النصر فٹبال کلب کے کپتان اور سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سوشل میڈیا پر ایک ارب فالوورز رکھنے والے دنیا کے پہلے شخص بن گئے ہیں۔
39 سالہ رونالڈو کے سوشل میڈیا فالوورز میں انسٹاگرام پر 639 ملین سے زیادہ فالوورز، فیس بک پر 170 ملین، X (سابق ٹوئٹر) پر 113 ملین اور یوٹیوب پر 60.5 ملین سبسکرائبرز شامل ہیں۔
ایک ارب فالوورز حاصل کرنے پر رونالڈو نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں مداحوں کے لیے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ’ہم نے تاریخ رقم کر دی ہے، ایک ارب نمبرز سے زیادہ بڑی بات ہے۔ یہ ہمارے مشترکہ جذبے اور کھیل سے محبت کا ثبوت ہے‘۔
فٹبالر نے کہا ’میڈیرا کی گلیوں سے لے کر دنیا کے سب سے بڑے سٹیج تک میں نے ہمیشہ اپنے خاندان اور آپ کے لیے کھیلا ہے اور اب ہم 1 ارب لوگ ایک ساتھ کھڑے ہیں‘۔
’آپ اچھے اور برے وقت میں ہمیشہ میرے ساتھ رہے، یہ سفر ہمارا سفر ہے اور ہم نے مل کر دکھایا ہے کہ جو کچھ ہم حاصل کر سکتے ہیں اس کی کوئی حد نہیں ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا ’مجھ پر یقین کرنے، مجھے سپورٹ کرنے اور میری زندگی کا حصہ بننے کا شکریہ۔ بہترین وقت ابھی آنا باقی ہے اور ہم مل کر آگے بڑھیں گے، جیتتے رہیں گے اور تاریخ رقم کرتے رہیں گے‘۔
فوٹو: کرسٹیانو رونالڈو انسٹاگرام
رونالڈو پہلے ہی انسٹاگرام پر 600 ملین سے زائد فالوورز کے ساتھ سب سے مقبول ترین شخصیت ہیں اور حال ہی میں انہوں نے اپنا یوٹیوب چینل لانچ کر کے متعدد ریکارڈز بھی قائم کیے تھے۔
رونالڈو نے گوگل کے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کو رواں سال 8 جولائی کو جوائن کیا تھا جبکہ 21 اگست کو رونالڈو نے ’UR Cristiano‘ کے نام سے اپنے یوٹیوب چینل پر متعدد ویڈیوز اپلوڈ کر کے باقاعدہ چینل لانچ کیا۔
رونالڈو نے پہلے 12 گھنٹے میں اپنے یوٹیوب چینل پر 10 ملین سبسکرائبرز حاصل کر کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا۔ اس سے قبل انہوں نے یوٹیوب کا ایک اور ریکارڈ بھی قائم کیا تھا جب ان کا چینل پہلے 90 منٹ میں ایک ملین سبسکرائبرز حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا چینل بنا تھا۔
اس وقت رونالڈو کے یوٹیوب چینل پر 60 ملین سے زائد سبسکرائبرز موجود ہیں اور فٹبالر نے 1 بلین ریکارڈ کے لیے ایک نئی لائیو سٹریم بھی شروع کر رکھی ہے جس میں وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی فالوونگ کا لائیو ریکارڈ مداحوں کو دکھا رہے ہیں۔
واضح رہے رونالڈو پہلے ہی سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز فالوونگ کی بنیاد پر دنیا کے مقبول ترین فٹ بالر ہیں جس کی بدولت وہ پیڈ سپانسپرشپس کے لحاظ سے دنیا کے مہنگے ترین ایتھلیٹ تصور کیے جاتے ہیں۔
فوربس کے مطابق رونالڈو سعودی کلب النصر سے سالانہ 200 ملین ڈالر کی تنخواہ لیتے ہیں جو کہ ان کی نائیکی، یونی لیور اور بائنانس جیسے سپانسرز سے ہونے والی 60 ملین ڈالر کی آمدنی سے بھی زیادہ ہے۔