سوئی کی نوک سے بھی چھوٹا مکھی کا دماغ جہاں سے ملنے والے رازوں نے سائنسدانوں کو حیرت میں مبتلا کیا

بی بی سی اردو  |  Oct 11, 2024

MRC/Natureمحققین کو معلوم ہوا ہے کہ مکھی کے دماغ میں 5 کروڑ پیچیدہ کنکشن کے ساتھ 130,000 سے زیادہ باہم منسلک تاریں ہیں

وہ پیروں کے بل چل سکتی ہیں، اُڑ سکتی ہیں، اور نر مکھی تو مادہ مکھی کا دل جیتنے کے لیے پیار بھرے گیت بھی گا سکتی ہے۔ اور یہ سب کچھ ایک ایسے دماغ کی مدد سے ممکن ہوتا ہے جو سوئی کی نوک سے بھی چھوٹا ہوتا ہے۔

پہلی بار سائنسدانوں نے تحقیق کے دوران مکھی کے سوئی کی نوک سے بھی چھوٹے دماغ میں موجود ایک لاکھ 30 ہزار خلیوں کی شکل، مقام اور حتیٰ کہ مکھی کے دماغ میں موجود پانچ کروڑ سے زیادہ ’کنکشنز‘ یعنی رابطوں کی غیر معمولی نشان دہی کی ہے۔

یہ کسی بھی بالغ کیڑے (حشرات) کے دماغ کا کیا گیا اب تک کا سب سے تفصیلی سائنسی جائزہ ہے جسے ماہرین نے انسانی دماغ کو سمجھنے کے عمل میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا ہے۔ مکھی کے دماغ پر تحقیق کرنے والی ٹیم کے سربراہ کا دعویٰ ہے کہ اس سائنسی جائزے سے ’سوچنے کے عمل سے متعلق مزید تفصیلات معلوم ہوں گی۔‘

کیمبرج کی لیبارٹری آف مالیکیولر بائیولوجی کی میڈیکل ریسرچ کونسل سے منسلک ڈاکٹر گریگوری جفریز نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ’فی الحال ہم اس بات سے لاعلم ہیں کہ ہم سب کے دماغ میں موجود خلیوں کا نیٹ ورک ایک دوسرے سے رابطہ کرنے میں کیسے مدد فراہم کرتا ہے۔‘

’اس نظام میں سگنل کیسے چلتے ہیں جن سے ہم کسی کا چہرہ پہچان سکتے ہیں، کسی کی آواز سُن سکتے ہیں۔۔۔ مکھی کے دماغ کا نقشہ حیران کن ہے جو دراصل انسانی دماغ کو بھی سمجھنے میں مدد فراہم کرے گا۔‘

انسانی دماغ میں موجود خلیوں کو ’نیوران‘ کہا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ انسانی دماغ میں ’نیورون‘ کی تعداد مکھی کے دماغ میں موجود خلیوں سے کہیں زیادہ ہے۔

تو اہم سوال یہ ہے کہ پھر ایک مکھی کا دماغ سائنسدانوں کو انسانی سوچ کے عمل کو سمجھنے میں کیسے مدد کرے گا؟

MRC/Natureیہ تاریں مل کر ایک سرکٹ بناتے ہیں جو مکھی کی حرکت کو کنٹرول کرتے ہیں

اس تحقیق میں جو تصاویر حاصل کی گئی ہیں انھیں سائنسی جریدے ’جرنل نیچر‘ میں شائع کیا گیا ہے اور ان تصاویر میں تاروں کا ایک ایسا گچھا دکھائی دیتا ہے جو خوبصورت تو ہے لیکن کافی پیچیدہ بھی ہے۔

لیکن ایک اتنا چھوٹا سا عضو اتنے طاقتور کمپیوٹیشنل کام کیسے سرانجام دیتا ہے؟ اس سوال کا جواب مکھی کے دماغ کی ساخت اور شکل میں پوشیدہ ہے۔ تاہم ان تمام کاموں کی صلاحیت رکھنے والا اتنا چھوٹا کمپیوٹر تیار کرنا جدید سائنس کے بس کی بات نہیں ہے۔

