضح ہے: بیجنگ اقتصادی، عسکری اور ٹیکنالوجی کے میدان میں امریکہ اور پوری دینا پر برتری چاہتا ہے۔‘

انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ چین کی بڑی کمپنیاں اپنی سرگرمیوں کی آڑ میں چین کی کمیونسٹ حکومت کے لیے کام کرتی ہیں۔

Getty Images

سنہ 2020 کے صدارتی انتخاب سے قبل بطور نیشنل انٹیلیجنس کے سربراہ ریٹکلف نے ایران پر ڈیموکریٹک ووٹرز کو دھمکی آمیز ای میلز بھیجنے کا الزام لگایا تھا تاکہ ملک میں ’بد امنی‘ پھیلائی جا سکے۔

یہ تعیناتیاں ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کے بارے میں کیا بتاتی ہیں؟

امریکی سیاست اور پالیسی سازوں پر گہری نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں اور مبصرین کا خیال ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری سے قبل واضح طور پر یہ کہنا مشکل ہوگا کہ وہ کس معاملے پر کیا پالیسی اختیار کرتے ہیں۔

تاہم اکثریت کا ماننا ہے کہ پاکستان نئے امریکی صدر کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔

امریکہ میں واقع تھنک ٹینک نیولائنز انسٹٹیوٹ سے منسلک ڈاکٹر کامران بخاری کہتے ہیں کہ اگر ہم ٹرمپ کی جانب سے عہدوں پر نامزد کی گئی شخصیات کے بیانات دیکھیں تو انھیں لگتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اپنے نظریات کے مطابق ہی کام کرے گی۔

تاہم وہ کہتے ہیں کہ پالیسی سازی میں نظریات کا عمل دخل کم ہی ہوتا ہے۔ ’پالیسی سازی میں نظریات سے کام نہیں لیا جا سکتا بلکہ یہ پیچیدہ مشکلات سے نمٹنے کا ایک طریقہ ہوتا ہے۔‘

ڈاکٹر کامران بخاری کے مطابق اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ شخصیات متعدد موضوعات پر سخت موقف رکھتے ہیں لیکن ’ضرورت پڑنے پر وہ کمزور آنے کے ڈر کے بغیر اپنے عملیت پسند ہونے کی گنجائش بھی پیدا کر لیتے ہیں۔‘

نو منتخب امریکی صدر کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آخرکار یہ سب صدر کی ایما پر ہی کام کرتے ہیں جو کہ کوئی نظریاتی شخصیت نہیں بلکہ ڈیل میکر ہیں اور جنگوں کے خلاف ہیں۔‘

تاہم ڈاکٹر کامران بخاری کہتے ہیں کہ ’جہاں تک پاکستان کی بات ہے تمام پالیسیاں پہلے جیسے ہی رہیں گی، اگر معاملات خراب نہیں ہوتے یا پاکستان کسی بڑے بحران کا شکار نہیں ہو جاتا۔‘

’پاکستان ٹرمپ انتظامیہ کے لیے تیسرے درجے کی ترجیحات میں ہی رہے گا یا پھر پاکستان کو نئی آنے والی انتظامیہ کے سامنے خود کو مدد گار ثابت کرنا ہوگا۔‘

پاکستان اور امریکہ کی سیاست میں گہری دلچپسی رکھنے والے مبصر عزیز یونس سمجھتے ہیں کہ نئی ٹرمپ انتظامیہ کی تمام تر توجہ پہلے مشرقِ وسطیٰ اور خصوصاً ایران پر ہوگی۔

’نئی امریکی انتظامیہ کو چیلنجز کے ایک انبار کا سامنا ہے۔ پاکستان خصوصاً اس کی اندرونی سیاست اور اس کا انڈیا سے تعلق ان کی ترجیحات کی فہرست میں بہت نیچے ہوں گے۔‘

