Getty Images
ایک نئی دستاویزی فلم میں کرپٹو کرنسی سے متعلق سب سے بڑا معمہ حل کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے: یعنی بِٹ کوائن کے مؤجد کی اصل شناخت۔
بِٹ کوائن کے موجد کی اصل شناخت انٹرنیٹ پر اِس وقت سے معمہ بنی ہوئی ہے۔ سنہ 2009 میں نامعلوم فرد یا افراد نے جب اس ڈیجیٹل کرنسی کو متعارف کروایا تھا تو اپنا تعارف ’ستوشی ناکاموتو‘ کے نام سے کروایا تھا۔
اب ’ایچ بی او‘ کے لیے ایک فلم بنانے والے فلمسازوں کا کہنا ہے کہ انھیں اس سوال کا جواب مل گیا ہے کہ ’ستوشی ناکاموتو‘ کون ہیں۔ اُن کے مطابق بِٹ کوائن کے اصل مؤجد کینیڈا سے تعلق رکھنے والے کرپٹو ماہر پیٹر ٹوڈ ہیں۔
مگر یہ معاملہ اتنا سادہ نہیں ہے کیونکہ کرپٹو ماہر پیٹر ٹوڈ نے اس انکشاف کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دیا ہے۔
دستاویزی فلم ’اِن منی الیکٹرک: دا بِٹ کوائن مسٹری‘ میں فلمساز کلن ہوبیک نے پیٹر ٹوڈ سے اس بارے میں براہ راست سوالات بھی پوچھے ہیں۔
فلمساز کلن ہوبیک اس دستاویزی فلم میں کچھ ثبوت پیٹر ٹوڈ کو دکھاتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ کیا وہ بِٹ کوائن کے مؤجد ہیں؟ اس پر پیٹر ٹوڈ صرف ہنس دیتے ہیں۔
انھوں نے بعد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’میں ستوشی ناکاموتو نہیں ہوں۔‘
بےشمار دولت
ستوشی ناکاموتو کی پُراسرا شخصیت صرف لوگوں کے تجسس کی وجہ نہیں بلکہ جو بے شمار دولت انھوں نے کمائی وہ لوگوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
اگر ستوشی ناکاموتو کے پاس اب بھی بِٹ کوائن والٹ کا کنٹرول ہے تو آج وہ 69 ارب ڈالر کے مالک ہوں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ دنیا کے 20 ویں امیر ترین شخص ہوں گے۔
پیٹر ٹوڈ ایک ممتاز بِٹ کوائن ڈویلپر ہیں جو دنیا کی سب سے پہلی اور سب سے بڑی کرپٹو کرنسی میں بہت سی جدت لائے ہیں۔
لیکن ماضی میں انھیں کبھی ستوشی کہہ کر مخاطب نہیں کیا، حالانکہ اس شخص یا گروہ کی تلاش برسوں سے جاری ہے جس نے یہ ڈیجیٹل کرنسی متعارف کروائی تھی۔
اس بار بھی اس پہیلی کو سُلجھتا دیکھنے میں لوگوں کی بڑی دلچسپی نظر آئی ہے۔ اس دستاویزی فلم کی ریلیز سے قبل ہی کرپٹو بیٹنگ ویب سائٹ پر چار کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی شرطیں لگیں تھیں کہ اس فلم میں کس کو ستوشی قرار دیا جائے گا۔
فلمساز ہوبیک ماضی میں بھی پُراسرار شخصیات کو تلاش کرنے کی کوششیں کر چکے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ وہ برسوں کی تحقیق اور انٹرویوز کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ پیٹر ٹوڈ ہی دراصل ستوشی ہیں۔
ہوبیک کہتے ہیں کہ ان کے پاس ایک ثبوت تو یہ ہے کہ انھوں نے ایک فورم پر پیٹر ٹوڈ کی ایک پوسٹ دیکھی تھی اور اسے دیکھ کر ایسا لگا جیسے وہ ستوشی کی ہی پوسٹس کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
اربوں لوٹنے والی لاپتا ’کرپٹو کوئین‘ زندہ ہیں یا مر گئیں؟وہ کرپٹو ایپ جس سے ہزاروں افراد اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھےایک بٹ کوائن کی قیمت 69 ہزار ڈالر سے زیادہ: بٹ کوائن کیا ہے اور یہ ڈیجیٹل کرنسی کیسے کام کرتی ہے؟وہ کرپٹو ایپ جس سے ہزاروں افراد اپنی جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھے
