"وہ جنت سے بھیجا گیا ایک فرشتہ تھا جو بہت تھوڑے وقت کے لیے آیا. زاویار کے انتقال نے میرے کام کو بہت متاثر کیا"
یہ کہنا ہے نامور ماڈل اور اداکار عماد عرفانی کا جن کے اکلوتے بیٹے زاویار عرفانی کا انتقال گزشتہ برس مئی میں ہوا تھا. عماد بیٹے کے انتقال کے بعد کافی عرصے تک شوبز اور میڈیا سے دور رہے.
حال ہی میں سمتھنگ ہاٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے عماد نے کم سن بیٹے کے اچانک انتقال پر بھی گفتگو کی.
عماد عرفانی کا کہنا تھا کہ زوایار کے دنیا میں آنے کے بعد مجھے اپنی زندگی کا مقصد سمجھ آیا اور میں نے بہت کچھ سیکھا اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ سچی غیر مشروط محبت کی طاقت ہے کہ آپ بہتر ہو جاتے ہیں. آپ خود پر کام کرتے ہیں کیونکہ دوسرے آپ پر انحصار کرتے ہیں.
"بیٹے کے انتقال کے بعد میں بہت تبدیل ہوگیا ہوں اس کی موت کے بعد زندگی کے بارے میں میرا نقطہ نظر بدل گیا ہے۔ یہ ایک بہت بڑا دھچکا ہے اور یہ زخم کبھی بھر نہیں پائے گا لیکن انسان کے پاس حقیقت کو تسلیم کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے. میں اس بات کو مانتا ہوں کہ یہ سوچ کے مت رو کہ یہ ختم ہوگیا بلکہ یہ سوچ کر مسکرا دو کہ یہ ہوا تھا"