پیرس اولمپکس: آسٹریلوی ہاکی پلیئر مبینہ طور پر کوکین خریدنے کے الزام میں گرفتار

اردو نیوز  |  Aug 07, 2024

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری اولمپکس کے عالمی مقابلوں کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے کہ آسٹریلیا کی ہاکی ٹیم کے ایک کھلاڑی کو مبینہ طور پر کوکین خریدنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اے بی سی نیوز کے مطابق ایک آسٹریلوی ہاکی پلیئر پیرس میں مبینہ طور پر کوکین خریدنے کے الزام میں فرانس کی تحویل میں ہے۔

پیرس پبلک پراسیکیوٹر نے اس بات کی تصدیق کی کہ 28 برس کے آسٹریلوی کو منگل کی شام کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب پولیس نے اسے قابل اعتراض مواد خریدتے ہوئے پایا۔

آسٹریلوی ہاکی پلیئر پر ابھی تک کوئی دفعہ نہیں لگائی گئی۔

دوسری جانب آسٹریلین اولمپکس کمیٹی (اے او سی) نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آسٹریلوی ہاکی ٹیم کے رکن کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اے او سی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’آسٹریلین اولمپک کمیٹی اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ 6 اگست کو گرفتار ہونے کے بعد آسٹریلوی ہاکی ٹیم کا کھلاڑی تحویل میں ہے۔ ابھی تک کھلاڑی پر کوئی دفعہ نہیں لگائی گئی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اے او سی کی جانب سے لگاتار پوچھ گچھ جاری ہے اور ٹیم کے رکن کے لیے مدد تیار کی جا رہی ہے۔‘

پیرس کے پراسیکیوٹر آفس کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کھلاڑی کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب انہیں پولیس اہلکاروں نے کوکین خریدتے ہوئے دیکھا۔

خیال رہے کہ ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ گرفتاری آسٹریلیا کی خواتین ہاکی ٹیم کی رکن کی ہوئی ہے یا مردوں کی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More