یوراج کا کیریئر تباہ کرنے پر دھونی کو کبھی معاف نہیں کروں گا: یوگ راج سنگھ

اردو نیوز  |  Sep 02, 2024

سابق انڈین کرکٹر یوراج سنگھ کے والد یوگ راج سنگھ ایک مرتبہ پھر انڈین ٹیم کے سابق کپتان ایم ایس دھونی پر پھٹ پڑے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق یوگ راج سنگھ جو خود انڈین کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں، ایم ایس دھونی کو ان کے بیٹے یعنی یوراج سنگھ کے کیریئر کو تباہ کرنے کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔

لفظی گولہ باری کے تازہ حملے میں حال ہی میں یوگ راج نے کہا ہے کہ وہ دھونی کو کبھی زندگی میں معاف نہیں کریں گے۔

یوگ راج سنگھ کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

سوئچ نامی یوٹیوب چینل سے بات چیت کے دوران یوگ راج کا کہنا تھا کہ ’میں ایم ایس دھونی کو کبھی معاف نہیں کروں گا، وہ اپنے آپ کو ایک دفعہ آئینے میں ضرور دیکھے، وہ بہت بڑا کھلاڑی ہے نا لیکن اس نے میرے بیٹے کے خلاف جو کچھ کیا تھا، وہ سب اب باہر آرہا ہے، اُس (ایم ایس دھونی) نے جو کیا ہے نا وہ کبھی زندگی میں معاف نہیں کیا جا سکتا۔‘

یوگ راج سنگھ کا اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ’میں نے زندگی میں دو کام کبھی نہیں کیے، ایک تو میرے ساتھ جس نے کچھ غلط ہو اسے کبھی معاف نہیں کرتا اور دوسرا جن لوگوں نے میرے ساتھ بُرا کیا میں نے کبھی پھر دوبارہ انہیں گلے سے نہیں لگاتا۔‘

یاد رہے کہ یہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ جب یوراج سنگھ کے والد کی جانب سے ایم ایس دھونی کو تنقید اور الزامات کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

اس سے قبل 66 سالہ یوگ راج سنگھ نے چنئی سُپر کنگ کے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سیزن 2024 کا فائنل ہار جانے پر کہا تھا کہ ’یہ سی ایس کے کو دھونی کے گناہوں کی سزا ملی ہے۔‘

ان کی جانب سے دھونی پر یوراج سے حسد کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More