توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور ، رہائی کا حکم

ہم نیوز  |  Oct 23, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیدیا۔

بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔ جسٹس حسن اورنگزیب نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو بشریٰ بی بی سے تفتیش کی ضرورت پڑی؟ جب سے کیس منتقل ہوا آپ نے کوئی تفتیش کی؟ ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے جواب دیا نہیں مجھے ضرورت نہیں پڑی۔

توشہ خانہ ٹو کیس ، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت خارج ، 2 اکتوبر کو فرد جرم عائد ہو گی

عدالت نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے تحائف جمع نہیں کرائے تو بانی پی ٹی آئی کو ملزم کیوں بنایا گیا؟ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ پبلک آفس ہولڈر سابق چیئرمین پی ٹی آئی تھے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ برطانوی وزیراعظم بھی تحائف اپنے ساتھ گھر لے گیا ہے، سب نے اسے کہا تو کہتا ہے رولزکے مطابق لیا ہے، اُسے کہا گیا کہ رولز اپنی جگہ لیکن تمہارا قد کاٹھ بھی ہے۔

فاضل جج نے کہا اگر آپ کو یا ڈپٹی اٹارنی جنرل صاحب کو موقع ملے تو آذربائیجان جا کر دیکھیں، آذربائیجان میں ایک ایسا میوزیم ہے جہاں پر گفٹ رکھے جاتے ہیں، دنیا کے صدور کو جو تحائف ملتے ہیں وہ وہاں پر  رکھتے ہیں ان کی تصاویر کے ساتھ، یاسر عرفات کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے ماڈل کا تحفہ بھی وہاں موجود ہے، وہاں جانا ہوا تو ہم بھی ڈھونڈتے رہے، مجھے وہاں پر بینظیر بھٹو شہید کی تصویر نظر آئی، بدقسمتی سے کسی اور کی کوئی تصویر نظر نہیں آئی۔

بشریٰ بی بی نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے درخواست دائر کر دی

ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید نے کہا کہ جیولری آئٹم کی فزیکلی دستیابی تک اس کی مارکیٹ ویلیو کا تعین ہی نہیں کیا جا سکتا، یہ جیولری سیٹ کبھی جمع ہی نہیں کرایا گیا، اپنے پاس رکھتے ہوئے ہی قیمت لگوائی گئی، ریاست کو اس جیولری سیٹ کا درست تخمینہ لگوانے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔

عدالت نے کہا کہ اس کی قیمت کا تعین تو جیولری سیٹ سامنے رکھ کر آکشن میں سب سے زیادہ بولی دینے والے کے مطابق ہونا چاہیے، اگر اب یہ بلغاری سیٹ واپس کر دیں تو کیا ہو گا؟ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا نیب قانون میں تو پلی بارگین ہے لیکن اس قانون میں ایسی کوئی شق نہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ توشہ خانہ کی تحفےکی قیمت کا درست تخمینہ بولی کے ذریعے ہی لگایا جا سکتا ہے، آپ کسی شاپ سےگھڑی لے کر نکلیں، پھر بعد میں اس کی قیمت لگوائیں تو کیا قیمت لگے گی؟۔

آئی جی اور چیف کمشنر بتائیں گے پارلیمنٹ کے اندر پولیس کیسے گئی ، گرفتاری کیسے ہوئی ؟ اسلام آباد ہائیکورٹ

تفتیشی افسر کا کہنا تھا ریاست کو ملنے والا گفٹ جمع کرانا اور ڈیکلیئر کرنا ہوتا ہے، قانونی طریقے سے خریدے جانے تک تحفہ ریاست کی ملکیت ہوتا ہے، پروسیجرکے تحت قیمت کا تخمینہ لگنے کے بعد 4 ماہ میں تحفہ خریدا جا سکتا ہے، کیس ایسے گفٹ سے متعلق ہے جو جمع ہی نہیں کرایا گیا، ریاست کا ملکیتی تحفہ خریدنے سے قبل اپنے پاس نہیں رکھا جا سکتا۔

بعد ازاں عدالت نے بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More