پاکستان میں گُھڑسواری اور نیزہ بازی کو فروغ دینے والے پرنس ملک عطا محمد کون تھے؟

اردو نیوز  |  Sep 10, 2024

ملک محمد خان المعروف پرنس ملک عطا 25 اکتوبر 1937 کو پید اہوئے  جبکہ ان کی وفات 6 فروری 2020 کو 82 سال کی عمر میں ہوئی۔

ملک محمد عطا کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شمال مغربی ضلعے اٹک سے تھا وہ یہاں کے ایک جاگیردار تھے۔

پرنس ملک کوٹ فتح خان اٹک کے سردار تھے۔

ملک عطا ایچی سن کالج لاہور اور ایف سی کالج لاہور میں زیر تعلیم رہے۔ جبکہ ایل ایل ایل بی کی ڈگری انہوں نے انگلینڈ سے حاصل کی۔

پرنس ملک عطا کا تعلق سیاست سے بھی رہا، سنہ 1990 سے 1993 تک اسلامی جہوری اتحاد (آئی جے آئی) سے پنجاب اسمبلی کے رکن رہے لیکن دنیا پرنس ملک عطا محمد کو ان کی سیاست یا سرداری کی وجہ سے نہیں بلکہ گھڑ سواری اور نیزہ بازی کے شوق اور مشغلے کی وجہ سے جانتی ہے۔

آئیے نظر ڈالتے ہیں عالمی گھڑ سواری چیمپئن شپ جیتنے سے پاکستان میں گھڑ سواری اور نیزہ بازی کو مقبول کرنے تک ان کے سفر پر۔

ملک عطا محمد کا کرئیرسینیئر سپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی کہتے ہیں کہ ’پرنس ملک عطا محمد خان پاکستان کے گھڑ سواری کے منظرنامے کی ایک لیجینڈری شخصیت اور کوٹ فتح خان، اٹک کا ایک ممتاز نام تھا۔‘

پرنس ملک عطا محمد خان پاکستان کی گھڑ سواری اور ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کے پہلے صدر تھے۔

ملک عطا نے سنہ 1982 میں دہلی میں منعقد ہونے والی ایشین گیمز میں ٹینٹ پیگنگ میں چاندی کا تمغہ جیتا، جو کہ گھڑ سواری کے کھیلوں میں پاکستان کے لیے قابل فخر لمحات میں سے ایک ہے۔

گھڑ سواری اور نیزہ بازی کے کھیل میں مہارت اور قیادت نے پرنس عطا کو عالمی سطح پر بہت پذیرائی بخشی۔

پرنس ملک محمد عطا نے کئی عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی (فوٹو: ایکس)اپنے کریئر کے دوران ملک عطا نے یورپ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، امریکہ، اور انڈیا سمیت کئی دوسرے ممالک میں کئی بین الاقوامی چیمپئن شپس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

ان کی شرکت نے نہ صرف عالمی سطح پر پاکستان کی گھڑ سواری کی صلاحیت کو ظاہر کیا بلکہ بین الاقوامی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد کی۔

اس کے علاوہ ملک عطا نے متعدد دیگر بڑے مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی، جن میں آسٹریلیا میں 2010 کے رائل ایڈیلیڈ شو، پینٹا گرینڈ ورلڈ ایکوسٹرین ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ2010، 2012 اور  2013 شامل ہیں۔

صدر ورلڈ ٹینٹ پیگنگ فیڈریشنانڈیا میں 2013 کی ورلڈ ایکوسٹرین ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ میں ملک عطا نے اس کھیل کی حمایت کرتے ہوئے ایک عالمی تنظیم کا خاکہ پیش کیا جس کی وجہ سے ورلڈ ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن کا قیام عمل میں آیا۔

انہوں نے اس کے اعزازی صدر کی حیثیت سے بھی خدمات سر انجام دیں اور عالمی سطح پر اپنا اثر رسوخ بڑھایا۔ 

ملک عطا محمد خان کی زندگی پر عالمی سطح پر کئی ایک ڈاکیومینٹریز بھی بنائی جا چکی ہیں۔

ملک عطا محمد سنہ 1990 سے 1993 تک اسلامی جہوری اتحاد  سے پنجاب اسمبلی کے رکن رہے (فوٹو: ایکس)ملک محمد عطا پاکستان کے سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کے 1998 میں نشر ہونے والے  ڈرامہ سیریل ’الفا براوو چارلی‘ اور 2017 میں نشر ہونے والے ’ورنہ‘ میں  بھی دکھائی دیے تھے۔

آخری عمر میں بھی اپنی مصروفیات اور بڑھاپے کے باوجود ملک عطا نے ٹینٹ پیگنگ اور گھڑ سواری کے کھیلوں میں شرکت جاری رکھی۔

پرنس ملک عطا محمد اپنی عمر کے آخری ایام میں اکثر مقامی اور بین الاقوامی تقریبات میں نوجوان گھڑ سواروں کی حوصلہ افزائی کرتے اور پاکستان میں گھڑ سواری کی ثقافت کو فروغ دیتے دکھائی دیتے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More