پرنسٹن یونیورسٹی کی ڈاکٹر مالا مرتی اس تحقیق میں شامل تھیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ ’کنکٹوم کے سائنسی نام والی وائرنگ کی تصویر نیوروسائنسدانوں کے لیے نہایت اہم ہو گی۔‘

’جو محققین یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ایک صحتمند دماغ کیسے کام کرتا ہے، ان کو اس سے مدد ملے گی۔ ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں یہ ممکن ہو سکے گا کہ ہم موازنہ کر سکیں کہ ہمارے دماغ میں جب کچھ خراب ہو جاتا ہے تو کیا ہوتا ہے۔‘

مرنے سے قبل چند افراد کو اپنے وہ پیارے کیوں دکھائی دیتے ہیں جو پہلے ہی مر چکے ہوتے ہیں؟ قریب المرگ افراد کے تجرباتبستر پر موجود تکیہ جس پر ’ٹوائلٹ سیٹ سے 17 ہزار گنا زیادہ جراثیم‘ ہو سکتے ہیں: تکیے اور چادریں کتنے عرصے بعد بدل لینی چاہییں؟موت سے چند لمحے قبل انسانی آنکھ کیا دیکھتی ہے؟ڈنمارک کے پاس دس ہزار دماغ کیوں محفوظ ہیں؟

ڈاکٹر مالا مرتی سے ڈاکٹر لوشیا پریٹو اتفاق کرتے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ ’محققین اس سے پہلے دو سادہ سے کیڑوں کے دماغ کے کنکشن کو مکمل کر چکے ہیں جن میں سے ایک کے دماغ میں 300 جبکہ دوسرے کے دماغ میں 3000 تاریں دیکھی گئیں۔ لیکن ایک لاکھ 30 ہزار تاروں کے کنکٹوم کی مکمل تصویر ایک حیران کُن تکنیکی کامیابی ہے جو اب زیادہ بڑے حجم کے حیوانات جیسے چوہوں کے دماغ کے ایسے کنکشن کو تلاش کرنے کا راستہ کھول دے گی اور شاید کئی دہائیوں میں انسانی دماغ کے بھی۔‘

MRC/Natureمکھی کے دماغ کا نقشہ

محققین بہت سے انفرادی کام کرنے والے الگ الگ سرکٹ کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوئے اور یہ دکھانے میں بھی کہ یہ آپس میں کیسے جڑے ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر حرکت کی ذمہ دار تاریں دماغ کے نچلے حصے میں موجود ہیں جبکہ بینائی سے متعلقہ تاریں دماغ کے دائیں اور بائیں جانب پائی گئیں جس میں زیادہ بڑی تعداد میں نیورون ملوث تھے، کیوں کہ بینائی کے لیے زیادہ کمپیوٹیشنل طاقت درکار ہوتی ہے۔

اگرچہ سائنسدان یہ بات تو پہلے سے جانتے تھے کہ سرکٹ الگ الگ ہوتے ہیں تاہم وہ اس بات سے لاعلم تھے کہ ان کا آپس میں رابطہ کیسے ہوتا ہے۔

مکھی مارنا اتنا مشکل کیوں ہوتا ہے؟

چند محققین ان تصاویر کی مدد سے یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ مکھی مارنا اتنا مشکل کیوں ہوتا ہے؟ یہ معلوم ہوا کہ اگر اخبار یا کسی اور چیز کی مدد سے مکھی کو مارنے کی کوشش کی جائے تو مکھی کے دماغ میں موجود بینائی کے کنکشن فورا اس حرکت سے متعلق سگنل مکھی کے پیروں تک بھیجتے ہیں اور وہ اُڑ جاتی ہے۔

لیکن زیادہ اہم بات یہ ہے کہ اس ممکنہ جان لیوا حملے سے پیشتر ایک زیادہ طاقتور سگنل مکھی کی ان ٹانگوں کو جاتا ہے جن کا رُخ اخبار یا ہتھیار کی دوسری سمت میں ہوتا ہے اور یہ سگنل چھلانگ لگانے کا ہوتا ہے۔تو کہا جا سکتا ہے کہ مکھی کو چھلانگ لگانے کے لیے سوچنے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی یعنی سوچ کی رفتار سے بھی تیز۔

