’شاور میں پش اپس، رات دو بجے برفیلے پانی میں نہانا۔۔۔‘ رونالڈو کی وہ خوبیاں جو انھیں ایک عظیم فٹبالر بناتی ہیں

بی بی سی اردو  |  Jul 06, 2024

Getty Images

فٹبال کے ٹورنامنٹ یورو 2024 میں فرانس کے خلاف پرتگال کی شکست کے باوجود ٹیم کے مینیجر کا کہنا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کے انٹرنیشنل کیریئر میں مستقبل کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

39 سالہ رونالڈو نے سلووینا اور فرانس کے خلاف دونوں میچوں میں ہر منٹ کھیلا اور بظاہر ان کی فٹنس میں کوئی کمی نہیں ہے۔

مجھے ہمیشہ ہنسی آتی ہے جب میں کرسٹیانو رونالڈو کے متعلق ایسی باتیں یا افواہیں سنتا ہوں کہ پرتگال کی ٹیم کے لیے ان کی موجودگی کتنی مشکل ہے کیونکہ یہ سب محض کہانیاں ہی ہیں۔

میں نے ان کے ساتھ قومی ٹیم میں بہت سال اکٹھے گزارے ہیں اور میں نے ان میں کوئی مسائل نہیں دیکھے۔ جو میں جانتا ہوں وہ یہ ہے کہ وہ نہ صرف بذات خود ایک پیشہ ور کھلاڑی ہیں بلکہ وہ ٹیم میں بھی سب کی مدد کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

اگر آپ صرف ان کی ذات کا مشاہدہ ہی کر لیں تو آپ کو پتا لگ جائے گا کہ کامیاب ہونے کے لیے آپ کو کس چیز کی ضرورت ہے۔ لیکن اگر آپ ان کے ساتھ ہو تو پھر آپ کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کو مل سکتا ہے۔

وہ پرتگال کی ٹیم کے کپتان اور باتونی انسان ہیں جو بہت باتیں کرتے ہیں لیکن فٹبال گراؤنڈ میں اور اس کے باہر انھوں نے ہمیشہ ایک مثال قائم کی ہے۔

لہذا جب وہ دوسروں سے پہلے جم جاتے ہیں یا فزیوتھراپی کرتے ہیں اور اپنے جسم اور ذہن کو کھیل کے لیے تیار کرتے ہیں تو وہ اپنے ساتھ دوسروں کو بھی ایسا کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔

وہ ایسی سرگرمیوں میں آگے بڑھ کر حصہ لیتے اور ہم سب ان کی تقلید کرتے۔ مجھے یاد ہے کہ ہم سب صرف ان کی وجہ سے رات کے دو بجے برفیلے پانی سے نہاتے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ہماری جسمانی بحالی میں بھی مدد کرتے۔ مگر اس سب میں یہ بات اہم ہے کہ ہم سب یہ کام ایک ساتھ کر رہے ہوتے تھے۔ یعنی پورا سکواڈ ایک ساتھ شامل ہوتا۔

وہ ٹیم میں ایک نیا جذبہ پیدا کرتے اور میں نے ہمیشہ اسے کھیل کے ایک بہترین کھلاڑی سے سیکھنے کے موقع پر طور پر دیکھا ہے۔ آج کل کے کھیل میں آپ کے پاس کھیل سے متعلق معلومات اور ڈیٹا تک رسائی بہت آسان ہے اور کھلاڑی اپنی تحقیق بھی کرتے ہیں کہ کیا ان کے لیے کارگر ہے اور کیا نہیں۔

لیکن کرسٹیانو کے پاس یہ صلاحیت ہے کہ وہ اس کے لیے دنیا کے بہترین ماہرین سے بات کر سکتے ہیں اور ان کی اچھی بات یہ ہے کہ وہ یہ معلومات دوسروں کے ساتھ بانٹنا پسند کرتے ہیں۔ وہ ہر اس چیز پر بات کرتے ہیں جو آپ ان سے پوچھتے ہیں کیونکہ وہ آپ کو اور ٹیم کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اور اس سے ٹیم میں ایک اچھا ماحول بنتا ہے۔

Getty Images’وہ کھلاڑی جو ہر وقت جیتنا چاہتا ہے‘

میں کرسٹیانو کو کافی عرصے سے جانتا ہوں، ہم نوعمری سے ایک ساتھ کھیل رہے ہیں۔ اور اس نے ہمیشہ بہترین بننے کی خواہش ظاہر کی۔

وہ ہمیشہ اپنے عمر سے بڑی عمر کے لوگوں کے ساتھ کھیلا ہے اسی لیے جب وہ صرف 16 برس کا تھا تو وہ میرے ساتھ انڈر 17 کی ٹیم میں شامل تھا۔ اس وقت بھی اس میں بہت ٹیلنٹ تھا اور سب نے ان کا ٹیلنٹ دیکھ کر کہا تھا کہ اس میں کچھ خاص ہے۔