Getty Imagesملیحہ لودھی ماضی میں دو مرتبہ واشنگٹن میں پاکستانی سفیر رہ چکی ہیں

تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ قوی امکان یہی ہے کہ ٹرمپ کی مشرق وسطیٰ پالیسی کی بنیاد ’ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ‘ ڈالنے پر ہوگی اور ’ان کی کوشش ہوگی کہ معاہدہ ابراہیمی کو ایک مرتبہ پھر زندہ کیا جائے اور توجہ اس بات پر رکھی جائے کہ سعودی عرب اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم کرلے۔‘

تاہم عزیز یونس کے مطابق ایسا ہونا اس لیے مشکل ہے کیونکہ فلسطین کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔

’پاکستان واشنگٹن کے ریڈار پر نہیں ہے‘

ملیحہ لودھی ماضی میں دو مرتبہ امریکہ میں بطور پاکستانی سفیر خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔ انھوں نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ افغانستان سے فوج کے انخلا کے بعد امریکہ کی نگاہ میں پاکستان کی اہمیت کم ہوئی ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ ’پاکستان ابھی واشنگٹن کے ریڈار پر نہیں ہے۔‘

’پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک تعلقات اور انڈیا اور امریکہ کے درمیان شراکت داری کے بیچ میں ہی پاکستان کو کوئی گنجائش نکالنا ہوگی اور امریکہ سے تعلقات کو بہتر بنانا ہوگا۔‘

تاہم وہ کہتی ہیں کہ ٹرمپ کی ٹیم میں چین مخالف شخصیات اگر پاکستان کو چین یا انڈیا کے لینس سے دیکھتی ہیں تو امریکہ اور پاکستان کے درمیان معنی خیز دو طرفہ تعلقات کی گنجائش مزید سُکڑ جائے گی۔

پاکستان میں موجود دیگر تجزیہ کاروں کا بھی اندازہ یہی ہے کہ نئی انتظامیہ کی پالیسی میں شاید پاکستان کے لیے کوئی خوشگوار تبدیلی دیکھنے میں نہ آئے۔

اسلام آباد میں واقع قائدِ اعظم یونیورسٹی سے منسلک پروفیسر محمد شعیب نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ ’امریکی پالیسی ساز یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو نظر انداز کرنے کی پالیسی اور واشنگٹن میں طاقت کے ایوانوں تک اسلام آباد کو رسائی نہ دینا پاکستان کو ایک مشکل پوزیشن میں رکھنے کے لیے مناسب ہے۔‘

لیکن و سمجھتے ہیں کہ ایران اور چین کے مقابلے میں پاکستان کے پاس زیادہ موقع ہے کہ وہ کچھ کوششیں کرکے ٹرمپ انتظامیہ سے تعلقات بہتر کر سکیں۔

مارکو روبیو: امریکہ کے نامزد سیکرٹری خارجہ جنھیں ٹرمپ نے ’بے خوف جنگجو‘ قرار دیاقلعہ نما رہائش، روبوٹ کتے اور ’وفاداروں کا انتخاب‘: امریکہ میں طاقت کا نیا مرکز جہاں ٹرمپ نئی حکومت بنانے میں مصروف ہیںمیلانیا ٹرمپ: ’معمہ‘ سمجھی جانے والی خاتون اوّل اور سابقہ ماڈل جو نظروں سے اوجھل رہتی ہیںاپنے پوتے پوتیوں میں چھپ کر ٹافیاں اور سوڈا بانٹنے والے ڈونلڈ ٹرمپ کا خاندان’گھنٹوں میں جنگ کا خاتمہ‘ اور اقتصادی محاذ آرائی کا خدشہ: ٹرمپ کا دوسرا صدارتی دور کیسا ہو گا؟ڈونلڈ ٹرمپ: امریکہ کے ’رنگین مزاج ارب پتی‘ شخص سے دوسری بار صدارتی الیکشن میں ’فتح‘ کے اعلان تک
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More