افغانستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ افغان کرکٹ ٹیم پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کرے گی۔پیرکو افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین میرویس اشرف اور سی ای او نصیب خان نے کولمبو میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سالانہ بورڈ اجلاس میں شرکت کی۔آئی سی سی اجلاس میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے افسران کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات بھی ہوئی جس میں افغانستان کی چیمئنز ٹرافی میں شرکت کی تصدیق کی گئی۔پاکستان سال 2025 کے فروری اور مارچ سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے جا رہا ہے اور افغانستان پہلی مرتبہ اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے گا۔افغانستان کرکٹ بورڈ کی تصدیق سے پہلے افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ امکانات ہیں افغانستان کرکٹ ٹیم چئمپئنز ٹرافی کا حصہ نہیں بنے گی۔واضح رہے تاحال انڈین کرکٹ ٹیم نے بھی پاکستان آنے کا اعلان نہیں کیا جبکہ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کا بجٹ بھی منظور کر دیا ہے۔افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اے سی بی ممکنہ طور پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پر مشتمل یوتھ ٹرائی سیریز کے انعقاد کا منصوبہ بھی بنا رہا ہے۔ یہ اقدام نوجوانوں میں کرکٹ کی دلچسپی کو بڑھانے کے لیے ایک حکمت عملی کا حصہ ہے۔مزید برآں، اے سی بی کی پریس ریلیز میں افغان اے ٹیم کے بنگلہ دیش اور زمبابوے کے دوروں پر بھی روشنی ڈالی گئی، جن کی تاریخوں اور مقامات کی تفصیلات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