اگر ان کی صلاحیت کی بات کی جائے تو وہ بہت مصبوط اعصاب والا ذہین کھلاڑی ہے۔ میں نے اسے بہت مرتبہ جم میں ٹریننگ کے بعد جب باقی سب گھر چلے جاتے تھے مزید بہتر اور چست ہونے کے لیے کوشش کرتے دیکھا ہے۔

وہ ہمیشہ جتینا چاہتے ہیں۔ ان کی اتنی مسابقتی شخصیت ہے کہ وہ ہمیں کہتے تھے کہ وہ ٹریننگ کے بعد نہانے کے دوران ہم سے زیادہ پش اپ کرے گے اور وہ ایسا کرتے بھی تھے۔

یہ جذبہ ان کی شخصیت کا حصہ ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ وہ 39 برس کی عمر میں بھی یورو 2024 میں پرتگال کی ٹیم کا حصہ ہیں۔ وہ ایک ایسے کھلاڑی ہیں جو صرف جیتنا اور جیتنا چاہتے ہیں۔ وہ نہ صرف سب سے بہتر ہیں بلکہ وہ یہ ثابت بھی کرنا چاہتے ہیں۔

اپنے آپ کو بہتر سے بہتر بنانے کی سوچ رکھنا اور خود کو اس جانب دھکیلنا بہت ہی مشکل اور حیران کن ہے کیونکہ اس کے لیے آپ کو بے حد محنت کرنی پڑتی ہے تاکہ اس سطح تک آ سکیں جہاں وہ اتنے برسوں سے ہیں۔

یہ صرف کرسٹیانو ہی ہیں جنھیں اعصابی طور پر ہرانا ناممکن ہے اسی لیے انھوں نے بہت سے مقابلے جیتے ہیں اور بہت کچھ حاصل کیا ہے اور جو چیز ان کو بہترین کھلاڑی اور ایک اچھا انسان بناتی ہیں تو میں کہوں گا کہ یہ ان کی جسمانی و ذہنی طاقت ہے۔

Getty Images’ہم پاگلوں کی طرح ٹریننگ کر رہے تھے‘

میں پرتگال کی ٹیم میں کچھ دیر سے شامل ہوا تھا، میں اس وقت تقریباً 31 برس کا تھا جب مجھے سنہ 2014 میں ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن اگلے آٹھ برسوں کے دوران میں نے کرسٹیانو کے ساتھ شاندار وقت گزارا۔

میری ان کے ساتھ کچھ بہت اچھی یادیں ہیں لیکن ان میں سے سب سے زیادہ اچھی یاد وہ ہے جب 2016 میں پرتگال نے یورو کپ جیتا تھا۔

آپ کو یاد ہو گا کہ ہم نے اس ٹورنامنٹ کا آغاز کیسے کیا تھا کہ ابتدا میں ہی ہمارے گروپ میں شامل آئس لینڈ، آسٹریا اور ہنگری کے ساتھ میچ ڈرا ہو گئے تھے۔

ہنگری کے ساتھ مقابلہ ڈرا ہونے کے بعد ہمیں علم تھا کہ ہم تیسرے نمبر پر ہیں۔ لیکن ہم سے ناخوش تھے اور اس وقت صرف کرسٹیانو ہی نہیں بلکہ ہم سب ایک دوسرے سے کہہ رہے تھے کہ ہمیں بہتر کارکردگی کے لیے کیا کرنا چاہیے۔

اور ہمارے ایک ساتھ ہونے کی وجہ سے ہی ہم یہ ممکن کر پائے تھے اور آپ یقین نہیں کرے گے کہ ہم نے کس حد تک ٹریننگ اور محنت کی تھی۔ ہم ٹریننگ کے دوران بھی ایک دوسرے کے ساتھ میچ کھیلتے تھے۔

اور وہ کھلاڑی جنھیں اس وقت تک میچز میں کھلایا نہیں گیا تھا وہ پاگلوں کی طرح ٹریننگ کر رہے تھے اور اس بات کو یقینی بنا رہے تھے کہ جب بھی انھیں کھیلنے کے لیے کہا جائے تو وہ تیار ہو۔

آپ کسی بھی ٹورنامنٹ میں آگے اس وقت ہی جا سکتے ہیں اگر آپ کا پورا سکواڈ اس طرح کی سوچ رکھتا ہو اور یہ اجتماعی سوچ تھی۔

جیسے جیسے ہم ٹورنامنٹ کے دوران ٹاک آؤٹ مرحلے تک پہنچے ہمارا اعتماد اور یقین مزید بڑھ گیا تھا اور پھر فائنل میں ہم نے فرانس کو شکست دے کر اس کو انجام تک پہنچایا۔

حتیٰ کہ تب بھی ہمارا کھیل ہمارے پلان کے تحت نہیں تھا، کیونکہ کرسٹیانو کے ٹیم میں ہونے سے اس بات کا احساس رہتا تھا کہ ہم کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں لیکن وہ پہلے زخمی ہو گئے تھے۔

