اگر آپ یوٹیوب شارٹس بنانا پسند کرتے ہیں تو اب آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے یہ کام زیادہ آسان ہو جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے گوگل ڈیپ مائنڈ کا اے آئی ویڈیو جنریشن ماڈل ویو (Veo) یوٹیوب شارٹس کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
اس اے آئی ماڈل سے صارفین ہائی کوالٹی بیک گراؤنڈز اور 6 سیکنڈ کے کلپ تیار کرسکیں گے۔
مئی 2024 میں گوگل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر ویو کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
یہ اے آئی ماڈل 1080p ریزولوشن ویڈیو متعدد سنیماٹک اسٹائلز میں تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس سے قبل 2023 میں کمپنی کی جانب سے یوٹیوب شارٹس کے لیے ڈریم اسکرین نامی اے آئی فیچر متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد صارفین کو تحریری ہدایات سے ویڈیوز کے لیے بیک گراؤنڈ تیار کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔
کمپنی کو توقع ہے کہ ویو ماڈل سے ڈریم اسکرین فیچر زیادہ بہتر ہو جائے گا اور صارفین کو متاثرکن کلپس بنانے کا موقع ملے گا۔
ویو کی ایک خاص خوبی پہلے سے تیار فوٹیج کو ایڈٹ اور ری مکس کرنا ہے۔
یہ پہلا اے آئی ماڈل ہے جس کے ذریعے صارفین یوٹیوب شارٹس میں 6 سیکنڈ کی ویڈیوز تیار کرسکیں گے۔
جب صارفین کی جانب سے Create دبا کر تحریری ہدایت دی جائے گی تو ڈریم اسکرین فیچر 4 تصاویر تیار کرے گا، جس کے بعد آپ کسی تصویر کو سلیکٹ کرکے اسے ویڈیو میں تبدیل کرسکیں گے۔
ایسے کلپس میں واٹر مارک کے ذریعے نشاندہی کی جائے گی کہ انہیں اے آئی سے تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق ویو کو آئندہ چند ہفتوں میں ڈریم اسکرین کا حصہ بنایا جائے گا۔
ویو کے ساتھ ساتھ یوٹیوب میں متعدد نئے فیچرز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
جیولز اور گفٹس کے ذریعے صارفین کسی لائیو اسٹریم کے دوران ڈیجیٹل اشیا بھیج سکیں گے، یہ فیچر ٹک ٹاک کے گفٹس نامی فیچر سے ملتا جلتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے آٹومیٹک ڈبنگ فیچر کے لیے فرنچ، اٹالین، پرتگیز اور اسپینش سمیت مزید زبانوں کی سپورٹ کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح کمیونٹی ہبز کی دستیابی کو بھی بڑھایا جا رہا ہے تاکہ کریٹیرز اور ان کے فالوورز ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہ سکیں۔