گذشتہ دنوں ہم نے گانگولی، مکھرجی اور سامرتھ خاندان کی بات کی تھی اور آج ہم اس خاندان کی بات کرنے جا رہے ہیں جس کی چار نسلیں گذشتہ تقریباً 100 سال سے بالی وڈ پر راج کر رہی ہیں اور جسے انڈیا کا پہلا فلمی خاندان کہا جاتا ہے۔یہ خاندان کوئی اور نہیں بلکہ کپور خاندان ہے۔ غیر منقسم ہندوستان کے اس خاندان کی ابتدا پاکستان کے ضلع لائل پور اور شہر پشاور سے ہوتی ہے جہاں آج بھی ان کی حویلی ہے۔فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والے پہلے کپور پرتھوی راج کپور تھے جن کو آپ نے شاید فلم ’مغل اعظم‘ میں اکبر کے کردار میں دیکھا ہوگا اور وہ واقعی فلم انڈسٹری کے اکبر ٹھہرے جنہوں نے فلمی دنیا میں اپنے نشانات ایسے چھوڑے ہیں جو آج تک چمک رہے ہیں۔پرتھوی راج کپور 1906 میں لائل پور کے قریب سمندری میں پیدا ہوئے لیکن جب ان کے والد کا تبادلہ یشاور ہو گیا تو ان کا خاندان لائل پور ضلعے سے پشاور منتقل ہو گیا۔پرتھوی راج پانچ بھائی اور تین بہنیں تھیں جن میں سے ایک بھائی ترلوک کپور نے فلموں میں اداکاری کی جبکہ باقی لوگ فلموں سے الگ رہے۔ پرتھوی راج کے ایک کزن سوریندر کپور تھے۔ وہ اپنے زمانے کے فلم ساز تھے اور وہ پرتھوی راج کپور سے تقریبا 20 سال چھوٹے تھے۔یہاں ان کا ذکر اس لیے ضروری ہے کہ وہ اداکار انیل کپور، بونی کپور اور سنجے کپور کے والد ہیں۔ انیل کپور اور سنجے کپور اداکاری کے میدان میں آئے لیکن بونی کپور اپنے والد کی طرح فلم سازی کے میدان میں رہے اور ان کی شادی اداکارہ سری دیوی سے ہوئی جن سے ان کی دو بیٹیاں اداکارہ جھانوی کپور اور خوشی کپور ہیں۔ بونی کپور کے بیٹے ارجن کپور ہیں اور وہ مبینہ طور پر اداکار ارباز خان کی سابقہ اہلیہ ملائکہ اروڑہ کے ساتھ ہیں۔جبکہ انیل کپور کے بیٹے ہرش وردھن کپور بھی فلموں میں آئے لیکن ان کی بیٹی سونم کپور نے اداکاری کی دنیا میں زیادہ شہرت حاصل کی۔پرتھوی راج کپور کے تین بیٹے راج کپور، شمی کپور اور ششی کپور ہوئے اور سب نے فلموں میں اداکاری کی۔ ان میں بڑے بھائی راج کپور نے نہ صرف ایک اداکار کے طور پر شہرت حاصل کی بلکہ ایک فلمساز اور ہدایت کار کے طور پر بھی وہ انڈیا کے سرکردہ ہدایت کاروں میں شامل ہیں۔ انہوں نے کم عمری میں ہی اپنا فلم سٹوڈیو آر کے سٹوڈیو قائم کیا اور اپنے زمانے کی مقبول ترین فلمیں جبکہ ان کے والد پرتھوی راج نے پرتھوی تھیٹر کی بنیاد رکھی جو آج بھی کپور خاندان کی ملکیت ہے۔اس خاندان کو عام طور پر بالی وڈ کا پہلا خاندان کہا جاتا ہے۔ پرتھوی راج کے بھانجے سوبھی راج سے کماری ناز یا بے بی ناز کی شادی ہوئی تھی جنھوں نے 1954 میں آنے والی راج کپور کی فلم ’بوٹ پالش‘ میں بچپن کا اہم کردار ادا کیا تھا اور پھر ’بہو بیگم‘، ’سچا جھوٹا‘ اور ’کٹی پتنگ‘ جیسی اہم فلموں میں نظر آئیں۔کپور خاندان میں شامل ہونے والی بہت سی بہوؤں میں بھی معروف اداکارائيں شامل تھیں۔ راج کپور نے گھریلو خاتون سے شادی کی لیکن ان کی اہلیہ کرشنا ملہوترہ اداکار پریم ناتھ اور راجیندر ناتھ اور نریندر ناتھ کی بہن ہیں۔ یہ سب اس طرح راج کپور کے سالے ٹھہرے اور جب راج کپور نے فلم ’بوبی‘ بنائی تو پریم ناتھ کو بطور کریکٹر ایکٹر ایک نئی زندگی عطا کی۔