سنہ 1946 سے 1987 تک کئی سُپرہٹ گانے بنانے والے اور درجنوں فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے لیجنڈری انڈین گلوکار و اداکار کشور کمار کی زندگی پر فلم بنائی جا رہی ہے۔فلم ساز انوراگ باسو کی ہدایتکاری میں بنائے جانے والی اس فلم میں معروف بالی وُڈ اداکار عامر خان کشور کمار کا کردار نبھائیں گے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق عامر خان سے اس بائیوپک کے تخیلق کاروں کی مرکزی کردار نبھانے کے لیے بات چیت اب آخری مراحل میں ہے۔فلم ساز انوراگ باسو اور بُشن کمار، کشور کمار کی زندگی پر فلم بنانے میں خاصی دلچسپی رکھتے ہیں۔اطلاعات کے مطابق فلم ساز آنجہانی گلوکار کشور کمار کی زندگی پر بنائے جانے والی فلم کو سکرین پر بہترین طریقے سے پیش کرنے کے خواہشمند ہیں۔عامر خان بھی کشور کمار کے بڑے پرستاروں میں سے ایک ہیں اور انوراگ باسو کی جانب سے فلم کا جو منصوبہ ان کے سامنے پیش کیا گیا اسے عامر خان نے پسند کیا۔رپورٹ کے مطابق فلم ساز کی جانب سے اس فلم کو بڑے ہی منفرد انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔ عامر خان اور انوراگ باسو اس وقت تک چار مرتبہ ملاقات کر چکے ہیں اور معاملات درست سمت جا رہے ہیں۔عامر خان اب تک چھ مختلف فلموں میں کام کرنے پر غور کر رہے ہیں جن کو بنانے کی تیاری ابھی مختلف مراحل میں ہے۔عامر خان کی جانب سے تمام فلموں کی پیشکشوں کو پسند کیا گیا ہے۔تاہم ان چھ فلموں میں سے کوئی تین فلموں میں عامر خان کام کریں گے اور متوقع طور پر اس کا اعلان رواں سال کے اختتام پر تک ہو جائے گا۔یہ کوئی پہلا موقع نہیں کہ جب انوراگ باسو کی جانب سے عامر خان کو کوئی پروجیکٹ آفر کیا گیا ہو۔کووڈ کے دوران انوراگ باسو کی جانب سے ایک پروجیکٹ کی پیشکش کی تھی جس میں عامر خان اور رنبیر کپور نے مرکزی کردار نبھانے تھے تاہم اس فلم پر کبھی کام شروع نہیں ہو سکا تھا۔اس بائیوپک اور ’ستارے زمین پر‘ کے علاوہ عامر خان ’لاہور 1947‘ پر کام کر رہے ہیں جس کی کاسٹ سنی دیول، پریتی زنٹا، شبانہ اعظمی، کرن دیول اور علی فضل پر مشتمل ہے۔