یہ تصویر ایک مکھی کے دماغ کو کھول کر بنائی گئی ہے اور اس عمل کے دوران دماغ کے تقریبا 70 ہزار ٹکڑے کیے گئے اور ہر ٹکڑے کی الگ الگ تصویر بنائی گئی جنھیں بعد میں ڈیجیٹل طریقے سے جوڑا گیا۔

Gwyndaf Hughes/BBC Newsاس خوردبین کا استعمال کرتے ہوئے مکھی کے دماغ کو 7000 ناقابل یقین حد تک پتلے ٹکڑوں میں کاٹا گیا

پرنسٹن کی ٹیم نے بعد میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا اور تمام اشکال اور نیورونز کے کنکشن کو جانچا۔ لیکن مصنوعی ذہانت کے باوجود محققین کو 30 لاکھ غلطیوں کا سامنا ہوا جنھیں بعدازاں ہاتھ سے درست کیا گیا۔ لیکن ابھی بھی کام ادھورا تھا۔

ڈاکٹر فلپ شلیگل کہتے ہیں کہ ’مکھی کے دماغ کا نقشہ بے معنی تھا جب تک ہر تار کا مقصد واضح نہ ہوتا۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’یہ ڈیٹا گوگل میپ کی طرح کا تھا لیکن دماغ کے معاملے میں نیورون کے بیچ رابطے تلاش کرنا ایسا ہی ہے کہ ہم یہ جانیں کہ کس گلی یا عمارت کے قریب کیا ہے۔‘

’نیورون کی وضاحت ایسے ہی ہے جیسے آپ نقشے میں گلی یا قصبے کا نام لکھیں، دکان کھلنے کا وقت، فون نمبر، تجزیے جیسی تفصیلات درج کریں۔ آپ کو یہ سب درکار ہوتا ہے تاکہ مکمل طور پر فائدہ ہو سکے۔‘

BBC Newsسکین اس انسانی دماغ کی وائرنگ کو دکھا سکتے ہیں

فلائی کنکٹوم تک کوئی بھی سائنسدان رسائی حاصل کر سکتا ہے جو اسے تحقیق میں استعمال کرنا چاہتا ہو۔

ڈاکٹر شلیگل کا ماننا ہے کہ ’نیورو سائنس کی دنیا اس نقشے کی مدد سے اگلے چند برسوں میں نئی نئی دریافتیں سامنے آئیں گی۔‘

انسانی دماغ مکھی کے دماغ سے بہت زیادہ بڑا ہوتا ہے اور اب تک اس کی وائرنگ کے بارے میں تمام معلومات حاصل کرنے کی ٹیکنالوجی سائنسدانوں کے پاس موجود نہیں ہے۔

لیکن محققین کا ماننا ہے کہ تیس سال میں شاید انسانی کنکٹوم یا نقشہ بنانا ممکن ہو جائے۔ اس تحقیق میں بین الاقوامی سطح پر سائنسدانوں کے اشتراک سے کام ہوا جس کا نام ’فلائی ورم کنسورشیئم‘ ہے۔

مرنے سے قبل چند افراد کو اپنے وہ پیارے کیوں دکھائی دیتے ہیں جو پہلے ہی مر چکے ہوتے ہیں؟ قریب المرگ افراد کے تجرباتموت سے چند لمحے قبل انسانی آنکھ کیا دیکھتی ہے؟ڈنمارک کے پاس دس ہزار دماغ کیوں محفوظ ہیں؟وہ ڈولفن جو ’سیکس اور ساتھی کی تلاش میں‘ انسانوں کو نشانہ بنا رہی ہےاگر آپ بچے پالنے کا دباؤ محسوس کر رہے ہیں تو چیونٹیوں سے سیکھیں’انسانی دماغ میں خلیوں کی تعداد کہکشاں کے تاروں سے بھی زیادہ‘وہ ماں جو 10 برس سے صرف بستر تک محدود اپنے بیٹے کے لیے موت کا حق مانگ رہی ہیںمیریٹل ریپ: ’وہ پورن فلمیں دیکھ کر وہی سب میرے ساتھ دہرانے کی کوشش کرتا‘’شدید بیماری کے باوجود آخری دنوں میں لگا کہ وہ زندگی کی طرف لوٹ آئی ہیں‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More