انگلینڈ کے خلاف فیصلہ کن ٹیسٹ میچ، پاکستان کی پلیئنگ الیون کا اعلان

اردو نیوز  |  Oct 23, 2024

پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ 

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے اس میچ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرنے والے ابتدائی گیارہ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

پی سی بی کی جانب سے یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب انگلینڈ نے منگل کو راولپنڈی میں ہونے والے میچ کے لیے اپنے بولنگ کمبینیشن میں تبدیلی کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ 24 اکتوبر جمعرات سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے۔ اس میچ میں پاکستان کی قیادت شان مسعود کریں گے، جبکہ کامران غلام، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، نائب کپتان سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔

تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان کے پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی (فوٹو: پاکستان کرکٹ بورڈ) 

تین میچوں کی اس سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو ہرا دیا۔ تیسرے میچ کا نتیجہ سیریز کا فیصلہ کرے گا۔

دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے کہا ہے کہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں پہلے بیٹنگ کریں گے تاکہ پچ کو سمجھ سکیں، کیونکہ راولپنڈی کی پچ پہلے چند روز اچھی ہوگی۔ اس بار دو فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بین سٹوکس نے کہا کہ ’بولنگ شروع کردی ہے، ملتان ٹیسٹ میچ میں بولنگ کروانے کے بعد اچھا محسوس کررہا ہوں، ٹریننگ میں بھی 2 سپیلز کروائے ہیں، امید کرتا ہوں کہ ملتان ٹیسٹ کی نسبت راولپنڈی ٹیسٹ میں بہتر بولنگ کروا پاؤں گا۔‘

اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ کو خشک کرنے کے لیے صنعتی سائز کے پنکھے، آؤٹ ڈور ہیٹر اور ونڈ بریکرز کا استعمال کیا گیا۔

اتوار کو گراؤنڈ سٹاف نے پچ کے دونوں اطراف تین بڑے ہیٹر اور ایک صنعتی سائز کا پنکھا نصب کیا تھا جن کی مدد سے پچ کو خشک کیا جا رہا تھا۔ ساتھ ہی ساتھ پچ پر وینڈ بریکر بھی نصب کیے گئے تھے تاکہ گرم ہوا پچ کی سطح سے باہر نہ نکل سکے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More