’سپن کی تلاش‘، راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ پر ہیٹر اور پنکھے نصب

اردو نیوز  |  Oct 23, 2024

کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے فیصلہ کن میچ میں سپن بالنگ کے لیے سازگار پچ تیار کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ کو خشک کرنے کے لیے صنعتی سائز کے پنکھے، آؤٹ ڈور ہیٹر اور ونڈ بریکرز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ 

اتوار کے روز گراؤنڈ سٹاف نے پچ کے دونوں اطراف پر تین بڑے ہیٹر اور ایک صنعتی سائز کا پنکھا نصب کیا تھا جن کی مدد سے پچ کو خشک کیا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ پچ پر وینڈ بریکر بھی نصب کیے گئے تھے تاکہ گرم ہوا پچ کی سطح سے باہر نہ نکل سکے۔

اس سے قبل پیر کو پاکستان کے کھلاڑیوں اور عملے نے تربیتی سیشن کے دوران پچ کی سطح کا معائنہ بھی کیا، تاہم اس وقت تک پچ پر صرف پنکھے ہی نصب تھے اور اسے دھوپ میں خشک کیا جا رہا تھا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ کی سیریز کا آخری میچ جمعرات کو راولپنڈی میں شیڈول ہے۔ 

ملتان میں پہلے ٹیسٹ کے دوران استعمال ہونے والی ’بے جان‘ پچ پر پاکستان ٹیم کو ایک اننگز سے شکست ہوئی تھی۔

مایوس کن شکست کے بعد دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اہم قدم اٹھایا اور پہلے میچ میں استعمال شدہ پچ کو مزید خشک کر کے سپن بالرز کے لیے مؤثر بنایا۔

تاہم دوسرے میچ میں ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کی حکمت عملی کام کرتی دکھائی دی جب سپنرز نعمان علی اور ساجد خان نے تمام 20 وکٹیں حاصل کیں۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ عام طور پر ٹیسٹ کرکٹ کے لیے سب سے فلیٹ پچز میں سے ایک تصور کی جاتی ہے جہاں سپنرز کو کم سے کم بریک ملتا ہے اور پچ سیم بولرز کے لیے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

بنگلہ دیش نے گزشتہ ماہ راولپنڈی میں پاکستان کو 2-0 سے سیریز میں شکست دی تھی۔ اس سیریز میں بنگلہ دیش کے آف سپنر مہدی حسن میراز نے 10 وکٹیں حاصل کی تھیں، لیکن 2019 کے بعد جب سے اس پچ پر ٹیسٹ میچز کا آغاز ہوا ہے سپنرز نے یہاں فی وکٹ کی اوسط سے تقریباً 50 رنز دیے ہیں۔

جنوری 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میں سپن کے مقابلے میں سیم بالرز نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر 34 رنز کی اوسط پر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ جنوبی افریقہ کی چوتھی اننگز میں دس وکٹیں گریں جن میں سے آٹھ آخری دن گریں۔

چاروں اننگز میں 200 اور 300 کے درمیان سکور بنے تھے جس کے بعد پی سی بی نے اسے ٹیسٹ وکٹ کے لیے بہترین معیار قرار دیا تھا۔ 

پاکستان کے کھلاڑیوں اور کوچ نے تربیتی سیشن کے دوران پچ کا معائنہ بھی کیا (فوٹو: اے ایف پی) 

اب صورتحال ماضی کے مقابلے میں قدرِ مختلف نظر آرہی ہے اور پاکستان اپنی نئی سپن بالنگ جوڑی کے لیے خشک پچ تیار کرنے کی کوشش میں ہے۔

حال ہی میں پاکستان کے کپتان شان مسعود نے دوسرے ملتان ٹیسٹ میں اپنی 152 رنز کی فتح کے بعد واضح کیا کہ وہ فیصلہ کن میچ کے لیے راولپنڈی میں غیر معمولی پچ دیکھنا چاہیں گے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم نے پیشن گوئی کی ہے کہ راولپنڈی کی پچ ’گرین سیمرز‘ کے بالکل متضاد ہوگی۔

واضح رہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 24 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ اب تک انگلینڈ اور پاکستان دونوں ایک، ایک میچ جیت چکے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More