حال ہی میں ہونے والی بھارتی کرکٹر ہاردیک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ کی طلاق نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا تھا، اسٹار جوڑی کی علیحدگی پر جہاں سب افسردہ ہیں وہیں لوگ اس پر تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
اور اب بالی ووڈ کے معروف فلمساز رام گوپال ورما نے بھی ہاردیک اور نتاشا کی طلاق کے اعلان کے فوراً بعد شادیوں اور طلاق کے بارے میں پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، رام گوپال ورما نے ایکس پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ، "شادیاں جہنم اور طلاقیں جنت میں بنائی گئی ہیں۔"
انہوں نے اپنے پیغام میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ، "مجھے حیرت ہے کہ کیا آج کل شادیاں حقیقت میں اتنی دیر تک چلتی ہیں، جتنے دن والدین کو بچوں کی شادی کرنے میں لگتے ہیں؟"
ان کا کہنا تھا کہ، "اگر بڑھاپے میں دیکھ بھال کرنے کے لیے ہی شادی کرنی ہے تو اس سے اچھا ہے کہ ایک تنخواہ والی نرس رکھ لیں، نرس آپ کی دیکھ بھال تنخواہ کے لیے اور نوکری کے طور پر کرے گی جبکہ ایک بیوی بوڑھے آدمی کو ہمیشہ کے لیے مجرم محسوس کرے گی۔"
رام گوپال ورما نے شادیوں پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ، "محبت اندھی ہوتی ہے جبکہ شادی آنکھ کھول دینے والی چیز ہے۔ میری نظر میں ایسے والدین بڑے بے وقوف ہوتے ہیں جو غربت کے باوجود ساری عمر پیسہ جوڑتے ہیں اور اپنی ساری جمع پونجی بچوں کی شادی میں لگا دیتے ہیں۔"