لاہور میں بڑھتی ہوئی اسموگ کی شدت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے پرائمری کلاسز کے طلبا کے لیے ہفتے بھر کی چھٹی کا اعلان کیا ہے اور دفاتر میں بھی پچاس فیصد عملے کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اگلے ہفتے بھارتی ہواؤں کا رخ لاہور کی طرف رہے گا، جسے نہ ہم روک سکتے ہیں نہ موڑ سکتے ہیں، اس مسئلے کا مستقل حل بات چیت میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے تمام گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکولز میں نرسری سے لے کر پانچویں جماعت تک کی کلاسیں بند رہیں گی، اور والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کو گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک پہنائیں اور بزرگوں کو بھی احتیاطی تدابیر اپنانے کی تاکید کی۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ لاہور میں ایک کلومیٹر کے گرین زون میں چنگ چی رکشوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مصنوعی بارش کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں اور موقع ملتے ہی اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
محکمہ ماحولیات نے اس اعلان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکولز کی چھٹیاں 4 نومبر سے 9 نومبر تک رہیں گی، اور حالات کے پیش نظر چھٹیوں میں مزید توسیع کا فیصلہ 9 نومبر کو کیا جائے گا۔