ہوبیک کے مطابق پیٹر ٹوڈ کے ستوشی ہونے کا ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ ایک دفعہ انھوں نے ڈیجیٹل کوائنز کو جان بوجھ کر تلف کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔
اس سے قبل انٹرنیٹ پر یہ تھیوری عام تھی کہ ستوشی نے جان بوجھ کر ان بِٹ کوائنز کو تلف کر دیا تھا جو سب سے پہلے بنائے گئے تھے۔
تلف کیے گیے گئے 11 لاکھ بٹ کوائن آج بہت بڑی قیمت رکھتے ہیں لیکن انھیں آج تک نہ خرچ کیا گیا ہے اور نہ کہیں اور منتقل کیا گیا۔
ستوشی کے غیرمنتقل شدہ بِٹ کوائنز تمام بِٹ کوائنز کا پانچ فیصد حصہ ہیں۔ بِٹ کوائن کے مؤجد نے اُس وقت فیصلہ کیا تھا کہ دنیا میں دو کروڑ 10 لاکھ سے زائد بِٹ کوائن نہیں بنائے جا سکیں گے۔
پیٹر ٹوڈ کہتے ہیں کہ ان کی انٹرنیٹ ہسٹری خود یہ گواہی دیتی ہے کہ بِٹ کوائن بنانے میں ان کا کوئی کردار نہیں۔ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ اُس وقت (جب ڈیجیٹل کرنسی متعارف ہوئی) ’سکول اور کام میں مصروف تھے۔‘
انٹرنیٹ پر ماضی میں گردش کرنے والے نظریات
ماضی میں بھی ڈیجیٹل دُنیا سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو کرپٹو کرنسی کا مؤجد قرار دیا گیا ہے۔
سنہ 2014 میں نیوز ویک کے ایک آرٹیکل میں ڈورین ناکاموتو نامی ایک جاپانی نژاد امریکی شہری کو ستوشی قرار دیا گیا تھا۔ لیکن انھوں نے اس خبر کی تردید کر دی تھی اور بعد میں اس آرٹیکل میں کیے گئے دعوے غلط ثابت ہوئے۔
Getty Imagesماضی میں ایلون مسک کو بھی ستوشی قرار دیا گیا تھا لیکن انھوں نے خبروں کی تردید کردی تھی
سنہ 2015 میں وائرڈ اور گذموڈو نے ایک تحقیقات شائع کیں جس میں کہا گیا کہ آسٹریلوی کمپیوٹر سائنسدان کریگ رائٹ نے بِٹ کوائن ایجاد کیا تھا۔
اس کے فوراً بعد ہی کریگ رائٹ نے بی بی سی سمیت متعدد میڈیا آوٹ لیٹس کو انٹرویو دیے اور اعتراف کیا کہ وہ ہی ستوشی ہیں۔
لیکن ان کے دعوے کو کرپٹو کرنسی کمیونٹی نے مسترد کر دیا تھا اور پھر برسوں بعد برطانوی عدالت کے ایک جج نے فیصلہ دیا کہ بہت سے ایسے ثبوت موجود ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ کریگ رائٹ ستوشی نہیں ہیں۔
ماضی میں ایلون مسک کو بھی ستوشی قرار دیا گیا تھا لیکن انھوں نے بھی اُن خبروں کی تردید کر دی تھی۔
ایڈم بلیک کا شمار بڑے کرپٹو کرنسی ڈویلپرز میں ہوتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ: ’کوئی نہیں جانتا کہ ستوشی کون ہے اور یہ ایک اچھی بات ہے۔‘
بٹ کوائن کی قدر میں اضافہ: دنیا میں زیادہ بٹ کوائنز کس کے پاس ہیں اور اس کی قیمت میں اضافے کی وجوہات کیا ہیں؟قزاقستان کی نوجوان خاتون جو بٹ کوائن مائننگ میں جانا مانا نام بن چکی ہیںارب پتی ’کرپٹو کنگ‘ کا ڈرامائی زوال، فراڈ کے جرم میں سیم بینک مین کو 25 سال قید کی سزاایم آئی ٹی سے تعلیم یافتہ دو بھائیوں نے 12 سیکنڈ میں ڈھائی کروڑ ڈالر کیسے چُرائے؟کروڑوں ڈالر کے بٹ کوائن کچرے میں پھینکنے والا شخص جو اب انھیں ڈھونڈنا چاہتا ہے