بنکاک میں ٹرپ پر جانے والی سکول بس میں آگ لگ گئی، 25 ہلاکتوں کا خدشہ

اردو نیوز  |  Oct 01, 2024

بنکاک میں نوجوان طلباء اور اساتذہ کو لے جانے والی سکول بس میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 25 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ سوریہ جنگگرونگ کٹ نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ ’بس سکول ٹرپ کے لیے 44 مسافروں کو وسطی یوتھائی تھانی صوبے سے ایوتھایا لے جا رہی تھی۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’دارالحکومت کے شمالی مضافاتی علاقے پاتھم تھانی صوبے میں دوپہر کے قریب بس میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔‘

وزیر داخلہ انوتین چارنویرکول نے کہا ہے کہ حکام تاحال ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کر سکتے کیونکہ انہوں نے جائے وقوعہ کی تحقیقات مکمل نہیں کی ہیں۔

واقعے میں زندہ بچ جانے والوں کی تعداد کی بنیاد پر ان کا کہنا تھا کہ 25 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بس ابھی بھی اتنی گرم ہے کہ اُن کے لیے بحفاظت اندر جانا مشکل تھا۔

آگ لگنے کے چند گھنٹے بعد بھی لاشیں بس کے اندر موجود تھیں۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڑک پرکھڑی کی گئی بس آگ کی لپیٹ میں ہے اور دھوئیں کے کالے بادل بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

طالب علموں کی عمر اور دیگر تفصیلات ابھی تک معلوم نہیں ہوسکیں۔

جائے وقوعہ پر موجود ایک ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ آگ ممکنہ طور پر ایک ٹائر پھٹنے کے بعد لگی۔

ریسکیو گروپ ہونگزاکل کھولونگ لوانگ 21 نے اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کیا کہ انہیں بس میں کم از کم 10 لاشیں ملی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More