اس کے بعد ٹیم میں سب ایک ساتھ اکٹھے ہوئے اور کہا کہ ’یہ مشکل ہے لیکن ہم یہ کر سکتے ہیں اگرچہ یہ بہت مشکل تھا لیکن ہم نے کر دکھایا۔‘

’رونالڈو کو گول کے لیے صرف مناسب وقت درکار ہے‘

وہ بہت ہی اچھا وقت تھا اور میں امید کرتا ہوں کہ اس بار بھی پرتگال کے لیے ایسا ہی نتیجہ آئے کیونکہ ان کی ٹیم بہت اچھی ہے۔

میں نے جرمنی میں کرسٹیانو کو کھیلتے ہوئے دیکھا ہے اس سے میں یہ کہہ سکتا ہو کہ وہ پرتگال کو جیتانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

گروپ مرحلے کے میچز میں ان کی کھیل میں موومنٹ اچھی رہی ہے، وہ اچھے موقع بناتے رہے ہیں یا انھیں تقریبا کچھ موقع حاصل ہوئے۔ میں جانتا ہوں کہ وہ کبھی کبھی گول کرنے سے زیادہ دوسروں کو پاس دے کر کھیلنے اور ان کی مدد کرنے میں اچھا محسوس کرتے ہیں۔ لہذا میرے لیے اس وقت کوئی حیرانی کی بات نہیں تھی جب انھوں نے ترکی کے خلاف تیسرے گول کے لیے خود شوٹ لگانے کی بجائے برونو فرنینڈس کو پاس دیا۔

وہ کھیل میں ہر جگہ شامل رہے ہیں، وہ دفاع کرنے کے دوران اور پاس دینے میں بھی مدد کرتے ہیں۔ یقیناً وہ خود بھی گول کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ لمحہ بھی آئے گا بس کچھ وقت کی بات ہے۔

Getty Imagesپرتگال کی پہچان رونالڈ ٹیم میں کتنے اہم؟

مجھ سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ پرتگال کے لیے کرسٹیانو رونالڈ کتنے اہم ہیں؟ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ جو کچھ انھوں نے حاصل کیا ہے وہ نہ صرف ہمارے بہترین کھلاڑی ہیں بلکہ وہ سب سے بہترین کھلاڑی ہیں۔

وہ صرف پرتگال کی ٹیم کے ایک کھلاڑی ہی نہیں بلکہ وہ پرتگال کے پرچم کی پہچان ہیں۔ دنیا میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے کھلاڑی جنھیں دنیا بھر میں لوگ جانتے ہیں۔

قومی سکواڈ میں ان کے ساتھ رہنا بہت اچھا تجربہ تھا کیونکہ ہم جب بھی جہاں بھی جاتے سب ان کے پاس آ جاتے۔ ہر کوئی ’رونالڈو، رونالڈو‘ چیخ رہا ہوتا۔ مگر ہم سب کو کوئی نہیں پوچھتا تھا اور کسی کو ہماری پرواہ ہی نہیں تھی۔

شہرت کے دو رخ ہوتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ کرسٹیانو کے لیے بھی اس سب کا سامنا کرنا آسان نہیں ہے کیونکہ وہ کہیں جا نہیں سکتے لیکن انھوں نے اس چیز کو کبھی خود پر یا ہم پر اثر انداز ہونے نہیں دیا۔

میں بہت خوش ہو کہ وہ اب بھی پرتگال کی ٹیم کا حصہ ہیں اور اپنے آپ کو مزید ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس ان اور پیپ جیسے بڑے کھلاڑی ہیں جو سب کچھ جیت چکے ہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کر رہے ہیں کیونکہ ان کے لیے یہ سب جاننا بہت اہم ہے۔

ہماری ٹیم میں صلاحیت ہے لیکن ہمیں اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ نئے کھلاڑی ان پرانے کھلاڑیوں کے اقدار کو آگے لے کر چلیں تاکہ اس ٹورنامنٹ اور ا سکے بعد بھی ٹیم کا ماحول اتنا ہی اچھا رہے۔

فٹبال میں سب سے اہم بات یہ ہوتی ہے کہ ایک متحد ٹیم ہو جو ایک اکائی کے طور پر کھیل میں دفاع یا حملہ کرے۔ اگر آپ میں وہ جذبہ ہے، وہ اتحاد ہے اور لڑنے کی جستجو ہے تو آپ کے پاس ہمیشہ جیت کا موقع ہوتا ہے۔

جوز فونٹے برلن میں بی بی سی سپورٹس کے کرس بیون سے بات کر رہے تھے۔

شاہ سلمان کلب کپ: ’النصر نے کبھی یہ کپ نہیں جیتا تھا اور پھر رونالڈو ٹیم میں آئے‘رونالڈو کی سعودی کلب میں شمولیت: ’انھیں ہر دن کے ساڑھے پانچ لاکھ یورو ملیں گے‘خصوصی سِم کارڈ، ریشمی قالین اور پرتپاک استقبال: رونالڈو کی ایران آمد پر جشن بھی، تنازع بھیرونالڈو کی ’معمولی سی حرکت‘ اور کوکا کولا کو چار ارب ڈالر کا نقصان
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More