ہانگ کانگ کے بولر ٹی20 کی تاریخ میں چار میڈن اوورز کروانے والے پہلے ایشین کرکٹر بن گئے

اردو نیوز  |  Sep 02, 2024

ہانگ کانگ کے فاسٹ بولر آیوش شکلا ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں چار میڈین اوورز کروانے والے تیسرے بولر بن گئے ہیں۔

سپورٹس ویب سائٹ کرکٹ ڈاٹ کوم کے مطابق آیوش چار میڈن اوورز کروانے والے پہلے ایشین کرکٹر ہیں۔ 

31 اگست سنیچر کو کوالالمپور کے بایوماس اوول میں کھیلے جانے والے آئ سی سی ٹی20 ورلڈ کپ ایشیا کوالیفائر میں آیوش نے منگولیا کے خلاف چار اوورز کروائے اور بغیر کوئی رنز دیے ایک وکٹ بھی حاصل کی۔

آیوش شکلا سے قبل صرف دو ٹی20 کرکٹرز چار میڈن اوورز کروانے کے ریکارڈز بنا چکے ہیں جن میں کینیڈا کے سعد بن ظفر اور نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن شامل ہیں۔ 

سعد بن ظفر نے سنہ 2021 میں پانامہ کے خلاف 4-4-0-2 کے اعداد و شمار حاصل کیے تھے جبکہ فرگوسن نے اس سال کے آغاز میں ٹی20 ورلڈ کپ کے پاپوا نیو گنی کے خلاف 4-4-0-3 کے اعداد و شمار حاصل کیے تھے۔

21 سالہ آیوش شکلا نے اپنے کیریئر میں 34 ٹی20 میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے 8.62 کی اکانومی کے ساتھ 29 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سنہ 2023 میں کمبوڈیا کے خلاف انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3-1-3-1 کا سپیل کیا تھا۔ ایشیا کپ 2022 میں شکلا نے  انڈین کپتان روہت شرما کی وکٹ بھی لی تھی۔

ہانگ کانگ اور منگولیا کے درمیان میچ کے دوران مزید دو ریکارڈز بھی بنے، جن میں ٹی20 کی تاریخ کا تیسرا تیز ترین رنز کا تعاقب اور ٹی20 کی تاریخ کا تیسرا کم ترین ٹوٹل بھی شامل تھے۔ 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More