راج کپور کے تین بیٹے رندھیر کپور، رشی کپور اور راجیو کپور ہیں (فوٹو: ٹائمز ناؤ)کرشنا ملہوترا کی بہن اوما تھیں جن کی منفی کردار ادا کرنے والے اداکار پریم چوپڑہ سے شادی تھی اور اس طرح پریم چوپڑہ راج کپور کے ہم زلف ٹھہرے۔پرتھوی راج کپور کے دوسرے بیٹے شمی کپور نے گیتا بالی سے شادی کی اور ششی کپور نے برطانوی اداکارہ جینیفر کینڈل سے شادی کی۔شمی کپور کے بیٹے آدتیہ راج کپور فلموں میں آئے اور ان کی بیٹی کی شادی معروف فلمساز منموہن دیسائی سے ہوئی جنہوں نے ’امر اکبر اینتھونی‘ سمیت امیتابھ بچن کے ساتھ کئی فلمیں بنائی ہیں جن میں ’قلی‘، ’سہاگ‘ اور ’دھرم ویر‘ شامل ہیں۔ششی کپور کے دو بیٹے کنال کپور اور کرن کپور ہوئے جبکہ ان کی ایک بیٹی سنجنا کپور ہیں جو پرتھوی تھیٹر کی نگراں ہیں۔ ششی کپور کے دونوں بیٹوں نے فلموں میں قسمت آزمائی کی لیکن زیادہ کامیاب نہ ہوئے۔راج کپور کے تین بیٹے رندھیر کپور، رشی کپور اور راجیو کپور ہیں جنھوں نے فلمی دنیا میں اپنی پہچان بنائی ہے۔ رندھیر کپور نے اگر اداکارہ ببیتا سے شادی کی تو رشی کپور نے اداکارہ نیتو سنگھ سے شادی کی۔رندھیر کپور اور ببیتا کی دو بیٹیاں کرشمہ کپور اور کرینہ کپور نے فلمی دنیا کا رخ کیا۔ کرینہ کپور نے اداکار سیف علی خان سے شادی کی جبکہ راج کپور کی بیٹی کی بہو امیتابھ بچن اور اداکارہ جیا بچن کی بیٹی شویتا نندا ہیں۔ اس طرح اس خاندان کا عمل دخل بچن خاندان تک جا پہنچتا ہے۔رشی کپور اور نیتو سنگھ کے بیٹے رنبیر کپور ان دنوں بڑے سٹار شمار ہوتے ہیں اور ان کی شادی اداکارہ عالیہ بھٹ سے ہے جن کے والد فلم ساز مہیش بھٹ ہیں اور ان کی والدہ سونی رازدان ہیں جو اپنے زمانے کی ایک معروف اداکارہ رہی ہیں جبکہ عالیہ کپور کی بہن پوجا بھٹ بھی ایک زمانے میں اداکاری کے میدان میں تھیں جبکہ بعد میں فلم ساز بن گئیں۔کپور خاندان نے رنبیر کپور کی تازہ ترین ہٹ فلم ’اینیمل‘ دی ہے یعنی کپور خاندان کا جلوہ برقرار ہے (فوٹو: انڈیا ٹی وی)پرتھوی راج کپور کے ایک رشتہ دار کمل کپور ہیں جنھوں نے سینکڑوں مراٹھی، پنجابی اور ہندی فلموں میں اداکاری کی ہے۔ انھیں آپ نے امیتابھ بچن کی معروف فلم ’ڈان‘ میں نارنگ کے کردار میں دیکھا ہوگا۔ ان کی بیٹی ریتو کی شادی معروف فلم ساز رمیش بہل سے ہوئی اور ان دونوں کے بیٹے گولڈی بہل نے اداکارہ سونالی بیندرے سے شادی کی۔ اس طرح دیکھیں تو کپور خاندان بہل خاندان کے ساتھ رشتہ ازدواج کے تحت منسلک ہے۔اتنا ہی نہیں راج کپور کے ماموں زاد بھائی جوگل کشور مہرا تھے جن کی سوتیلی پوتی اداکارہ سلمی آغا ہیں جو پاکستانی اداکارہ ہیں اور انھوں انڈیا کی اپنے زمانے ایک انتہائی ہٹ فلم ’نکاح‘ میں اداکاری کی ہے۔اس طرح سے یہ کپور خاندان جو آج کے پاکستان سے نکلا وہ آج بھی کسی نہ کسی طرح پاکستان کی سرزمین سے منسلک ہے۔ اس کی چار نسلیں تو فلموں میں آ چکی ہیں دیکھا جائے تو ایک طرح سے پانچویں نسل سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کے حوالے سے فلموں میں قدم رکھی چکی ہیں کیونکہ ان کی اصلی ماں اگر امریتا سنگھ ہیں تو ان کی سوتیلی والدہ کرینہ کپور ٹھہریں۔اور اس خاندان نے اپنے زمانے کی بلاک بسٹر فلم ’آوارہ‘ سے لے کر ’مغل اعظم‘، ’بوبی‘ اور ’ستیم شیوم سندرم‘ کے ساتھ رنبیر کپور کی تازہ ترین ہٹ فلم ’اینیمل‘ دی ہے یعنی کپور خاندان کا جلوہ برقرار ہے۔